جشن شندور کا آغاز ۲۰ جون سے، اختتامی تقریب ۲۲ جون کو منعقد ہوگی
جشن شندور کا آغاز ۲۰ جون سے، اختتامی تقریب ۲۲ جون کو منعقد ہوگی
اپر چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) دنیاکی بلندترین پولو گراونڈ شندور میں منعقد ہونے والے فیسٹول کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، چترال اور گلگت کی طرف سے گھوڑے اور کھلاڑی شندور پہنچ چکے ہیں، 20 جون 2025 سے شروع ہونے والے شندور فیسٹول کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر اپر چترال ، ڈپٹی کمشنر لوئیر چترال اور ڈپٹی کمشنر غزر گلگت بلتستان میں الگ الگ اجلاس منعقد ہوئے جن میں جشن شندور کو شایان شان طریقے سے منانے اور ان کو کامیاب بنانے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔
میٹنگ میں بتایا گیا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی جشن شندور بڑی دھوم دھام سے منائی جائے گی اور اس اہم نوعیت کے حامل ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لئے ہر ادارے کو کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔
شندور فیسٹول کے میزبان ڈپٹی کمشنر اپرچترال نے شراکاء کو بتایا کہ ہمیں ایک ٹیم بن کر اس ایونٹ کو کامیاب بنانا ہے جس کے لئے ہر ادارے کو خصوصی طور پر کردار ادا کرنا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے جشن کو منانے کے حوالے سے اب تک کے پیش رفت اور تیاریوں کے حوالے سے شراکاء کو آگاہ کیا۔
میٹنگ میں لائن ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان کو ان کے ڈیپارٹمنٹ سے متعلق مختلف زمہ داریاں سونپی گئیں اور انہیں ہدایت کی گئی کہ اپنے متعلقہ زمہ داریوں کو ہر صورت پائہ تکمیل تک پہنچانے ہونگے تاکہ شندور فیسٹول کامیاب طریقے سے اختتام کو پہنچ سکے۔
دریں اثنا چترال اور گلگت سائیڈ سے سیاح شندور پہنچنا شروع ہوگئے ہیں، فیسٹول ۲۰جون سے شروع ہوگا اور اختتامی تقریب ۲۲ جون کو منعقد ہوگی۔
فیسٹول میں چترال اور گلگت بلتستان کی پولو ٹیمیں مد مقابل ہونگے، جہاں فری سٹال پولو کے چھ میچز ہونگے، اور فائنل میچ ۲۲ جون کو چترال اے اور گلگت اے کے درمیان کھیلا جائیگا، اس فیسٹول کو دیکھنے کیلئے سالانہ تیس سے پچاس ہزار تماشائی شرکت کرتے ہیں۔
فیسٹول کی تاریخ کو دیکھا جائے تو فائنل تقریب کیلئے سربراہان مملکت شرکت کرتے آئے ہیں، جن میں جنرل ضیا الحق، بے نظیر بھٹو، جنرل مشرف سرفہرست ہیں، اس مرتبہ بھی علاقے کے عوام اس تواقع کا اظہار کررہے ہیں کہ وزیراعظم پاکستان شندور میں مہمان خصوصی شرکت کرینگے، تاہم ابھی تک وزیراعظم کی آمد کے حوالے سے کوئی حتمی خبر موصول نہیں ہوئی ہے، تاہم وزیراعلیٰ جی بی اور خیبرپختونخوا کی آمد متوقع ہے۔