Chitral Times

May 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وفاقی کابینہ نے ریونیو ڈویڑن کی سفارش پر ایف بی آرکی تنظیمِ نو اور ڈیجیٹائزیشن اور وفاقی ٹیکس پالیسی بورڈکی تشکیل کی منظوری دیدی

Posted on
شیئر کریں:

وفاقی کابینہ نے ریونیو ڈویڑن کی سفارش پر ایف بی آرکی تنظیمِ نو اور ڈیجیٹائزیشن اور وفاقی ٹیکس پالیسی بورڈکی تشکیل کی منظوری دیدی

اسلام آباد( چترال ٹائمز رپورٹ )وفاقی کابینہ نے ریونیو ڈویڑن کی سفارش پر ایف بی آر کی تنظیمِ نو اور ڈیجیٹائزیشن اور وفاقی ٹیکس پالیسی بورڈ کی تشکیل کی منظوری دے دی جبکہ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ہدایت کی ہے کہ کابینہ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں اصلاحات کے حوالے سے تمام درکار ضروری قانون سازی کے لئے مسودہ آئندہ منتخب پارلیمنٹ کو منظوری کے لئے پیش کیا جائے۔منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس یہاں منعقد ہوا۔ وفاقی کابینہ نے ریونیو ڈویڑن کی سفارش پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی تنظیمِ نو اور ڈیجیٹائزیشن کی منظوری دے دی۔ کابینہ کو23 جنوری2024 کے اجلاس میں قائم کردہ وزیر خزانہ کی سربراہی میں بین الوزارتی کمیٹی کی سفارشات پیش کی گئیں۔گذشتہ اجلاس میں منظوری کے لئے پیش کی جانے والی سمری میں سیر حاصل بحث کے بعد موثر ردو بدل کیا گیا اور یہ کابینہ اجلاس میں منظوری کے لئے پیش کی گئی۔ ان اصلاحات کی روشنی میں ریونیو ڈویڑن میں وفاقی ٹیکس پالیسی بورڈ تشکیل دیاجائے گا جو ملک میں ٹیکس پالیسی کی تشکیل، ریونیو کے اہداف کے تعین اور سٹیک ہولڈرز کے مابین تعاون کے فرائض سرانجام دے گا، فیڈرل پالیسی بورڈ کی سربراہی وفاقی وزیر خزانہ کریں گے۔تنظیم نو کے نتیجے میں کسٹمز اور ان لینڈ ریونیو کے اداروں کو علیحٰدہ کرکے ان کی سربراہی متعلقہ کیڈر کے ڈائریکٹر جنرلز کریں گے،

 

متعلقہ ڈائریکٹر جنرلز کو اپنے اپنے اداروں کے انتظامی، مالی اور آپریشنل امور کے حوالے سے مکمل اختیار ہوگا، دونوں ڈائریکٹر جنرلز اپنے اپنے اداروں کی ڈیجیٹائزیشن، شکایات کے ازالے اور شفافیت کے حوالے سے بین الاقوامی سطح پر رائج بہترین اقدامات کا نفاذ یقینی بنائیں گے۔کسٹمز اور ان لینڈ ریونیو کے لئے الگ الگ اوور سائیٹ بورڈز ہوں گے،خزانہ، ریونیو، تجارت کے وفاقی سیکرٹری صاحبان، چیئرمین نادرا اور متعلقہ شعبوں کے ماہرین ان کے ارکان ہوں گے جبکہ وزیر خزانہ سربراہ ہوں گے۔ نگران وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ ان بورڈز میں نجی شعبے سے ماہرین کی تعیناتی کے وقت یہ امر یقینی بنایا جائے کہ مفادات کا تصادم نہ ہو۔وزیراعظم نے یہ بھی ہدایت کی کہ کابینہ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں اصلاحات کے حوالے سے تمام درکار ضروری قانون سازی کے لئے مسودہ آئندہ منتخب پارلیمنٹ کو منظوری کے لئے پیش کیا جائے۔نگران وزیراعظم اور وفاقی کابینہ نے وزیر خزانہ، چیئرمین ایف بی آر اور متعلقہ حکام کی ان اصلاحات کی تیاری کے لئے انتھک محنت اور کوششوں کو سراہا۔وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے قانونی امور کے 26 جنوری 2024 کو منعقد ہونے والے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی تاہم کابینہ نے وزارت آبی ذخائر کی سفارش پر پیش کردہ ارسا ایکٹ 1992 میں ترامیم پر فیصلے کی توثیق مؤخر کرکے اس حوالے سے سیرحاصل بحث کے بعد وفاقی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں منظوری کے لئے پیش کرنے کی ہدایت کی۔

 

 

ریسکیو 1122 کی ٹیم لواری ٹنل میں برفباری میں آنے والے سیاحوں اور مقامی افراد کو خدمات فراہم کرنے کیلئے موجود ہے۔ انتظامیہ

دیر اپر (چترال ٹائمزرپورٹ) صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ دیر بالا کی ہدایات پر ریسکیو 1122 کی ٹیم لواری ٹنل میں برفباری میں آنے والے سیاحوں اور مقامی افراد کو خدمات فراہم کرنے کیلئے موجود ہے۔ ریسکیو 1122 کی جانب سے برفباری میں سیاحوں کو کسی بھی ایمرجنسی بالخصوص سڑک پر پھسلن اور برف میں پھنسنے والی گاڑیوں کو نکال کر ٹریفک بحال کرنا،سیاحوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنا اور کسی بھی قسم کی ایمرجنسی کے دوران بروقت خدمات فراہم کرنا ہے۔

 

chitraltimes chitral weather snowfall upper chitral lowari dir side

ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عرفان نے اپر چترال کو جانے والی سڑکوں کا جائزہ لیا۔

چترال (چترال ٹائمز رپورٹ) ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عرفان نے اپر چترال کو جانے والی سڑکوں کا جائزہ لیا۔ حالیہ برفباری سے اپر چترال کے مختلف علاقوں کو ملانے والی سڑکوں کی بندش کا اندیشہ ظاہر کیا جارہا تھا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر مستوج شاہ عدنان، مصباح الدین تحصیل میونسپل آفسر مستوج اور ضیاء اللہ سب ڈویژنل افسر سی،اینڈ،ڈبلیو مستوج بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے تورکہو، موڑکہو اور مستوج کو جانے والی مین اور لنک روڈز کا جائزہ لیا اور ٹریفک کی روانی کا اندازہ لگایا۔ ڈپٹی کمشنر نے ایگزیکٹو انجینئر سی،اینڈ،ڈبلیو اپر چترال، تحصیل میونسپل آفسر مستوج/موڑکہو/تورکہو اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اپر چترال کو سڑکوں کے حوالے سے محتاط رہنے اور یارخون بروغل، تریچ، ریچ، کھوت،اویر اور مڑپ کی بند سڑکوں کو فوری کھولنے کی ہدایت کی۔

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
84768