Chitral Times

Apr 16, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

جشن شندورحوالے مشاورتی اجلاس، شایان شان طریقے سے منانے کا عزم

Posted on
شیئر کریں:

چترال (محکم الدین) جشن شندور میں شرکت کرنے والے ملکی سطح کے مہمانوں کے استقبال اور چترال کے مسائل اُن کے سامنے پیش کرنے کیلئے ضلع ناظم چترال مغفرت شاہ اور چیرمین ڈیڈک وزیر زادہ کی دعوت پر مشاورتی اجلاس گورنر کاٹیج چترال میں منعقد ہوا۔ جس میں ایم پی اے چترال ہدایت الرحمن، مختلف پارٹیوں کے رہنماؤں، سول سوسائٹی کے نمایندگان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور پولو ایسوسی ایشن کے صدر وممبران نے شرکت کی۔

اجلاس میں اس بات پراتفاق کیا گیا۔ کہ شندور فیسٹول ثقافت کے علاوہ چترال کی تعمیرو ترقی کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ایونٹ ہے، اور چترال کی پارٹی قیادت نے اس کی اہمیت کے پیش نظر پارٹی سے بالا تر ہو کر ہمیشہ سے اس میں شرکت کرنے والے مہمانوں کا استقبال کیا۔ یہی وجہ ہے۔ کہ شندور کے میدان میں کئی میگا پراجیکٹس کے نہ صرف اعلانات ہوئے۔ بلکہ عملدر آمد بھی کئے گئے۔ اس لئے شندور پولو فیسٹول کو صرف کھیل نہیں چترال کی ترقی کا پلیٹ فارم سمجھتے ہیں۔ اس موقع پر ایم پی اے وزیر زادہ نے موجودہ حکومت کی طرف سے چترال کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور پراجیکٹس پر روشنی ڈالی ۔ اور کہا۔ کہ وہ سمجھتے ہیں۔ کہ چترال بھر میں الیکٹریفیکیشن، چترال ٹو بونی شندور روڈ کی تعمیر، کالاش ویلی اور گرم چشمہ روڈ اور چترال یونیورسٹی کے حوالے سے مطالبات شامل کئے جائیں۔ وزیر زادہ نے کہا۔ کہ امسال شندور فیسٹول کو بہتر طور پر منا کر ہم سیاحت کو ترقی دینے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ شندور ایک اپرچونٹی ہے۔ جس سے ہمیں فائدہ اُٹھا نا چاہیے۔ ضلع ناظم نے اس امر کا اظہار کیا۔ کہ چترال گو کہ انتظامی طور پر تقسیم ہو چکا ہے۔ لیکن مسائل مشترک ہیں۔

چترال پر امن اور مہذب لوگوں کا ضلع ہے۔ اور اسکا ثبوت یہ ہے۔ کہ یہاں تمام مہمانو ں کا سب نے مل کر والہانہ استقبال کیا ہے۔ یہ مثال کسی اور ضلع میں نہیں مل سکتی۔ اجلاس میں اپر چترال اور لوئر چترال کے تمام مشترک اور انفرادی مسائل کا تذکرہ کیا گیا۔ جن میں بجلی، روڈز، تعلیم صحت، لینڈ سٹلمنٹ اور دیگر انفراسٹرکچر کے حوالے سے تجاویز شامل تھیں۔ تاہم متفقہ طور پر غیر حتمی ترجیحی مسائل کی فہرست میں چترال میں الیکٹریفیکیشن، چکدرہ چترال روڈ، بونی شندور روڈ کی تعمیر، چترال کی ترقی کیلئے سابقہ کی طرح ایریا ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کا قیام، سیاحت اور کاروباری ترقی کیلئے چترال سے خروگ (تاجکستان) فضائی سروس،آرمی نرسنگ کالج کا قیام، چترال کیٹگری بی ہسپتال کی تکمیل اور اپر چترال کیلئے اسپیشل پیکیج کے مطالبے پر اتفاق کیا گیا۔

اس سلسلے میں مزید مشاورت بھی کی جائے گی۔ اس موقع پر جشن شندور کو کامیاب کرنے کیلئے کشیدہ حالات کو بہتر بنانے کے سلسلے میں ضلع ناظم، ایم پی ایز ہدایت الرحمن اور چیر مین ڈیڈک وزیر زداہ نے اقدامات کا فیصلہ کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چترال ذاکر حسین جدون، رہنما پی ٹی آئی عبد اللطیف، امیر جے یو آئی مولانا عبد الرحمن، رہنما مسلم لیگ ن سید احمد خان، جنرل سیکرٹری پی پی پی محمد حکیم ایڈوکیٹ، قیم جماعت اسلامی فضل ربی، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن لوئر چترال خورشید حسین مغل، صدر تجار یونین چترال شبیر احمد، صدر چترال کمیونٹی ڈویلپمنٹ نیٹ ورک و چترال چیمبر سرتاج احمد خان، تحصیل نائب ناظم مستوج فخرالدین، صدر پولو ایسوسی ایشن شہزادہ سکندرالملک، صدر پریس کلب ظہیرالدین، کوثر ایڈوکیٹ، جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار اپر چترال ممتاز علی قاضی، صدر تریچ میر ڈرائیور یونین لوئر چترال صابر احمد و صدر اپر چترال مرسلین نے اپنی تجاویز پیش کیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
23585