Chitral Times

Apr 26, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبے میں پولٹری کی پیداوار بڑھانے کیلئے چیف منسٹر انٹگریٹڈ لائیوسٹاک ڈویلپمنٹ پروگرام پرجلددرآمد شروع کیاجایگا۔وزیراعلی

شیئر کریں:

صوبے میں پولٹری کی پیداوار بڑھانے کیلئے چیف منسٹر انٹگریٹڈ لائیوسٹاک ڈویلپمنٹ پروگرام پرجلددرآمد شروع کیاجایگا۔وزیراعلی

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں محکمہ لائیو سٹاک نے صوبے میں لائیوسٹاک کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور صوبے میں پولٹری، دودھ اور گوشت کی پیداوار کو بڑھانے کیلئے ایک اہم قدم کے طور پر چیف منسٹر انٹگریٹڈ لائیوسٹاک ڈویلپمنٹ پروگرام تیارکرلیا ہے جس پر عمل درآمد جلد شروع کیا جا ئے گا۔ یہ پروگرام پانچ سالوں پر محیط ہو گا جس کے تحت صوبے میں ڈیری پیداوار کو تجارتی پیمانے پر فروغ دینے کیلئے قلیل المدتی ، وسط المدتی اور طویل المدتی منصوبے شروع کئے جائیں گے ۔ اس پروگرام پر عمل درآمد پر 67 ارب روپے تخمینہ لاگت آئے گی ۔
یہ بات بدھ کے روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت محکمہ لائیوسٹاک کے ایک اجلاس میں بتائی گئی ۔ وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، سیکرٹری زراعت اسرار خان، سیکرٹری منصوبہ بندی شاہ محمود، ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک عالمزیب کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس کو چیف منسٹر انٹگریٹڈ لائیوسٹاک ڈویلپمنٹ پروگرام کے مختلف پہلوﺅں پر بریفینگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پروگرام کے تحت لائیوسٹاک کے 10 مختلف شعبوں میں قلیل المدتی ، وسط المدتی اور طویل المدتی منصوبے تجویز کئے گئے ہیں ۔ ان اقدامات میں پولٹری، گوشت اور دودھ کی پیداوار کو بڑھانے کے علاوہ جانوروں میںمنہ کھر کی بیماریوں کے موثر تدارک کیلئے اقدامات بھی شامل ہیں۔ پروگرام کے تحت ضم شدہ قبائلی اضلاع میں بھی ڈیری اور پولٹری پیداوار میں اضافے کیلئے خصوصی اقدامات اُٹھائے جائیں گے ۔ مزید بتایا گیا کہ ان قلیل المدتی اور طویل المدتی منصوبوں کے تحت پولٹری اور ڈیری پیداوار میں اضافے کیلئے مختلف قسم کے فارمز اور ماڈل میٹ آوٹ لیٹس اور ماڈل پولٹری میٹ آوٹ لیٹس کا قیام، موجودہ پولڑی فارمز کی بحالی ، کمرشل ڈیری فارمزکا قیام، ملک کلیکشن اینڈ مارکیٹنگ سنٹرز کے قیام کیلئے اقدامات تجویز کئے گئے ہیںجبکہ جانوروں کو منہ کھر کی بیماریوں سے بچانے کیلئے ویکسنیشن پروگرام کے اجراءکے علاوہ ایف ایم ڈی فری زونز بھی قائم کئے جائیں گے ۔ مزید بتایا گیا کہ ان اقدامات کے علاوہ محکمہ لائیوسٹاک کی استعدار کار میں اضافے کیلئے بھی اقدامات تجویز کئے گئے ہیں۔


چیف منسٹر انٹگریٹڈ لائیو سٹاک ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت مجوزہ منصوبوں اور اقدامات سے اتفاق کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو پروگرام پر عمل درآمد کیلئے ایک قابل عمل اور حقیقت پسندانہ پلان تیار کرنے کی ہدایت کی اور کہاکہ پروگرام پر بلاتاخیر عمل درآمد کیلئے تمام تر انتظامات کو بروقت حتمی شکل دی جائے ۔ اُنہوںنے کہاکہ صوبے کی زراعت کا 70 فیصد لائیواسٹاک پر مشتمل ہے اور اس کا براہ راست تعلق عام آدمی سے ہے ، اور اس شعبے کو ترقی دے کر لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے بے پناہ صلاحیت موجود ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ لائیوسٹاک کے شعبے کا فروغ صوبائی حکومت کی ترجیحات کا حصہ ہے اور صوبائی حکومت اس شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات اُٹھارہی ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ انٹگریٹڈ لائیو سٹاک ڈویلپمنٹ پروگرام کا مقصد صوبائی اور ملکی سطح پر پولٹری ، دودھ اور گوشت کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنا اور صوبے میں معیاری ڈیری پیداوار کو تجارتی پیمانے پر فروغ دے کر لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ اُنہوںنے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت اس مقصد کیلئے تمام تر دستیاب وسائل فراہم کرے گی ۔

وزیراعلیِ کا سینئر صحافی اور مصنف غلام اکبر کی وفات پر افسوس کا اظہار

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے سینئر صحافی اور مصنف غلام اکبر کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں وزیراعلیٰ نے غمزدہ خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہا رکرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دُعا کی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے صحافت اور ابلاغیات کے شعبے میں مرحوم کی گراں قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
58460