Chitral Times

Jan 28, 2022

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی نے 21 منصوبوں کی منظوری دیدی

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی نے خیبر پختونخوا کی ترقی کیلئے24,499.505ملین روپے لاگت کے21 منصوبوں کی منظوری دیدی ہے یہ منظوری ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ ترقی و منصوبہ سازی خیبر پختونخوا شکیل قادر خان کی صدارت منعقدہ اجلاس میں دی گئی جو منگل کے روزویڈیو لنک کے ذریعے منعقد ہوا۔ اجلاس میں پی ڈی ڈبلیو پی کے اراکین اور متعلقہ محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ پی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں صوبے کی ترقی کیلئے مختلف شعبوں بشمول کھیل و سیاحت، اعلیٰ تعلیم، ابتدائی و ثانوی تعلیم، سڑکوں، شہری ترقی اور ڈی ڈبلیو ایس ایس کے 24سکیموں پر غور و خوض کے بعد 21سکیموں کو منظور جبکہ3سکیموں کو منصوبوں کی دستاویزات /پی سی ون میں کمی کے باعث موٗخرکرکے مزید اصلاح کیلئے متعلقہ محکموں کو بھیج دی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق پی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں کھیل و سیاحت کے شعبے میں پاڑہ چنار میں جناح اسٹیڈیم میں سہولیات کی اپگریڈیشن و بحالی کی منظوری دی گئی۔اسی طرح جنگلات کے شعبے میں خیبر پختونخوا میں بلین ٹری شجرکاری پراجیکٹ (فیزIII) کی بھی منظوری جبکہ پانی کے شعبے میں ضلع صوابی میں ایریگیشن چینلز اور سیلاب سے بچاوٗ کیلئے بحالی و تعمیر کے کام اور ضلع صوابی بدری نالہ کے کناروں پر زرعی زمینوں /آبادی کو سیلاب سے بچانے کیلئے حفاظتی پشتوں کی تعمیر کی منظوریاں دی گئیں۔

اسی طرح صحت کے شعبے میں منظور کردہ منصوبوں میں ادویات اور سپلائیز کی سپلائی چین کی آوٹ سورسنگ اور جان بچانے کیلئے ڈی ٹاک اور انسولین کی توسیع اور خیبر پختونخوا میں 12ڈی ایچ کیوز کے استحکام کے منصوبے شامل ہے۔ پی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں ریلیف و بحالی کے شعبے میں خیبر پختونخوا میں ریسکیو1122سٹیشنز کی تعمیر کیلئے اراضی کی خریداری کی منظوریاں دی گئیں۔اسی طرح کثیر شعبہ جاتی ترقی کے شعبے میں تحصیل خوازہ خیلہ کے پسماندہ علاقوں اور ضلع سوات کے ملحقہ علاقوں کیلئے خصوصی ترقیاتی پیکج کی منظوری دی گئی۔جبکہ اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں منظور کردہ منصوبوں میں خیبر پختونخوا میں لڑکوں اور لڑکیوں کیلئے16گورنمنٹ کالجز کے قیام کے تحت ضلع سوات میں گورنمنٹ ڈگری کالج خوازہ خیلہ، گورنمنٹ ڈگری کالج چار باغ سوات،گورنمنٹ ڈگری کالج سیدوشریف سوات اور گورنمنٹ ڈگری کالج پیر بابا گدیزئی بونیر کا قیام شامل ہے۔

پی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں ابتدائی و ثانوی تعلیم کے شعبے میں ضم شدہ قبائلی اضلاع میں مفت درسی کتب کی فراہمی اور ہائی اور ہائیر سیکنڈری سکولوں میں آئی ٹی لیبز کے قیام کی منظوریاں دی گئیں۔ اسی طرح سڑکوں کے شعبے میں ضلع کرک میں 17کلومیٹر بانڈہ داوٗد شاہ تک روڈ کی بہتری/توسیع,ضلع بونیر میں پیر بابا بائی پاس روڈ اور پیر بابا کلابٹ روڈ کی تعمیر اور کرک ایریا ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے تحت احمد آبادتاعالم شیری روڈ کی بہتری و بحالی کی منظوریاں دی گئیں۔اسی طرح ڈ ی ڈبلیو ایس ایس کے شعبے میں ضلع سوات کے مختلف علاقوں مٹہ، خوازہ خیلہ وغیرہ کیلئے گریویٹی بیسڈ پانی کی فراہمی کی سکیموں کی تعمیر کی منظوری دی گئی جبکہ شہری ترقی کے شعبے میں ضم شدہ قبائلی اضلاع میں اربن پالیسی اور پلاننگ یونٹ کی منظوری دی گئی ہے۔


شیئر کریں: