Chitral Times

Apr 26, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ای کامرس ڈپلومہ اجرا کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط،اگلے سال سےای کامرس ڈپلومہ کا اجرا ہوگا: کامران

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) وزیراعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلی تعلیم کامران بنگش نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں آن لائن بزنس اور ای کامرس کی ترویج کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیراعلی محمود خان کی قیادت میں صوبے میں ای کامرس ڈپلومہ کے اجرا کیلئے آج بنیادی قدم اُٹھالیا گیا ہے۔ بین الاقوامی معیار اور صوبے کے نوجوانوں کو روزگار کے آن لائن مواقع سے مستفید اور روشناس کرانے کیلئے اگلے تعلیمی سال سے صوبے کے تمام کامرس کالجز میں ای کامرس ڈپلومہ کا اجرا کیا جارہاہے۔ وہ ہیلویٹاس انٹرنیشنل اور محکمہ اعلی تعلیم کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر ہونے والے دستخط کے موقع پر میڈیا کو بریف کررہے تھے۔ مفاہمتی یادداشت پر ڈی جی کامرس پروفیسر محمد ندیم اور ہیلویٹاس انٹرنیشنل کے ٹیم لیڈر ندیم بخاری نے دستخط کئے۔

معاون خصوصی نے بتایا کہ اس ایم او یو کے تحت ہیلویٹاس انٹرنیشنل صوبے میں ای کامرس ڈپلومہ کیلئے کورس ڈیزائن کرنے میں تکنیکی معاونت فراہم کرے گا اور مارکیٹ بیسڈ ریسرچ کو ملحوظ خاطر رکھ کر ای کامرس ڈپلومہ کیلئے نصاب ترتیب دیا جائے گا اس یادداشت کی رو سے اس نصاب پر کامرس کالجز کے متعلقہ اساتذہ کو بھی تربیت دی جائیگی۔ صوبے میں ای کامرس کا ابتدا ناگزیر ہوچکا ہے. کامران بنگش نے مزید بتایا کہ ای کامرس ڈپلومے کے اجرا سے نوجوانوں کی بڑی تعداد برسرروزگار ہوسکیں گے۔ نوجوانون کیلئے ایسے دیگر مواقع بھی متعارف کرینگے، جس سے روزگار کے نئے مواقع ہاتھ آئینگے۔ ایمازون کے پاکستان میں سیلرز کی اجازت دینے کے پس منظر میں ای کامرس ڈپلومہ کا اجرا کیا جارہا ہے۔ ہماری کوشش ہوگی کہ ایک مہینے کے اندر اندر نصاب ترتیب دیا جائے، تاکہ اگلے تعلیمی سال سے ہم اس ڈپلومہ کا آغاز کرسکیں۔کورونا نے بزنس و دیگر تمام چیزوں کو آن لائن کردیا ہے جس سے ملک میں ای کامرس کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
49088