Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

محکمہ اعلیٰ تعلیم نے جسمانی معذوری کے شکار افرادکیلئے خصوصی پیکج لاگو کرنے کے احکامات جاری کردیے

Posted on
شیئر کریں:

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) خیبر پختونخوا کے محکمہ اعلیٰ تعلیم نے صوبے کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں جسمانی معذوری کے شکار افراد کو موافق ماحول کی فراہمی کے لیے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی ہدایات پر خصوصی پیکج لاگو کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔محکمہ اعلیٰ تعلیم نے معذور افراد کی اعلیٰ تعلیم تک رسائی اور انھیں قومی اور معاشرتی دھارے کا فعال رکن بنانے کی غرض سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی ہدایات کے مطابق تمام سرکاری تعلیمی اداروں کو مراسلے ارسال کیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق محکمہ اعلیٰ تعلیم نے صوبے کی تمام اعلیٰ تعلیمی درسگاہوں کے وائس چانسلرز،ڈائریکٹر ہائیر ایجوکیشن اورڈائریکٹر جنرل کامرس ایجوکیشن اور مینجمنٹ سائنسز کو احکامات جاری کیے ہیں کہ اپنے اداروں میں معذور افراد کے لیے سازگار ماحول اور سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جائے۔معذور افراد کے لیے مرتب کردہ خصوصی پیکج میں تعلیمی اداروں میں داخلوں کے لیے عمر کی حد میں 10سال کی رعایت ،اداروں کی داخلہ فیس اورہاسٹل کی رہائشی سہولت کے لیے داخلہ فیس کی معافی بھی شامل ہیں۔معذور افراد کی آسانی اور سہولت کے لیے تعلیمی اداروں میں گزرگاہوں کی تعمیر،علیحدہ واش رومز کی سہولت اور دیگر ضروریات کی فراہمی کی ہدایات جاری کی گئی ہیں جب کہ صوبے میں نئے کالجوں اور درسگاہوں کی تعمیر کے لیے محکمہ اعلیٰ تعلیم کے چیف پلاننگ آفیسر اور محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کو باہمی منصوبہ بندی کی ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ نئی عمارات میں معذور افراد کی ضرورت کے تمام تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کیا جائے۔خیبر پختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مشتاق غنی کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ صوبائی حکومت کے ان اقدامات کا مقصد جسمانی معذوری کے شکار افراد کو معاشرے کا کارآمد حصہ بنانا ہے تاکہ وہ کسی بھی طرح کے احساس کمتری میں مبتلا ہو کر زندگی کے میدان میں پیچھے نہ رہیں۔جسمانی معذوری کے شکار طالبعلموں کی آسانی کے لیے ٹرانسپورٹ انتظامات کو بھی یقینی بنانے کی ہدایات کی گئی ہیں جبکہ ان خصوصی افراد کی رہنمائی کے لیے محکمہ اعلیٰ تعلیم کے ڈائریکٹوریٹ اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کامرس کو ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ظفر علی شاہ کے مطابق صوبے کے تمام اعلیٰ تعلیمی اداروں میں معذورطالبعلموں کے لیے 2فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے جس پر عملدرآمد ہرصورت کیا جائے گا۔تعلیمی اداروں میں سہولیات اور سازگار ماحول کی فراہمی کی بدولت ایسے طالبعلم بھی آگے بڑھنے سے کترانے کی بجائے بخوشی تعلیم حاصل کریں گے۔


شیئر کریں: