سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اعلیٰ تعلیم کا اجلاس؛ یونیورسٹی آف چترال کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ سینٹر بشریٰ انجم بٹ
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اعلیٰ تعلیم کا اجلاس؛ یونیورسٹی آف چترال کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ سینٹر بشریٰ انجم بٹ
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) جامعہ چترال کے پبلک ریلیشنز آفیسر کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ سنیٹر فلک ناز کی تحریک پرسینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اعلیٰ تعلیم کی گذشتہ روز ہونے والی اجلاس میں جامعہ چترال کو درپیش مسائل زیر غور آئے۔ جن میں جامعہ کو ایچ ای سی کی جانب سے ملنے والی سیڈ منی میں اضافہ، جامعہ کی ایچ ای سی کی جاری اخراجات کی فنڈنگ اسٹریم میں شمولیت اور جامعہ میں جاری پی ایس ڈی پی پراجیکٹ کے پی سی ون کی پوری فزیکل اسکوپ کے ساتھ رویژن جیسے امور زیر غور آئے۔
تحریک کے محرک سنیٹر فلک ناز نے کمیٹی کو بتایا کہ چترال جیسے دور افتادہ علاقے میں اعلیٰ تعلیم کی فراہمی میں جامعہ چترال کلیدی کردار ادا کررہا ہے اور علاقائی عمومی پسماندگی کے پیش نظر یہ ادارہ حکومت کی خصوصی توجہ کا مستحق ہے۔اس نے فنڈنگ میں اضافے کے ساتھ مستحق طلبہ کیلئے اسکالرشپ دینے پر بھی زور دیا۔ سنیٹر فلک ناز نے کمیٹی کے ممبران کو لیکر جامعہ چترال کا دورہ کرانے کا بھی عندیہ دیا تاکہ جامعہ میں ہونے والی تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ اس نوزائدہ ادارے کو درپیش مسائل اور تعمیرو ترقی کی رفتار وغیرہ کا برمحل جائزہ بھی لیا جاسکے۔
وائس چانسلر نے کمیٹی کی وساطت سے وفاقی حکومت سے درخواست کیا کہ جامعہ چترال کی سیڈ منی میں خاطر خواہ اضافہ کیاجائے۔ جامعات کی جاری اخراجات کی مد میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو ملنے والی بجٹ کو بحال کرکے جامعہ چترال کو بھی ایچ ای سی کی باقاعدہ فنڈنگ کی فہرست میں شامل کیاجائے۔اور جامعہ میں جاری پی ایس ڈی پی پراجیکٹ کے فزیکل اسکوپ کی بحالی کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں جن کو پراجیکٹ پر عمدرآمد میں غیرمعمولی تاخیر کی بنا پر پچھلے سال کم کرنے کے احکامات ملے تھے۔
کمیٹی کے سربراہ سنیٹر بشریٰ انجم بٹ، وزیرمملکت برائے اعلی تعلیم وجیہ قمر اور سینٹر ڈاکٹر افنان اللہ نے وفاقی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ جبکہ ایچ ای سی کے چئیرمین پروفیسر ڈاکٹر مختار آحمد نے کمیٹی کو بتایا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن جامعہ چترال کے مسائل کو حل کرنے کیلئے خصوصی توجہ دے رہی ہے اور موجودہ مسائل کے حوالے سے یونیورسٹی انتظامیہ کے ساتھ الگ نشست میں مالی مسائل کی نوعیت اور ممکنہ حل سے متعلق کمیٹی کے اگلے اجلاس میں رپورٹ پیش کیا جائےگا۔ قائمہ کمیٹی کے مذکورہ اجلاس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد شہاب نے ایڈیشنل ڈائیریکٹر فنانس ڈاکٹر سید فہد علی شاہ اور اسسٹنٹ رجسٹرار نجی اللہ کی معیت میں جامعہ چترال کی نمائندگی کی۔