Chitral Times

Apr 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ اورپاکستان نے مہمندڈیم منصوبہ کیلئے قرض کے معاہدے پر دستخط کردئیے

شیئر کریں:

سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ اورپاکستان نے مہمندڈیم منصوبہ کیلئے 24 کروڑ ڈالر کے قرض کے معاہدے پر دستخط کردئیے

اسلام آباد(سی ایم لنکس)سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ (ایس ایف ڈی) اورپاکستان نے مہمندڈیم منصوبہ کیلئے 24 کروڑ ڈالر کے قرض کے معاہدے پر دستخط کر دئیے۔ ایس ایف ڈی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلطان عبدالرحمن المرشد اور وفاقی سیکرٹری اقتصادی امور کاظم نیاز نے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی کی موجودگی میں معاہدے پر دستخط کئے۔ قرضہ کی فراہمی کا یہ معاہدہ پائیدار ترقی کو فروغ دینے اور پائیدارترقیاتی اہداف کے حصول میں سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مضبوط شراکت داری کی عکاسی کررہاہے۔مہمند ڈیم پراجیکٹ پانی اور غذائی سلامتی کو تقویت دینے کے علاوہ خیبر پختونخواہ میں لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے میں مددفراہم کرے گا۔مہمند ڈیم پراجیکٹ کو سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ، اوپیک، اسلامی ترقیاتی بینک اور کویت فنڈ فار عرب اکنامک ڈویلپمنٹ کی جانب سے مالی معاونت فراہم کی جارہی ہے اورتوقع ہے کہ منصوبہ کی تکمیل سے پاکستان میں توانائی اور پانی کے شعبوں پر نمایاں اثرات مرتب ہوں گے۔ اس منصوبہ سے ابتدائی طورپر 800میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی

 

مزید برآں 1.6 ملین ایکرفٹ پانی کا ذخیرہ پائیدار زراعت کو فروغ دینے میں مدد فراہم کرے گا۔منصوبہ سے 6,773 ہیکٹر اراضی کو آبپاشی کے قابل بنایا جاسکے گا۔ سعودی فنڈ کے سی ای او نے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مضبوط ترقیاتی تعاون پر زور دیا۔ انہوں نے کہاکہ معاہدہ ایس ایف ڈی کی جانب سے پاکستان میں اپنے قیام کے بعد سے ترقیاتی منصوبوں اور پروگراموں کے لیے جاری تعاون کی ایک کڑی ہے۔ ایس ایف ڈی نے اب تک پاکستان میں تقریباً 41 ترقیاتی منصوبوں اور پروگراموں کو مالی اعانت فراہم کی ہے جس کی مالیت تقریباً 1.4 بلین ڈالر ہے۔اس کے علاوہ ایس ایف ڈی نے 2019 اور 2023 کے درمیان پاکستان کی معیشت کو سہارا دینے کے لیے 5.4 بلین امریکی ڈالر سے زیادہ مالیت کاموخرادائیگی پرمبنی تیل کی فراہمی میں اپنا کردار اداکیاہے۔ سیکرٹری اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز نے ایس ایف ڈی کے ذریعے پاکستان میں ترقیاتی شعبوں کے لیے غیر متزلزل حمایت پرسعودی عرب کاشکریہ ادا کیا۔انہوں نے اہم منصوبے کی مالی اعانت میں مملکت کی جانب سے کی گئی اہم شراکت کو سراہا کہاکہ منصوبہ اہمیت کاحامل ہے جس سے لوگوں کا معیارزندگی بہترہوگا اورعلاقہ ترقی کرے گا۔منصوبہ سے پانی کے ذخائر اورغذائی سلامتی کے شعبہ کوفائدہ ہوگا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
73309