Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

آبادی پر کنٹرل کیلئے صوبائی حکومت تشہیری مہم پر دس کروڑ روپے خرچ کریگی۔۔معاون خصوصی سید احمد حسین

شیئر کریں:

معاون خصوصی سید احمد حسین شاہ نے محکمہ بہبود آبادی کی تشہیری مہم کا افتتاح کر دیا۔
تشہیری مہم خاندانی منصوبہ بندی کے حوالے سے رائے عامہ ہموار کرنے اور آبادی اور وسائل میں توازن لانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔


پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے بہبود آبادی سید احمد حسین شاہ نے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر محکمہ بہبود آبادی کی تشہیری مہم کا افتتاح کر دیا۔ سیکرٹری سید عالمگیر شاہ اور ڈائریکٹر جنرل بہبود آبادی بھی افتتاحی تقریب میں شریک تھے۔ معاون خصوصی سید احمد حسین شاہ نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مردم شماری 2017 کے مطابق خیبر پختونخوا کی آبادی ساڑھے تین کروڑ نفوس پر مشتمل ہے۔ جبکہ خیبر پختونخوا میں آبادی سالانہ 2.8 فی صد کے حساب سے بڑھ رہی ہے۔ اگر ہماری آبادی اس رفتار سے بڑھتی رہی تو 2021 تک چار کروڑ ہو جائے گی۔

انہوں نے خبردار کیا کہ آبادی میں موجودہ شرح اضافہ سے ہمارے صوبے کی آبادی اگلے 25 سالوں میں دو گنا زیادہ ہو جائے گی۔ آبادی میں بے لگام اضافے سے صوبے کی ترقیاتی عمل پر بھی منفی اثر پڑے گا۔ سید احمد حسین شاہ نے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل کی سفارشات کی روشنی میں صوبائی حکومت نے ‘ توازن ‘ کے قومی بیانئے کو اپنایا ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ وسائل اور آبادی میں توازن برقرار رکھنا ناگزیر ہے۔ توازن کے بیانئے کو فروغ دینے اور خاندانی منصوبہ بندی کے حوالے سے رائے عامہ ہموار کرنے اور اس سلسلے میں آگہی پیدا کرنے کے لیے بہبود آبادی نے دس کروڑ روپے کی تشہیری مہم کا آغاز کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مہم کے تحت اخبارات میں اب تک 330 اشتہار شائع ہو چکے ہیں۔ اس تشہیری مہم میں سات ٹیلیویژن کمرشل، 6 ریڈیو اشتہار اور 7 ایس ایم ایس پیغامات تیار کیے گئے ہیں۔مذکورہ تشہری مہم کے دوران ٹیلی ویژن کمرشل کل 2320 بار، ریڈیو اشتہار 18200 باربالترتیب ٹی وی اور ریڈیو پر نشر کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ 60 لاکھ آگاہی پیغامات(ایس ایم ایس) بھی موبائل فون کے ذریعے بھیجے جائینگے۔


شیئر کریں: