Chitral Times

Apr 26, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی سروے ٹیموں میں تمام ممبران بشمول پاک آرمی کے نمائندوں کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے۔چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر شہزاد خان بنگشُ

Posted on
شیئر کریں:

سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی سروے ٹیموں میں تمام ممبران بشمول پاک آرمی کے نمائندوں کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے۔چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر شہزاد خان بنگشُ

سینیٹرڈاکٹر ثانیہ نشتر کی حکومت خیبرپختونخوا کی طرف سے گھروں کے معاوضے کے طریقہ کار کی تعریف

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) وزیر اعلی خیبرپختونخوا کے سیلاب ریلیف فنڈ کی ٹیکنیکل کمیٹی کا اجلاس جمعہ کے روز سول سکرٹریٹ پشاور میں ویڈیو لنک کے ذریعے منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر، چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد خان بنگش کے ساتھ ساتھ ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، سیکرٹری ریلیف، چیف ایگزیکٹو آفیسر بینک آف خیبر، ڈی جی پی ڈی ایم اے، ڈائریکٹر پی ایم آر یو اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ریلیف فنڈ کی موثر اور شفاف استعمال اور گھروں کے سروے کے طریقہ کار کوزیر بحث لایا گیا۔ اس موقع پرسینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ہدایت کی کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں گھروں کے نقصانات کے ازالے کے لئے رقوم کی ادائیگی کے طریقہ کار کو سہل بنایا جائے تاکہ متاثرین کو بار بار بینک کے چکر نہ لگانے پڑیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب زدگان کے گھروں کے معاوضے کے لئے اہلیت معلوم کرنے کے لئے احساس پروگرام کی طرز پر ویب پورٹل تیار کی جائے۔

 

ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے خیبرپختونخوا حکومت کے گھروں کے معاوضے کے طریقہ کار کو سراہتے ہوئے کہا کہ محکمہ اطلاعات کے ذریعے اس حوالے سے آگاہی پھیلانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔دریں اثناء چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر شہزاد خان بنگش کی زیرصدارت سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں گھروں کے معاوضوں کے لئے جاری سروے بارے میں جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اے سی ایس، سیکرٹری ریلیف، پاک آرمی، ڈی جی پی ڈی ایم اے، ڈائریکٹر پی ایم آر یو، اور ڈپٹی کمشنرز سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پرڈائریکٹر پی ایم آر یو نے سیلاب سے متاثرہ گھروں کے لئے سروے کے پہلے دن کی پیش رفت بارے میں اجلاس کو آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ فیلڈ ٹیموں کو کچھ مشکلات کا سامنا رہا اور موبائل اپلیکیشن میں پیچیدگیوں کی نشاندہی کی گئی تھی جن کو خیبرپختونخوا آئی ٹی بورڈ نے بروقت دور کر دیا ہے۔ چیف سیکرٹری نے اب تک کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سروے ٹیموں میں تمام ممبران بشمول پاک آرمی کے نمائندوں کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے۔

chief secretary kp meeting on relief


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
65944