Chitral Times

Apr 26, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبے کی بہترین فنانشل مینجمنٹ کیلئے آسان شرائط پر قرضے لینا حکومت کا حق ہے.صوبایی وزیر صحت و خزانہ

Posted on
شیئر کریں:

صوبے کی بہترین فنانشل مینجمنٹ کیلئے آسان شرائط پر قرضے لینا حکومت کا حق ہے، قرضہ جات چالیس سال کیلئے آسان شرائط پر لئے گئے ہیں، قرضوں کی ٓاسان واپسی کیلئے مختص رقم کل بجٹ کا 2 فیصد سے بڑھا کر تین فیصد کردی ہے، میڈیا اور واٹس ایپ گروپس میں صوبائی حکومت کے قرضوں بارے میں چلنے والی خبروں پر وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کا موقف

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبر پختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے میڈیا اور واٹس ایپ گروپس میں صوبائی حکومت کے قرضوں کے بارے میں چلنے والی خبروں پر اپنا موقف دیتے ہوئے کہا ہے کہ دسمبر 2021 تک لئے جانے والے قرضوں کا حجم 331 ارب روپے ہے جبکہ باقی 556.7 ارب روپے کے معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں لیکن پیسے ابھی صوبے کو ملے ہی نہیں۔ قرضوں کی تفصیلات عوام اور میڈیا کیساتھ شئیر کرنے کی غرض سے خیبر پختونخوا حکومت ہر چھ ماہ بعد قرضوں سے متعلق ڈیٹ بلیٹن شائع کرتی ہے جو کہ محکمہ فنانس کی ویب سائٹس پر موجود ہے۔ تیمور سلیم جھگڑا کا مزید کہنا تھا کہ اس بلیٹن میں قرضوں کی تفصیلات اور وصول شدہ رقوم کا حجم شائع ہے۔ صوبے کی بہترین فنانشل مینجمنٹ کیلئے آسان شرائط پر قرضے لینا حکومت کا حق ہے۔ آدھی خبر چلانے کی بجائے پورے حقائق عوام کے سامنے رکھے جائیں۔ جبکہ قرضوں کی واپسی کا ذکر بھی عوام کے عوام سامنے رکھا جائے۔ یہ قرضہ جات چالیس سال کیلئے آسان شرائط پر لئے گئے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ 2025 میں ا دائیگیوں کے بعد ان قرضوں کی ادائیگی پر سالانہ شرح سود میں نمایا ں کمی واقع ہوگی۔ اس سلسلے میں قرضوں کی واپسی کیلئے مالی سال 2020-21 میں 18.6 ارب مختص کئے گئے تھے۔ قرضوں کی واپسی کیلئے پچھلے سال کل بجٹ کا دو فیصد مختص کیا گیا تھا۔ قرضوں کی ٓآسان واپسی کیلئے مختص رقم کل بجٹ کا 2 فیصد سے بڑھا کر تین فیصد کردی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ صوبہ یہ قرضے بڑی آسانی کیساتھ واپس کرسکتا ہے۔

وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان کے فیصلے کی روشنی میں صوبے کو ڈیڑھ ارب روپے کی بچت ہوگی: محکمہ خزانہ

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) محکمہ خزانہ خیبر پختونخوا کے ترجمان کے مطابق وزیراعلٰی محمود خان کی تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے تناطر میں سرکاری محکموں کے تیل پر 35 فیصد کٹ سے صوبے کو بڑی بچت ہوگی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس فیصلے کی روشنی میں صوبے کو ماہانہ ساڑھے 12 کروڑ کی بچت ہوگی جبکہ اس فیصلے سے صوبے کو سالانہ ڈیڑھ ارب روپے کی بچت ہوگی۔ واضح رہے کہ پی او ایل کی مد میں سالانہ ساڑھے 3 ارب روپے سرکاری محکموں میں خرچ ہوتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

خیبرپختونخوا بندوبستی اضلاع کے سالانہ ترقیاتی فنڈز 22-2021 کی تفصیلات جاری

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا نے رواں مالی سال کے دوران بندوبستی اضلاع میں مختلف شعبوں کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے مختص اور خرچ کئے گئے فنڈز کی تفصیلات جاری کردیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بندوبستی اضلاع کے کل جاری کردہ اے ڈی پی کا 77فیصد حصہ خرچ کیاگیا ہے۔ 19 محکموں کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے 165 ارب روپے مختص کیے گئے تھے۔ جاری کردہ تفصیلات کے مطابق محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا نے مختلف ترقیاتی سکیموں کیلئے 19 محکموں کو 156 ارب روپے جاری کیے۔ جاری کردہ فنڈز میں سے 30 مئی تک 120ارب روپے خرچ کیے گئے۔ اس سلسلے میں ابتدائی وثانوی تعلیم کے لئے 10ارب 87کروڑ روپے مختص کیے گئے تھے۔ محکمہ ابتدائی وثانوی تعلیم اب تک 5 ارب 94کروڑ یعنی 59 فیصد بجٹ خرچ کرسکا۔ اسی طرح شعبہ صحت کے لیے 16ارب 62کروڑ روپے مختص کیے گئے تھے جس میں محکمے نے 12ارب روپے خرچ کرکے 71فیصد ترقیاتی بجٹ استعمال کیا ہے جبکہ محکمہ بلدیات کے ترقیاتی بجٹ کیلئے 21ارب 34کروڑ روپے مختص تھے اور بلدیات نے جاری کردہ فنڈز کا 78 فیصد حصہ خرچ کرکے 18ارب 52کروڑ روپے استعمال کئے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق شعبہ صنعت کے لیے 1ارب 80کروڑ روپے مختص کیے گیے تھے۔ صنعت کیلئے جاری 1ارب 73کروڑ میں سے 1ارب61کروڑ روپے خرچ کئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ ضم شدہ اضلاع میں جاری اے آئی پی اور اے ڈی سکیموں کی تفصیل اس اعداد و شمار کا حصہ نہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اسمبلی میں بینک آف خیبر ہیڈ آفس کی اسلام آباد منتقلی بارے ایم ڈی خیبر بینک کی وضاحت

طایم ڈی خیبر بینک محمد علی گُلفراز نے کہا ہے کہ بینک آف خیبر 238 برانچوں پر مشتمل صوبے کا سب سے بڑا بینک ہے۔ بینک آف خیبر ہیڈ آفس کی اسلام آباد منتقلی کے خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ بینک آف خیبر صوبے کا بینک ہے اور اس کا ہیڈ آفس مستقل طور پر پشاور ہی میں رہے گا۔ ایم ڈی بینک آف خیبر کا مزید کہنا تھا کہ بینک کا نیا ہیڈ آفس مال روڈ پر تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ بہت جلد بینک آف خیبر ہیڈ آفس سٹیٹ لائف بلڈنگ سے اپنی عمارت میں منتقل ہوجائے گا۔ واضح رہے کہ گُزشتہ روز اسمبلی سیشن کے دوران ایم پی اے نگہت اورکزئی نے بینک آف خیبر ہیڈ آفس اسلام آباد منتقل کئے جانے بارے فلور پر بیان دیاتھا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
61945