Chitral Times

Apr 23, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبائی حکومت کے تمام محکموں اور نیم سرکاری اداروں کے پی او ایل اخراجات میں 35 فیصد کمی کا فیصلہ ۔وزیراعلیِ 

Posted on
شیئر کریں:

صوبائی حکومت کے تمام محکموں اور نیم سرکاری اداروں کے پی او ایل اخراجات میں 35 فیصد کمی کا فیصلہ ۔وزیراعلیِ

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں حالیہ بے تحاشہ اضافے کے تناظر میںایک اہم اقدام کے طور پر صوبائی حکومت کے تمام محکموں اور نیم سرکاری اداروں کے پی او ایل اخراجات میں 35 فیصد کمی کا فیصلہ کرلیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے یہ فیصلہ صوبائی حکومت کی پہلے سے جاری کفایت شعاری پالیسی کے تحت بہتر عوامی مفاد میں کیا ہے۔ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ نے اس سلسلے میں چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا ہے جس میں تمام سرکاری محکموں اور نیم سرکاری اداروں کے پی اوایل اخراجات میں 35 فیصد کٹ لگانے کیلئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ حالیہ دنوں میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے کی وجہ سے صوبائی حکومت کے وسائل پر اضافی بوجھ بڑھ رہا ہے جسے کنٹرول کرنے کےلئے پی او ایل اخراجات میں کمی کی اشد ضرورت ہے تاکہ عوامی وسائل کا زیادہ سے زیادہ حصہ عوامی مفاد کے اقدامات پر خرچ کئے جائیں۔ مراسلے میں وزیراعلیٰ کے اس فیصلے پر فوری عمل درآمد کو یقینی بنانے اور اس سلسلے میںمانیٹرنگ کا ایک موثر نظام بھی تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ کے اس فیصلے پر عملدرآمد کے نتیجے میں سرکاری خزانے کو ماہانہ ساڑھے بارہ کروڑ جبکہ سالانہ ڈیڑھ ارب روپے کی بچت ہوگی۔ واضح رہے کہ صوبائی حکومت وزیراعلیٰ محمود خان کے وژن کے مطابق پہلے ہی سے کفایت شعاری پالیسی پر عمل پیرا ہے جس کے تحت صوبائی حکومت کے اخراجات میں کمی کیلئے متعدد اقدامات ا ±ٹھائے جارہے ہیں اور سرکاری محکموں کے پی اویل اخراجات میں کمی اسی کفایت شعاری پالیسی کی ایک اہم کڑی ہو گی۔
<><><><><><><>

 

پختون سمگلر نہیں بلکہ سرحدوں کے محافظ ہیں۔وزیراعلیِ

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ امپورٹڈ اور نا اہل حکمران خیبرپختونخوا میں آٹے اور گندم کی سرحد پار سمگلنگ کی باتیں کرکے یہ تاثر دینے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں کہ پختون اسمگلر ہیں مگر میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ پختون سمگلر نہیں بلکہ سرحدوں کے محافظ ہیں جنہوں نے اس ملک میں امن کےلئے بیش بہا قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر آٹا یا گندم سرحد پار سمگل ہو بھی رہا ہے تو بارڈر منیجمنٹ کے تمام ادارے وفاقی حکومت کے ماتحت ہوتے ہیں نہ کہ صوبائی حکومت کے جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ اس اسمگلنگ میں وفاق میں بیٹھے امپورٹڈ حکمران خودبھی ملوث ہیں۔

وہ جمعہ کے روز بونیر میں پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام ایک عوامی جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکمرانوں نے پنجاب میں آٹے کی ایک قیمت مقرر کی ہے جبکہ خیبر پختونخوا کیلئے کوئی اور قیمت مقرر کی ہے جو ان کی طرف سے خیبرپختونخوا کے عوام کے ساتھ بہت بڑا ظلم ہے لیکن میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ہم خیبرپختونخوا کے عوام کے حقوق کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے اور اپنے حقوق چھین کر رہیں گے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ امپورٹڈ وزیراعظم صرف اور صرف پنجاب کی باتیں کرتے ہیں، اسے دوسرے صوبوں کی نہ کوئی فکر ہے اور نہ وہ ان کےلئے کچھ کر رہے ہیں جبکہ ہمارے قائد عمران خان کو تمام وفاقی اکائیوں کی فکر ہے اوروہ تمام وفاقی اکائیوں کو مضبوط کرنے کی بات کرتے ہیں۔

محمود خان کا کہنا تھا کہ نااہل حکمرانوں نے غریب عوام پر مہنگائی کا پہاڑ گرادیا ہے ، آئے روز اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہو رہا ہے جبکہ عمران خان نے اپنے دور حکومت میں انہی وسائل سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو بھی کنٹرول کر رکھا تھا اور عوام کو ریلیف دینے کےلئے متعدد پروگرامز بھی چلا رہا تھالیکن موجودہ حکمرانوں کو غریب عوام کی کوئی پرواہ نہیں، ان کے پاس عوام کودینے کےلئے کچھ نہیں اور وہ صرف اپنی چوری چھپانے میں مصروف ہیں۔
<<><><><><><><><>>

chitraltimes imran khan and cm mahmood khan addressing public gathering Bunre

وزیراعلیِ کا پولیس کانسٹیبل کی شہادت پر افسوس کا اظہار

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے گزشتہ روز صوابی میں اشتہاریوں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس کانسٹیبل کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلیٰ نے شہید کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے اور کہا ہے کہ صوبائی حکومت شہید کے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی۔

دریں اثناءوزیر اعلیٰ نے شمالی وزیرستان کے علاقہ دتہ خیل میں سکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے فائرنگ کے نتیجے میں ایک سکیورٹی اہلکار کی شہادت پر بھی تعزیت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے شہید اہلکار کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
61948