Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

مردان اورچترال کی فٹبال ٹیموں نےیوفون 4Gفٹبال کپ خیبر پختو نخواہ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی

شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ) مردان اور چترال کی فٹ بال ٹیموں نے جمعے کو پشاور کے طہماس خان اسٹیڈیم میں کھیلے گئے الگ الگ مقابلوں میں اپنی حریف ٹیموں کو شکست دے کریوفون 4Gفٹ بال کپ خیبر پختونخواہ کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔یوفون 4G فٹ بال کپ کے خیبر پختونخواہ ایڈیشن میں پورے ریجن سے اکہتر(۱۷) ٹیموں نے شرکت کی۔

یوفون 4Gفٹ بال کپ خیبر پختونخواہ کا پہلا سیمی فائنل میچ ڈی ایف اے چارسدہ اور ڈی ایف اے مردان کے درمیان کھیلا گیا۔ اس میچ میں دونوں ٹیموں کی جانب سے بھرپور کوششوں کے باوجود دونوں اطراف سے کوئی گول اسکور نہ ہوسکا۔ کچھ حملے بالکل چند انچ کے فرق سے ناکام رہے اور یوں دونوں ٹیموں کی دفاعی حکمت عملی کامیاب رہی اور میچ صفر کے مقابلے میں صفر سے برابر رہا اور نتیجہ پنالٹی اسٹروکس پر نکالا گیا۔ اس مرحلے میں ڈی ایف اے مردان کی ٹیم نے د و کے مقابلے میں چار پنالٹی سے کامیابی حاصل کرکے فائنل میں جگہ بنا لی۔

دوسرا میچ ڈی ایف اے چترال اور وزیرستان کمبائنڈ کی ٹیموں کے مابین فلڈ لائٹس کی روشنی میں کھیلا گیا۔ اس میچ میں شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اگرچہ دونوں ہی ٹیمیں شاندار فارم میں تھیں مگر ماہرین کی جانب سے چترال کی ٹیم کو اس کے مجموعی تجربے اور یوفون 4Gفٹ بال کپ خیبر پختونخواہ کے پہلے ایڈیشن میں رنر اپ رہنے کی بنیاد پر فیورٹ قرار دیا گیا تھا۔

چترال کی ٹیم نے میچ کے آغاز ہی سے بال پر اپنی گرفت اور مخالف گول پوسٹ پر مسلسل حملوں کی مدد سے اپنی سبقت بنائے رکھی۔ میچ کے اٹھارویں منٹ میں چترال کے محمد رسول نے خوبصورت گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی جبکہ چوبیسویں منٹ میں ضیا الاسلام نے دوسرا گول اسکور کرکے یہ برتری مستحکم کردی۔ وزیرستان کو میچ میں واپس آنے میں خاصا وقت لگا مگر انھوں نے دوسرے ہاف کا آغاز فاتحانہ انداز میں کیا۔ میچ کے پچاسویں منٹ میں وزیرستان کمبائنڈ کے محمد فہیم نے گول اسکو ر کرکے ٹیم کا اعتماد بحال کیا۔ میچ کا باقی وقت چترال کو اپنی برتری کو مستحکم کرنے جبکہ وزیرستان کی جانب سے مخالف ٹیم کی برتری ختم کرنے کی کوششوں میں صرف ہوا۔ مقابلے کے ترانوے منٹ میں چترال کے ضیا الاسلام نے گراؤنڈ کے درمیان سے ایک شاندار لانگ رینج گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کی فتح یقینی بنا دی۔ کمینٹیٹرز نے اس گول کو ٹورنامنٹ کا بہترین گول قرار دیا جس کی بدولت چترال نے ایک کے مقابلے میں تین گول سے یہ مقابلہ جیت کر ٹورنامنٹ کے فائنل میں رسائی پا لی۔دونوں سیمی فائنل میچوں میں کھلاڑیوں کے شاندار کھیل کے علاوہ علاقائی رقص و موسیقی کے ذریعے بھی شائقین کو محظوظ کیا گیا۔

یوفون 4Gفٹ بال کپ خیبر پختونخواہ کا فائنل میچ ہفتہ 11دسمبر کو شام چھے بجے طہماس خان اسٹیڈیم میں ڈی ایف اے مردان اور ڈی ایف اے چترال کی ٹیموں کے مابین کھیلا جائے گا۔ اس مقابلے کی فاتح ٹیم اگلے روز اتوار 12دسمبر کو یوفون 4Gفٹ بال کپ بلوچستان کی فاتح ٹیم مسلم کلب چمن کے خلاف ایک سپر فائنل میچ کھیلے گی تاکہ اس سال کے یوفون 4Gفٹ بال کپ کے حتمی چمپئن کا فیصلہ کیا جاسکے۔ یہ تمام میچز فلڈ لائٹس کی روشنی میں کھیلے جائیں گے اور پی ٹی وی اسپورٹس اور پرو پاکستانی کے علاوہ یوفون 4Gکے سوشل میڈیا چینلز سے براہ راست نشر کیے جائیں گے

chitraltimes chitral footbal team ufone cup peshawar
Chitral-football-team-ufone-cup

شیئر کریں: