Chitral Times

May 1, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

افغان عوام کیلئےعالمی فنڈ کا قیام اورخصوصی نمائندہ کی تعینا تی اہم کامیابی ہے، سیکرٹری جنرل اوآئی سی

شیئر کریں:

اسلام آباد(سی ایم لنکس)اسلامی تعاون تنظیم(او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طٰحہ نے کہا ہے کہ افغانستان کی موجودہ صورتحال پر اوآئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 17 ویں غیر معمولی اجلاس میں افغان عوام کی مدد کے لیے عالمی فنڈ کا قیام اور افغانستان کے لئے اوآئی سی کے خصوصی نمائندہ کی تعیناتی اہم کامیابی ہے،امید ہے کہ اسلامی تعاون تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے علاوہ دیگر ممالک بھی اس فنڈ میں حصہ ڈالیں گے،غیر معمولی اجلاس کی کامیابی خوش آئند ہے،توقع ہے کہ اس سے خطے بالخصوص افغانستان میں بہتری آئے گی۔وہ پیر کو اوآئی سی اجلاس میں شرکت کے بعد وطن واپس روانہ ہونے پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔اس موقع پر وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب اوردیگر نے انہیں الوداع کیا۔

اوآئی سی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ اوآئی سی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر پاکستان کے عوام اور حکومت کے مشکور ہیں،یہ غیر معمولی اجلاس ایک بڑی کامیابی تھا،خطے میں ہونی والی پیش رفت کے حوالے سے یہ اجلاس اہم تھا۔انہوں نے کہا کہ یہ غیر معمولی اجلاس کامیاب رہا جو کہ ایک خوش آئند بات ہے،کانفرنس سے خطہ بالخصوص افغانستان کی صورتحال میں بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ اس اجلاس کی ایک اہم کامیابی یہ ہے کہ اوآئی سی کے اجلاس میں اوآئی سی کے اسسٹنٹ سیکرٹری طارق بخیت کو نمائندہ خصوصی برائے افغانستان مقرر کیا گیا جنہوں نے اپنا کام بھی شروع کردیا ہے، وہ رابطہ کاری کا کام سرانجام دیں گے،

انہوں نے اجلاس میں شریک طالبان کے نمائندے سے ملاقات بھی کی،امید ہے وہ مستقبل میں بھی متعلقہ اداروں سے رابطے میں رہیں گے۔سیکرٹری جنرل او آئی سی نے کہا کہ دوسری بڑی کامیابی افغانستان کے عوام کے لیے خصوصی فنڈ کا قیام ہے جس میں نہ صرف اوآئی سی کے رکن ممالک بلکہ دیگر ممالک بھی تعاون کریں گے تاکہ 40 سال سے مصائب کا شکار افغانیوں کی مدد ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ اجلاس میں افغانستان کے لیے حوصلہ افزاء اعلانات کیے گئے ہیں،اس وزراء خارجہ کی کانفرنس کے تاریخی اثرات مرتب ہوں گے۔اس موقع پر وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے اوآئی سی کے سیکرٹری جنرل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ افغانستان کے بارے میں اوآئی سی کے نمائندہ خصوصی فعال کردارادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں انسانی المیہ جنم لے چکا جس کے سدباب کے لیے اوآئی سی کے پلیٹ فارم سے بھرپور آوازاٹھائی گئی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
56382