Chitral Times

Apr 26, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبے میں گندم کی کوئی کمی نہیں، عوام کو سستے آٹے کی فراہمی جاری ہے۔ وزیر خوراک

شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ)خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر خوراک قلندر خان لودھی نے کہا ہے کہ عوام کو سستے آٹے کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کے لئے صوبے کے فلور ملوں کو 2000 میٹرک ٹن گندم یومیہ فراہم کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز اپنے دفتر میں سیکرٹری محکمہ خوراک خوشحال خان اور ڈائریکٹر محکمہ خوراک زبیر خان سے ایک اہم اجلاس کے دوران کیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ پورے صوبے میں سرکاری کوٹے کے تحت آٹے کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے، جس کی نگرانی محکمہ خوراک خودکر رہی ہے۔ قلندر خان لودھی نے مزید کہا ہے کہ صوبے بھر میں روزانہ کی بنیاد پر شہریوں میں سرکاری نرخ کے مطابق 860 روپے میں بیس کلو آٹے کے تھیلے کی تقسیم جاری کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو سستے داموں آٹے کی فراہمی کے لئے مزید اقدامات جاری ہیں۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر محکمہ خوراک نے بتایا کہ عوام کو بروقت اور سبسڈائز آٹے کی فراہمی کے پیش نظر پشاور کے مختلف مقامات پر بھی سرکاری آٹے کی تقسیم کیلئے پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ محکمہ کے افسران پورے صوبے میں فلور ملوں اور آٹا تقسیم کرنے والے پوائنٹس کے دورے کر رہے ہیں تاکہ عوام کو سستے آٹے کی حصول یقینی بنائی جاسکے۔وزیر خوراک کا کہنا تھا کہ سرکاری کوٹہ وقت سے پہلے ریلیز کیا ہے، جس کا مقصد عوام کو جلد ازجلد ریلیف دینا تھا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک کے پاس گندم کی کمی نہیں۔ قلندر لودھی نے مزید کہا کہ سرکاری کوٹے کے تحت آٹے کی سستے داموں فروخت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن اور وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان کی قیادت میں صوبے کی عوام کو ہر ممکن ریلیف دے رہے ہیں۔ وزیر خوراک نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت تحریک انصاف کا منشور ہے، جسے ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
38326