Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات میں جے یو آئی کو برتری، پی ٹی آئی کئی مقامات پر اپ سیٹ

شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ)خیبرپختونخوا کے 17 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں جمعیت علماء اسلام کو برتری حاصل ہے جب کہ پاکستان تحریک انصاف کو کئی مقامات پر اپ سیٹ شکست کا سامنا ہے۔بلدیاتی انتخاباتی کے ابتدائی نتائج میں جے یوآئی پچھلے بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کو ملنے والی برتری ختم کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔خیبرپختونخوا کے 17 اضلاع کی 65 تحصیلوں میں منعقد ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں ابتدائی نتائج کے مطابق جمعیت علماء اسلام 11 تحصیل چیئرمین کی نشستوں کے ساتھ آگے ہے۔پاکستان تحریک انصاف 07 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پرہے، عوامی نیشنل پارٹی کے تین اور جماعت اسلامی کے دوجبکہ دو آزاد ارکان بھی تحصیل چیئرمین منتخب ہوگئے۔

پیپلزپارٹی کوئی نشست نہ جیت سکی اور مسلم لیگ ن ہری پور کی تحصیل خان پوعکی تحصیل چیئرمین شپ جیتنے میں کامیاب رہی۔جے یوآئی پشاور کی بھی سات میں سے دو تحصیلوں کی چیئرمین شپ جیتنے میں کامیاب ہوگئی جبکہ آخری اطلاعات تک پشاور سٹی میئر کی نشست کے لیے جے یوآئی کے امیدوار زبیرعلی آگے جبکہ پی ٹی آئی کے رضوان بنگش دوسرے نمبر پر تھے۔مردان میں پی ٹی آئی کا صفایا ہوگیا، 3 تحصیلوں پر جمیعت علماء اسلام ف کامیاب قرار پائے جب کہ 2 تحصیلوں پر اے این پی کے امیدواروں نے میدان مارلیا۔بنوں کی تحصیلوں میں سٹی میئر کی سیٹ پر پی ٹی آئی کو سبقت حاصل ہے۔

تحصیل رستم، بونیر، کاگرہ، گدیذئی، ڈگر اور گمبٹ کی چیئرمین کی نشستیں پی ٹی آئی نے جیت لی ہیں۔تحصیل چیرمین شبقدر کی نشست پر جے یو آئی کے حمزہ آصف 33 ہزار 244 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں۔ٹانک کی دونوں تحصیلوں میں بھی جے یو آئی کے امیدوار کامیاب ہوگئے ہیں۔لکی مروت تحصیل نورنگ میں جماعت اسلامی کے امیدوار حاجی عزیز اللہ 17 ہزار ووٹ لے کر الیکشن جیت گئے ہیں۔


شیئر کریں: