Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

عید الاضحی کے موقع پر وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا پیغام

شیئر کریں:


پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے عیدالاضحی کے پرمسرت موقع پر پوری قوم اور خصوصاً خیبرپختونخوا کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وبا کے پیش نظر عید سادگی کے ساتھ اپنے گھروں میں منائیں ، احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔ ایک دوسرے سے عید ملنے سے گریز کریں، سماجی فاصلوں کو برقرار رکھیں اور اپنے آس پاس صفائی کا خاص خیال رکھیں تاکہ عید کے موقع پر کورونا وبا کے ممکنہ پھیلاو کو روکا جا سکے۔ عید الاضحی کے موقع پر یہاں سے جاری اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ عید الاضحی عالم اسلام کے لئے خوشی کا سب سے بڑا تہوار ہے جو ہمیں ایثار ، قربانی، محبت، اتفاق اور ایک دوسرے کے لئے جینے کا درس دیتا ہے۔ اس دن سنت ابراہیمی کی ادائیگی ہمیں اللہ تعالیٰ کی رضاجوئی اور دوسروں کے دکھ سکھ بانٹنے کے لئے سب کچھ قربان کرنے کا احساس دلاتی ہے۔ انہوں نے عوام اور خصوصاً معاشرے کے صاحب ثروت لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ عیدکے اس پر مسرت موقع پر اپنے ارد گرد نادار اور مستحق لوگوں کو اپنی خوشیوں میں ضرور شریک کریں اور یہی اس عظیم اسلامی تہوار کی اصل روح اور انسانیت کی معراج ہے۔ اور کورونا کی موجودہ صورتحال میں اس چیز کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہوگئی ہے کیونکہ اس وبا کی وجہ سے معاشرے کے کمزور طبقوں کو بہت زیادہ مشکلات کا سامنا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عیدالاضحی کا یہ اہم دن ہمیں اللہ تعالیٰ کی رضا اور خوشنودی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اتحاد، اتفاق ، یگانگت، امن اور سلامتی کا درس دیتا ہے جو دین اسلام کا آفاقی پیغام ہے۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ملکی سرحدوں کی حفاظت پر مامور سیکیورٹی فورسز کے جوانوں اور ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجے کے لئے خدمات انجام دینے والے طبی عملے کو عید کی خصوصی مبارکباد دی ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
38436