Chitral Times

May 14, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبے میں عشرہ رحمت اللعالمین اورعید میلا دالنبی سرکاری سطح پرمنائی جائیگی۔ وزیراعلی

شیئر کریں:

صوبے میں عشرہ رحمت اللعالمین اورعید میلا دالنبی سرکاری سطح پرمنائی جائیگی۔ وزیراعلی

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) خیبرپختونخوامیں عشرہ رحمت ا للعالمین اور عید میلا دالنبی سرکاری سطح پر منانے کے حوالے سے ایک اجلاس پیر کے روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت منعقد ہو ا جس میں صوبہ بھر میں اس عشرے کو شایان شان طریقے اور مذہبی جوش و جذبے سے منانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ ربیع الاول کی مناسبت سے صوبائی سطح پر سیرت کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔ کابینہ اراکین کامران بنگش ، ظہور شاکر کے علاوہ سیکرٹری اوقاف ، عمر خیام اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ ویڈیولنک اجلاس میں شرکت کی ۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی حکومت وزیراعظم عمران خان کی ہدایت کے مطابق عشرہ رحمت اللعالمین بھر پور انداز میں منائے گی اور اس سلسلے میں صوبائی ، ڈویژنل، ڈسٹرکٹ اور تحصیل کی سطح پر مختلف تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا اور اس مقصد کیلئے صوبائی حکومت نے اس مقصد کیلئے ایک جامع ایکشن پلان ترتیب دیا ہے۔انہوںنے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنر ز کو ہدایت کی ہے کہ اس ایکشن پلان پرعمل درآمد کو یقینی بنائیں ۔ وزیراعلیٰ نےیہ بھی ہدایت کی کہ ان تقاریب میں علمائے کرام ، سیاسی رہنماﺅں اور معززین علاقہ سمیت تمام مکاتب فکر سے وابستہ افراد کی شرکت کو یقینی بنایا جائے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ربیع الاول کے حوالے سے تمام سرگرمیوں کی وہ خود نگرانی کریں گے جبکہ ڈویژن کی سطح پر متعلقہ کمشنر اور ڈسٹرکٹ کی سطح پر ڈپٹی کمشنرز ان سرگرمیوں کی نگرانی کریں گے ۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ان تقاریب میں سیرت النبی اور ریاست مدینہ کے مختلف پہلوﺅں کو اُجاگر کیا جائے گا۔
<><><><><><>

chitraltimes cm kpk chaired high priority projects

صوبائی حکومت کے ترجیحی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے حوالے وزیراعلیٰ کے زیر صدارت اجلاس

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبائی حکومت کے ترجیحی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو اپنی حکومت کی اہم ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اگلے دو سالوں میں ان منصوبوں کی تکمیل کیلئے انتہائی سنجیدہ ہے ۔ اُنہوںنے واضح کیا ہے کہ عوامی فلاح و بہبود کے ان منصوبوں کی بروقت تکمیل پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،ان منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر کے ذمہ دار حکام کے خلاف انضباطی کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور صرف اُن کے تبادلوں پر اکتفا نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ان منصوبوں پر عملی پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے ماہانہ کی بنیادوں پر جائزہ اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ متعلقہ انتظامی سیکرٹریز خود جائزہ اجلاس میں شریک ہو کر اُنہیں پیشرفت سے آگاہ کریں گے ۔ اُنہوںنے محکمہ منصوبہ بندی کو ان اہم منصوبوں کی پیشرفت پرنگرانی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ متعلقہ انتظامی سیکرٹریز بھی اپنے متعلقہ منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے کم ازکم دو ہفتوں میں ایک دفعہ جائزہ اجلاس منعقد کریں گے ۔


وہ پیر کے روز صوبائی حکومت کے ترجیحی منصوبوں پر پیشرفت کاجائزہ لینے کیلئے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ اور وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان کے علاوہ متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں اور دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ ان منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ رواں سال کیلئے بجٹ سازی کے دوران مجموعی طور پر 216 ترجیحی منصوبوں کی نشاندہی کی گئی ہے جن میں سے 94 منصوبے ضم اضلاع کے شامل ہیں، ان منصوبوں میں سے دو منصوبے مکمل کئے گئے ہیں جبکہ 205منصوبوں پر پیشرفت مقررہ ٹائم لائنز کے مطابق جاری ہے ۔مزید بتایا گیا کہ ان منصوبوں کی نگرانی کیلئے آن لائن ٹریکنگ کا سسٹم بھی تیار کرلیا گیا ہے ۔ اجلاس سے اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ حکومت کے پاس وقت کم ہے اور کام زیادہ، اسلئے تمام محکموں کو کام کے روایتی انداز سے ہٹ کرکام کرنا ہو گا تاہم ان تمام منصوبوں پر عمل درآمد کے سلسلے میں صوبائی حکومت کے مروجہ قواعد وضوابط پر عمل درآمد اور ان منصوبوں پر کام کے معیار کو بھی یقینی بنانا ہوگا۔اُنہوںنے محکمہ تعلیم ، صحت اور بلدیات کو اپنی سروس ڈیلیوری مزید بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ تمام محکموں کو خدمات کی فراہمی میں عوامی توقعات کے اوپر پورا اُترنا ہوگا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
53532