Chitral Times

Apr 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیر اعظم کامیاب جوان پروگرام کا جمعرات کو افتتاح کریں گے…عثمان ڈار

Posted on
شیئر کریں:

اس پروگرام کے تحت نوجوانوں کو کاروبار کے لئے 10 ہزار سے 50 لاکھ روپے تک کے قرضے آسان شرائط پر دیئے جائیں گے،وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار
اسلام آباد (آئی آئی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کامیاب جوان پروگرام کا جمعرات کو افتتاح کریں گے، اس پروگرام کے تحت نوجوانوں کو کاروبار کے لئے 10 ہزار سے 50 لاکھ روپے تک کے قرضے آسان شرائط پر دیئے جائیں گے، نوجوانوں کو قرضوں کے حصول اور ان کی فلاح کے لئے دیگر اقدامات سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے لئے ڈیجیٹل پلیٹ فارم تشکیل دیا گیا ہے، قرضوں کی فراہمی میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں، پی ٹی آئی کی حکومت نے پہلی یوتھ ڈویلپمنٹ پالیسی تشکیل دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب نوجوان پروگرام کی تشہیری مہم پر ماضی کے برعکس وزیر اعظم کی تصویر نہیں لگائی گئی اور نہ ہی ٹیکس دہندگان کا ایک روپیہ خرچ کیا گیا ہے۔ اس تشہیری مہم کو متعلقہ بینکوں اور یو این ڈی پی کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے گزشتہ 10سال کے عرصے کے بعد نیشنل یوتھ ڈویلپمنٹ پالیسی تشکیل دی ہے۔ 18ویں ترمیم کے بعد نوجوانوں سے متعلق امور کا معاملہ صوبوں کے پاس چلا گیا۔ سابق حکومتوں نے وفاق اور صوبوں کے درمیان تعاون کا کوئی میکنزم وضع نہیں کیا تھا جس کے باعث نوجوانوں کی ترقی کے حوالے سے اقدامات میں پیشرفت نظر نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے نیشنل یوتھ ڈویلپمنٹ فریم ورک کے تحت وزیر اعظم آفس میں یوتھ سیل بنایا گیا ہے۔ نوجوانوں کی بہتری اور ان کی فلاح و بہبود کے اقدامات کے لئے تمام صوبوں کے وزراء، سیکرٹریز، قومی و بین الاقوامی ماہرین اور سماجی تنظیموں سے تفصیلی مشاورت کی گئی ہے۔ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے ان کو ہنر مند بنانے، ملازمتوں کے مواقع فراہم کرنے، صحت، تعلیم، غربت کے خاتمے اور سماجی تحفظ پر خصوصی توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
27472