Chitral Times

Apr 26, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

بلدیاتی حکومتیں اپنی مدت پوری کرینگی۔ حکومت انہیں وقت سے قبل ختم کرنے کا نہیں سوچ رہی.ترکئی

شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ )خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات شہرام ترکئی نے کہا ہے کہ بلدیاتی حکومتیں اپنا وقت پورا کریگی۔ صوبائی حکومت انہیں وقت سے قبل ختم کرنے کا نہیں سوچ رہی۔ بلدیاتی نظام میں مزید بہتری لا کر اسے پہلے سے زیادہ کار آمد اور مفید بنائیں گے۔ پشاور شہر کی خوبصورتی میں اضافے کیلئے اپ لفٹ منصوبہ زیر غور ہے پینے کے پانی کو ضائع ہونے سے بچانے کی لیے حکومتی سطح پر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ فاٹا میں جلد حلقہ بندیاں کر کے انتخابات کروانے کے لیے پر عزم ہیں ۔ بی آر ٹی منصوبہ اگلے سال مارچ میں مکمل کر لیا جائے گا۔ وزیر بلدیات شہرام ترکئی نے ان خیالات کا اظہار مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پران کا کہنا تھا کہ بلدیاتی نظام میں اصلاحات لا رہے ہیں جس کے تحت ضلعی حکومتوں کے اختیارات تحصیل حکومتوں کو تفویض کر کے انہیں با اختیار بنایا جا ئے گا۔ ناظمین کو اختیارات ملنے کے بعد عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہونگے اور انہیں سہولت میسر آئے گی ۔ پشاور میں رورل اور اربن سسٹم کو دوبارہ متعارف کروانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پشاور شہر میں جہاں کہیں بھی خالی سرکاری پلاٹس موجود ہیں ان پر پارکس اور پلیئنگ ایریاز تعمیر کریں گے جس سے یہاں کے شہریوں کو تفریح کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔ اسی طرح صوبائی دارلحکومت سے گزرنے والی 5نہروں پر بھی چھوٹے چھوٹے پارکس بنانے کے علاوہ گرین بیلٹس پر شجر کاری کی جائے گی جس سے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پینے کے پانی کو ضائع ہونے سے بچانے کیلئے سروس اسٹیشنوں پر میٹرز لگائیں جائیں گے جبکہ پانی کیلئے زیادہ گہرے بورز کرنے پر بھی پابندی عائد کی جائے گی تا کہ زیر زمین پانی کی سطح کو مزید گرنے سے بچایا جاسکے ۔ وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ میٹرز نصب کرنے سے پانی کے ضیاع کو روکنے میں مدد ملے گی وہیں اس کے محتاط استعمال کو بھی فروغ دیا جاسکے گا ۔ شہرام ترکئی نے صحافیوں کو بتایا کہ فاٹا کے لوگ ہمارے بھائی اور ہماری ذمہ داری ہیں۔ صوبائی حکومت وفاق کے ساتھ مل کر فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کیلئے پر عزم ہے اور بہت جلد وہاں حلقہ بندیاں کرکے انتخابات کروائے جائیں گے جس سے فاٹا کے عوام کی برسوں پرانی محرومیوں کا ازالہ ہوگا اور ان کا معیار زندگی بلند ہوگا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بی آرٹی منصوبے کو مزید بہتر بنانے اور اس کی استعداد کار میں اضافے کیلئے اس میں تبدیلیاں کی گئیں جس سے اس کی تکمیل کے وقت میں اضافہ ہوا تاہم منصوبے پر 24گھنٹے کام جاری ہے اور اسے مارچ 2019تک مکمل کرلیا جائے گا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged ,
15125