Chitral Times

Apr 26, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبر پختونخوا کا صوبے بھر کے کالجوں میں بی ایس پروگرام کی توسیع کا فیصلہ

Posted on
شیئر کریں:

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) خیبر پختونخوا کے محکمہ اعلیٰ تعلیم نے صوبے بھرکے کالجوں میں بی ایس پروگرام کی توسیع کا فیصلہ کیا ہے جسکے تحت رواں سال صوبے کے موجودہ 38کالجوں میں114نئے ڈیپارٹمنٹس کھولے جائیں گے جبکہ 62نئے کالجوں میں 427نئے ڈیپارٹمنٹس شروع کیے جائینگے۔محکمہ اعلیٰ تعلیم کی طرف سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق صوبے بھر میں 2018کے اختتام تک تمام کالجوں میں دو سالہ بی ۔اے اور بی ایس سی پروگرامز ختم کردیے جائینگے جبکہ بی اے اور بی ایس سی میں داخل طلباء کے لیے بریجنگ پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا جسکی بدولت ان طلباء کو بی ایس چار سالہ کورسز میں ضم کیا جائیگا۔تفصیلات کے مطابق محکمہ اعلیٰ تعلیم نے نیشنل کمیٹی آن ایگزامینشن سسٹم کی سفارشات کا جائزہ لیتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ بی اے اوربی ایس سی کے طلباء18گھنٹے بریجنگ کورس کے بعد بی ایس پروگرام کے پانچویں سمسٹر میں داخلہ لے سکیں گے۔مزید برآں اگر کوئی طالبعلم چوتھے سمسٹر کے بعد اپنا تعلیمی سلسلہ جاری نہ رکھ پائیں تو ایسے طالبعلم کو ایسوسی ایٹ ڈگری فراہم کی جائے گی۔خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع کے کالجوں میں بی ایس پروگرام کو کامیابی سے شروع کرنے اور اسکے تسلسل کے لیے رواں سال 100ملین روپے مختص کیے جا چکے ہیں جسکے تحت فیکلٹی ممبران کو ایم فل اور پی ایچ ڈی کے سکالر شپس فراہم کیے جائیں گے۔کالجوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے مزید 1.5ارب روپے مختص کیے جاچکے ہیں جس سے لیبارٹریوں کی اپ گریڈیشن ، بی ایس طلباء کو ریسرچ گرانٹس کی فراہمی اور فیکلٹی کی کمی کو بھی پورا کیا جائیگا۔مزید برآں رواں سال میں 1.4ارب روپے کالجوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور تزئین و آرائش کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔کالجوں میں بی ایس پروگرام کے کامیابی سے تسلسل کے لیے محکمہ اعلیٰ تعلیم نے تربیتی پروگرامز کا بھی انعقاد کیا ہے جسکے تحت 120کالجوں کے پرنسپلز کو تربیت مہیا کی گئی ہے جبکہ باقی کالجوں کے پرنسپلز کو اگلے مرحلے میں تربیت دی جائے گی۔محکمہ اعلیٰ تعلیم نے اس مقصد کے لیے ہائیر ایجوکیشن اکیڈمی فار ریسرچ اینڈ ٹریننگ (HEART) بھی قائم کی ہے جو ایک خود مختار ادارہ ہے اور جسکا مقصد اساتذہ کو سروس کے دوران تربیت فراہم کرنا ہے۔HEARTملک بھر میں اپنی نوعیت کا پہلا ادارہ ہے جس نے سال2016-17میں467اساتذہ کو ٹریننگ فراہم کی ہے جبکہ رواں سال مزید120اساتذہ کو تربیت فراہم کی جائے گی اوراگلے سال 500اساتذہ دوران ملازمت تربیت حاصل کریں گے۔محکمہ اعلیٰ تعلیم نے کالجوں اور اساتذہ کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے انھیں مراعات کی فراہمی کا سلسلہ بھی شروع کیا ہے ،صوبے بھر میں پہلی مرتبہ کالج رینک سسٹم شروع کیا ہے جسکے تحت اب تک50ملین روپے مختلف ایوارڈز کی مد میں دیے جاچکے ہیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged ,
2517