Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبہ میں چترال سمیت 15 نئے سیاحتی مقامات کا بھی تعین کر لیا گیا ہے ۔۔۔۔۔وزیر سیاحت عاطف خان

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ ) خیبرپختونخوا کے سینئر وزیر برائے سیاحت، ثقافت، کھیل، آثارقدیمہ، میوزیم و امور نوجوانان محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ سیاحتی مقامات پر سیاحوں کومثبت سرگرمیاں دینے کیلئے فیملی پارکس تعمیر کئے جائینگے، اس سلسلے میں گلیات، کالام اور صوابی ہنڈ کے مقام پرسیاحتی مقامات کا تعین بھی کیا جا چکا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیاحت کو فروغ دینے کے حوالے سے ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، سینئر وزیر عاطف خان نے کہاکہ ہنڈ کے مقام پر حکومت کے پاس سینکڑوں کنال اراضی موجود ہے جسے سیاحت کو فروغ دینے کے لئے بروئے کار لایا جائیگا۔ اس سلسلے میں بیر ونی سرمایہ کاروں کی بھی مدد لی جائیگی۔سینئر وزیر نے کہا کہ صوبہ میں 15 نئے سیاحتی مقامات کا بھی تعین کر لیا گیا ہے جس میں ہزارہ، چترال، ملاکنڈ سمیت صوبے کے دیگر مقامات شامل ہیں جہاں پر نئے سیاحتی مقامات کو آباد کیا جائے گا اور سیاحوں کو ہر قسم کی سہولیات دی جائیں گی۔نئے اور موجودہ سیاحتی مقامات پرانفراسٹرکچر سمیت سیاحوں کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات جاری ہیں۔چترال ٹائمز ڈاٹ کام ذرائع کے مطابق سینئر وزیر نے مذید کہا کہ سیاحت کو فروغ دینا پاکستان تحریک انصاف حکومت کا وژن ہے، اس سلسلے میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کی زیرسرپرستی ٹورازم ٹاسک فورس بھی بنائی گئی ہے جو ہر سال 4 نئے سیاحتی مقامات کا تعین کریگی۔سینئروزیر نے کہا کہ صوبہ خیبر پختون خوا قدرتی حسن سے مالامال ہے لیکن بدقسمتی یہ ہے کہ تحریک انصاف سے پہلے کسی بھی حکومت نے اس شعبہ کی طرف کوئی توجہ نہیں دی۔پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اسے ایک منافع بخش شعبہ بنانے کی ٹھان لی ہے۔صوبائی وزیر نے مزید بتایا کہ خیبر پختونخوا کی سیاحت کو ایک برینڈ کے طور پر متعارف کیا جائے گا۔صوبہ خیبر پختونخوا مذہبی سیاحت کے حوالے سے بھی بہت اہم ہے مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کے لئے بھی حکومت ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے۔


شیئر کریں: