Chitral Times

وزیراعلی اوراسکی ٹیم صوبے اوراس کے عوام بالخصوص سیلاب زدگان کو بے یارومددگار چھوڑ کر کنٹینرپرچڑھ گئےہیں۔ پی پی پی ایم پی اے ملک امجد افریدی ودیگر کی پریس کانفرنس 

وزیراعلی اوراسکی ٹیم صوبے اوراس کے عوام بالخصوص سیلاب زدگان کو بے یارومددگار چھوڑ کر کنٹینرپرچڑھ گئےہیں۔ پی پی پی ایم پی اے ملک امجد افریدی ودیگر کی پریس کانفرنس

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) پاکستان پیپلزپارٹی خیبرپختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات وایم پی اے ملک امجد آفریدی نے کہاہے کہ صوبے میں مالی بحران کے باوجود صوبائی حکومت لانگ مارچ کو مالی معاونت فراہم کررہی ہے کے پی حکومت کا ہیلی کاپٹر مسلسل استعمال ہورہا ہے صوبے میں برسراقتدارتحریک انصاف کے حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے آج حکومت کے پاس سرکاری ملازمین کو تنخواہیں دینے کیلئے پیسے نہیں عمران خان کے گھر کے کچن سے لے کر اس کے تمام اخراجات صوبائی حکومت برداشت کر رہی ہے وہ پشاورپریس کلب میں صوبائی رہنماﺅںایوب شاہ ، گوہرانقلابی،،فرزندوزیر اورپی ایس ایف صدرراشدآفریدی ،انعام اللہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کررہے تھے ،امجدخان آفریدی نے کہاکہ پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا کو 9 سال میں900 ارب روپے کا مقروض کردیااورتین مہینوں سے سرکاری ملازمین کوان کی تنخواہیں وقت پرنہیں مل رہی ہیں جس کی بڑی وجہ حکومت کی ناقص معاشی حکمت عملی ہے دوسری جانب تحریک انصاف کے چیئرمین عمران نیازی نے صوبائی سرکاری مشینری کو اپنے نام نہاداورریاست دشمن لانگ مارچ کیلئے استعمال میں لارہے ہیں جبکہ وزیراعلی اوراسکی ٹیم صوبے اوراس کے عوام بالخصوص سیلاب زدگان کو بے یارومددگار چھوڑ کرخوشامد کیلئے کنٹینرپرچڑھ گئے اس جعلی خان کاجھوٹابیانیہ قوم مستردکرچکی ہے اور بہت جلد یہ لوگ اپنی انجام کو پہنچیں گے۔

 

انہوں نے مزید کہاکہ عمران خان کو مسلط کرنے سے سیاست اور جمہوریت کو بے پناہ نقصان پہنچا۔اس شخص کے مسلط ہونے سے سب سے زیادہ متاثر پختونخوا کے عوام ہوئے ہیں صوبے کے امن کو ایک دفعہ پھر دﺅا پر لگا دیا گیا ہے ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان اور دہشتگردی کے واقعات ہورہے ہیں خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی اور ٹی ٹی پی کا گٹھ جوڑ ایک نظریئے کے تحت مل کر پختون قوم اور اس سرزمین کو دہشتگردوں کے حوالے کررہے ہیں۔

 

انہوں نے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے خلاف بیان بازی کرکے نیازی قوم کو گمراہ نہیں کر سکتے ،عمران کو خبردار کرتے ہیں کہ آئندہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کا نام تمیز کے ساتھ لیا کریں، دشمنی نہیں تنقید کریں، بد تمیزی نہیں سیاست کریں دشمنی نہیں ہر انسان کا احترام کرنا انسانیت ہے کمزوری نہیں۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کا مستقبل تاریک ہے، اسٹیبلشمنٹ نے خود کو سیاست سے الگ کرلیا ہے۔ عمران خان نے اپنے دور میں اقتدار میں انتخابات کیوں نہیں کروائے عمران خان الیکشن کمیشن کو متنازع کرنا چاہتے ہیں، عمران خان کو ملک و قوم سے محبت نہیں، وہ صرف اور صرف اقتدار چاہتے ہیں۔ عمران خان کی ذہنیت آمرانہ ہے، عمران خان خود اپنے مارچ کو خونی مارچ کہہ رہے ہیں، عمران خان کا ٹرک جب اسلام آباد پہنچے گا تو خالی ہوگا۔

 

عمران خان ملک دشمنوں کے ایجنڈپرعمل پیرا ہے اس نے اداروں کیخلاف مہم چلائی۔ جھوٹ بولنا عمران خان کا وطیرہ اور غلط بیانی ان کا منشور ہے سائفر ڈرامہ پٹ چکا آزادی بیانیہ نیا دھوکا ہے ،سیکرٹری اطلاعات نے کہاکہ ملک میں ہر شہری کیلئے ایک قانون ہونا چاہئیے،کوئی شخص قانون سے بالاتر نہیں۔عوام کو نظر آرہا ہے کہ کون عوامی حکمرانی چاہتا ہے اور کون بیساکھیوں کے ذریعے اقتدار میں آنا چاہتا ہے۔جب تک ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی،پارلیمنٹ کی بالادستی نہیں ہوگی،تمام دعوے جھوٹ ہیں انہوں نے کہاکہ پارلیمان کی بے توقیری ہوتی رہی ہے،عوام بھگت رہے ہیں۔بیساکھیوں کی سیاست نے ملک کو اندرونی و بیرونی مشکلات سے دوچار کیا ہے۔جو کچھ عمران خان کہہ اور کررہا ہے، کوئی اور ہوتا تو ایک دن بھی جیل سے باہر نہیں ہوتاآئین شکنوں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے،جمہوریت کو کمزور کرنے والے عوام کے دوست نہیں ہوسکتے۔عوام کے بنیادی مسائل میں روزبروز اضافہ ہورہا ہے،خدارا عوام کی حالت زار پر رحم کریں

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged ,
67597

وزیراعلیِ کے زیرصدارت مختلف محکموں کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت حوالے اجلاس

Posted on

وزیراعلیِ کے زیرصدارت مختلف محکموں کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت حوالے اجلاس

پشاور (چترال ٹایمز رپورٹ ) وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت ترقیاتی منصوبوں سے متعلق ایک اہم اجلاس جمعرات کے روز منعقد ہوا جس میں صوبائی محکموں کے تحت مختلف ترقیاتی منصوبوں پر اب تک کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا اس وقت صوبے میں مختلف محکموں کے تحت اربوں روپے مالیت کے سینکڑوں چھوٹے بڑے ترقیاتی منصوبے تکمیل کے قریب ہیں جبکہ متعدد نئے منصوبے عملدرآمد کے لئے تیار ہیں۔ وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ اوروزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان کے علاوہ متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں اور دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ آبپاشی کے تحت اہم منصوبوں میں شکتوڈیم اور لتمبر ڈیم کی تعمیر ،باروائی ایریگشین سکیم ، باران ڈیم کی ریزنگ اور دیگر شامل ہیں ۔محکمہ توانائی کے تحت منصوبوں میں 11 میگاواٹ کروڑہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ، 10 میگاواٹ جبوڑی ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، 40 میگاواٹ کوٹو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور دیگر منصوبے شامل ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ تعلیم کے شعبے کے منصوبوں میں گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج رجویا ، گورنمنٹ ڈگری کالج بکا خیل، ڈگری کالج گدیذئی پیر بابا، گرلز ڈگری کالج شبقدر، گرلز ڈگری کالج مندانی ، گرلز ڈگری کالج خال، ڈگری کالج لتمبر، پبلک لائبریری کرک، گرلز ڈگری کالج باڑہ، گرلز ڈگری کالج شکردرہ، ڈگری کالج پارا چنار، گرلز ڈگری کالج جلاکا اورکزئی اور دیگر شامل ہیں۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ سیاحت اور کھیل کے شعبوں کے اہم منصوبوں میں سپورٹس کمپلیکس خار کی اپ گریڈیشن اور بحالی ، مختلف سپورٹس کمپلیکس میں ہاکی ٹرف کی فراہمی، تیراہ کرکٹ اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن اور دیگر شامل ہیں۔ اسی طرح محکمہ صحت کے تحت اہم منصوبوں میں باچا خان میڈیکل کالج فیز ٹو ، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں آرتھو پیڈک اور سپائن سرجری بلاک کا قیام ، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بٹ خیلہ میں کارڈیالوجی یونٹ اور برن اینڈ ٹراما سنٹر کا قیام ، بنوں میڈیکل کالج فیز ٹو اور دیگر شامل ہیں۔ محکمہ مواصلات و تعمیرات کے تحت اہم منصوبوں میں پتراک تا تھل کمراٹ سڑک کی تعمیر، صوبائی ہائی وے کے شیر کوٹ ہنگو سیکشن کی ڈویلاائزیشن ،عزیز بھٹی چوک تا جواد چوک صوبائی ہائی وے کی ڈویلاائزیشن شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ متعلقہ محکمے محکمہ اطلاعات کے توسط سے صوبائی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں اور اصلاحاتی اقدامات سے متعلق عوام کو آگاہی دینے کیلئے لائحہ عمل تیار کریں ۔ وزیراعلیٰ نے اپنی گفتگو میں کہا کہ گزشتہ چار سالوں میں صوبائی حکومت نے جو محنت کی ہے اب اس کے ثمرات سامنے آرہے ہیں اور ان منصوبوں کے ثمرات بلاتاخیر عوام تک پہنچنے چاہئیں۔ اُنہوںنے کہاکہ صوبائی حکومت کے عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات سے متعلق عوام کو بھر پور آگاہی دی جائے ۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ جن منصوبوں کی تکمیل میں رکاوٹیں درپیش ہیں متعلقہ وزراءاور انتظامی سیکرٹریز ان رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے فوری اقدامات اُٹھائیں۔ اُنہوںنے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گااور متعلقہ محکمے اپنے اپنے منصوبوں پر مقرر کردہ ٹائم لائنز کے مطابق پیشرفت کو یقینی بنائیں۔ وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ انتظامی سیکرٹریز اپنے محکموں کے اُن مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دیں جن سے سروس ڈیلیور ی متاثر ہوتی ہو۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
62440

وزیراعلیِ محمود خان کا وفاقی حکومت کے خلاف  سپریم کورٹ جانے کا اعلان

Posted on

وزیراعلیِ محمود خان کا وفاقی حکومت کے خلاف  سپریم کورٹ جانے کا اعلان

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے وفاقی حکومت کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت نے خیبر پختونخوا کے عوام اور حکومت کے ساتھ جو زیادتیاں کی ہیں اس پر ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے اور عدالت عظمیٰ کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے جس کےلئے صوبائی حکومت نے اپنی لیگل ٹیم سے مشاورت مکمل کر لی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے پر امن آزادی مارچ کے دوران امپورٹڈ حکومت نے خیبر پختونخوا کے کارکنوں اور عوام پر جو تشدد کیا ہے وہ کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا ۔ مارچ کے دوران تشدد سے پی ٹی آئی کے کارکنان شہید اور زخمی ہوئے ہیں جس پر امپورٹڈ وزیر داخلہ کے خلاف مقدمات درج کروائے جائیں گے اور ان مقدمات کو لڑنے کےلئے وکلاءبرادری اپنا بھرپورکردار ادا کرے۔ وہ پیر کے روز نشترہال پشاور میں انصاف لائیرز فورم کے زیر اہتمام وکلاءکنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مانسہرہ جلسے میں امپورٹڈ وزیر اعظم کی خیبرپختونخوا کے عوام کو سستے آٹے کی فراہمی کے لئے اپنے کپڑے بیچنے کی بات مضحکہ خیز ہے، انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ ان کے کپڑے بھی چوری کے ہیں اور چوری کے کپڑے کوئی بھی نہیں خریدتا۔ محمود خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز مانسہرہ جلسے میں امپورٹڈ وزیر اعظم نے انہیں آٹے کی قیمت کم کرنے کےلئے 24 گھنٹے کا الٹیمیٹم دیا ہے، میں امپورٹڈ وزیر اعظم کو الٹیمیٹم دیتا ہوں کہ صوبے کے حقوق فوری دے ورنہ ہم اپنے حقوق چھین کر لیں گے اور اپنے تمام حقوق کے حصول تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

 

 

وزیر اعلیِ کا والی سوات  میاں گل عبدالحق جہانزیب کے پوتے شہزادہ میاں گل عدنان اورنگزیب کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے ٹریفک حادثے میں والی سوات میاں گل عبدالحق جہانزیب کے پوتے، فیلڈ مارشل ایوب خان کے نواسے، سابق گورنر بلوچستان اور خیبر پختونخوا میاں گل اورنگزیب کے بیٹے، جسٹس حسن اورنگزیب اورڈاکٹر محمود اورنگزیب کے بھائی جبکہ سابق وفاقی وزیر عمر ایوب، سابق صوبائی وزیر اکبر ایوب اور صوبائی وزیر ارشد ایوب کے پھوپھی زاد بھائی شہزادہ میاں گل عدنان اورنگزیب کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ سوگوار خاندان کے نام یہاں سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلی نے اہل خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی معفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے اور کہا کہ میاں گل عدنان اورنگزیب کے اچانک انتقال کا سن کر دلی افسوس ہوا، وہ اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دعاگو ہیں کہ اللہ تعالٰی اہل خانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
61779

وزیراعلیٰ کا فرنٹیر ایجوکیشن فاﺅنڈیشن سکالرشپ کی فراہمی کیلئے حقیقت پسندانہ طریقہ کار اختیار کرنیکی ہدایت

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے فر نٹیر ایجوکیشن فاﺅنڈیشن کے تحت طلباءو طالبات کو سکالرشپ کی فراہمی کیلئے حقیقت پسندانہ طریق کار اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے اورا س مقصد کیلئے معاون خصوصی برائے اعلیٰ تعلیم کامران بنگش کی سربراہی میں بورڈ اراکین پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو صوبے کے مختلف ڈویژنز اور اضلاع کے طلباءو طالبات میں سکالرشپ کی تقسیم کے فارمولہ کے علاوہ سکالر شپ کے تحت حصول تعلیم کیلئے سرکاری و نجی اعلیٰ تعلیمی اداروں کے انتخاب اور دیگر متعلقہ اُمور سے متعلق حتمی تجاویز پیش کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اصل مقصد اپنے طلباءو طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے معیاری مواقع فراہم کرکے مختلف شعبوں میں قابل لیڈر شپ پیدا کرنا ہے جس کیلئے جامع اور موثرحکمت عملی اختیار کرنے اور فاﺅنڈیشن کے بزنس پلان اور اس کی کارکردگی میں اضافے پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔

وہ جمعہ کے روز وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں فرنٹیر ایجوکیشن فاﺅنڈیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے انتالیسیویں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز، ایڈوکیٹ جنرل، فاﺅنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر اور بورڈ کے دیگر اراکین کے علاوہ متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو بورڈ کے سابقہ اجلاس کے فیصلوں پر عمل درآمد کی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا اور متعدد نئے اُمور منظوری کیلئے پیش کئے گئے۔ اجلاس میں فرنٹیر ایجوکیشن فاﺅنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر کی عبوری تقرری کی تائید کرتے ہوئے انہیں مستقل ایم ڈی کی تقرری تک خدمات جاری رکھنے کی منظوری دی گئی۔

متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ مستقل ایم ڈی کی تقرری کیلئے پوسٹ متعلقہ قواعد و ضوابط کے مطابق اوپن میرٹ پر مشتہر کی جائے اور تقرری کا عمل آئندہ تین ماہ کے اندر مکمل کیاجائے۔ اجلاس میں فاﺅنڈیشن کے بجٹ تخمینہ جات کو نظر ثانی کیلئے متعلقہ کمیٹی میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔ کمیٹی بجٹ تخمینہ جات کا ازسر نو جائزہ لیکر حتمی تجویز منظوری کیلئے پیش کرے گی۔ بورڈ نے فاﺅنڈیشن کیلئے مستقل ہیڈ آفس کی تعمیر کی ضرورت سے اتفاق کیا تاہم وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کے ذریعے مجوزہ عمارت کا ایک مکمل اور جامع پلان تیار کیا جائے جس کے مطابق عمارت کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی۔

اجلاس میں فاﺅنڈیشن کے ہیڈآفس کیلئے بجٹ اینڈ اکاونٹ آفیسر کی تخلیق کی منظوری کے علاوہ فاﺅنڈیشن کے تحت کالجزمیں ڈیپوٹیشن پر تعینات ملازمین کی ڈپیوٹیشن کی مدت میں مزید دو سال کی توسیع کی تائید کی گئی۔ اسی طرح وزیراعلیٰ سکالرشپ پروگرام کے تحت چین کی یونیورسٹیوں میں سکالرشپ کی فراہمی اور سکالرشپ کے حوالے سے دیگر ضروریات پوری کرنے کیلئے مجوزہ گرانٹ ان ایڈ کی فراہمی کے معاملہ کو اراکین بورڈ پر مشتمل مذکورہ کمیٹی میں حتمی شکل دینے کی ہدایت کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے تمام بورڈ اراکین کو فاﺅنڈیشن کے اصل مقاصد پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کی۔ اُنہوںنے واضح کیا کہ ہر چھ ماہ کے بعد بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس بلایا جائے تاکہ فاﺅنڈیشن کے جملہ اُمور کو بروقت اور بطریق احسن نمٹایا جاسکے۔

Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged , ,
49572