Chitral Times

Apr 16, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیراعلیِ محمود خان کا وفاقی حکومت کے خلاف  سپریم کورٹ جانے کا اعلان

Posted on
شیئر کریں:

وزیراعلیِ محمود خان کا وفاقی حکومت کے خلاف  سپریم کورٹ جانے کا اعلان

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے وفاقی حکومت کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت نے خیبر پختونخوا کے عوام اور حکومت کے ساتھ جو زیادتیاں کی ہیں اس پر ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے اور عدالت عظمیٰ کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے جس کےلئے صوبائی حکومت نے اپنی لیگل ٹیم سے مشاورت مکمل کر لی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے پر امن آزادی مارچ کے دوران امپورٹڈ حکومت نے خیبر پختونخوا کے کارکنوں اور عوام پر جو تشدد کیا ہے وہ کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا ۔ مارچ کے دوران تشدد سے پی ٹی آئی کے کارکنان شہید اور زخمی ہوئے ہیں جس پر امپورٹڈ وزیر داخلہ کے خلاف مقدمات درج کروائے جائیں گے اور ان مقدمات کو لڑنے کےلئے وکلاءبرادری اپنا بھرپورکردار ادا کرے۔ وہ پیر کے روز نشترہال پشاور میں انصاف لائیرز فورم کے زیر اہتمام وکلاءکنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مانسہرہ جلسے میں امپورٹڈ وزیر اعظم کی خیبرپختونخوا کے عوام کو سستے آٹے کی فراہمی کے لئے اپنے کپڑے بیچنے کی بات مضحکہ خیز ہے، انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ ان کے کپڑے بھی چوری کے ہیں اور چوری کے کپڑے کوئی بھی نہیں خریدتا۔ محمود خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز مانسہرہ جلسے میں امپورٹڈ وزیر اعظم نے انہیں آٹے کی قیمت کم کرنے کےلئے 24 گھنٹے کا الٹیمیٹم دیا ہے، میں امپورٹڈ وزیر اعظم کو الٹیمیٹم دیتا ہوں کہ صوبے کے حقوق فوری دے ورنہ ہم اپنے حقوق چھین کر لیں گے اور اپنے تمام حقوق کے حصول تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

 

 

وزیر اعلیِ کا والی سوات  میاں گل عبدالحق جہانزیب کے پوتے شہزادہ میاں گل عدنان اورنگزیب کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے ٹریفک حادثے میں والی سوات میاں گل عبدالحق جہانزیب کے پوتے، فیلڈ مارشل ایوب خان کے نواسے، سابق گورنر بلوچستان اور خیبر پختونخوا میاں گل اورنگزیب کے بیٹے، جسٹس حسن اورنگزیب اورڈاکٹر محمود اورنگزیب کے بھائی جبکہ سابق وفاقی وزیر عمر ایوب، سابق صوبائی وزیر اکبر ایوب اور صوبائی وزیر ارشد ایوب کے پھوپھی زاد بھائی شہزادہ میاں گل عدنان اورنگزیب کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ سوگوار خاندان کے نام یہاں سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلی نے اہل خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی معفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے اور کہا کہ میاں گل عدنان اورنگزیب کے اچانک انتقال کا سن کر دلی افسوس ہوا، وہ اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دعاگو ہیں کہ اللہ تعالٰی اہل خانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
61779