Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیراعلیِ کے زیرصدارت مختلف محکموں کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت حوالے اجلاس

Posted on
شیئر کریں:

وزیراعلیِ کے زیرصدارت مختلف محکموں کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت حوالے اجلاس

پشاور (چترال ٹایمز رپورٹ ) وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت ترقیاتی منصوبوں سے متعلق ایک اہم اجلاس جمعرات کے روز منعقد ہوا جس میں صوبائی محکموں کے تحت مختلف ترقیاتی منصوبوں پر اب تک کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا اس وقت صوبے میں مختلف محکموں کے تحت اربوں روپے مالیت کے سینکڑوں چھوٹے بڑے ترقیاتی منصوبے تکمیل کے قریب ہیں جبکہ متعدد نئے منصوبے عملدرآمد کے لئے تیار ہیں۔ وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ اوروزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان کے علاوہ متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں اور دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ آبپاشی کے تحت اہم منصوبوں میں شکتوڈیم اور لتمبر ڈیم کی تعمیر ،باروائی ایریگشین سکیم ، باران ڈیم کی ریزنگ اور دیگر شامل ہیں ۔محکمہ توانائی کے تحت منصوبوں میں 11 میگاواٹ کروڑہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ، 10 میگاواٹ جبوڑی ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، 40 میگاواٹ کوٹو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور دیگر منصوبے شامل ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ تعلیم کے شعبے کے منصوبوں میں گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج رجویا ، گورنمنٹ ڈگری کالج بکا خیل، ڈگری کالج گدیذئی پیر بابا، گرلز ڈگری کالج شبقدر، گرلز ڈگری کالج مندانی ، گرلز ڈگری کالج خال، ڈگری کالج لتمبر، پبلک لائبریری کرک، گرلز ڈگری کالج باڑہ، گرلز ڈگری کالج شکردرہ، ڈگری کالج پارا چنار، گرلز ڈگری کالج جلاکا اورکزئی اور دیگر شامل ہیں۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ سیاحت اور کھیل کے شعبوں کے اہم منصوبوں میں سپورٹس کمپلیکس خار کی اپ گریڈیشن اور بحالی ، مختلف سپورٹس کمپلیکس میں ہاکی ٹرف کی فراہمی، تیراہ کرکٹ اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن اور دیگر شامل ہیں۔ اسی طرح محکمہ صحت کے تحت اہم منصوبوں میں باچا خان میڈیکل کالج فیز ٹو ، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں آرتھو پیڈک اور سپائن سرجری بلاک کا قیام ، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بٹ خیلہ میں کارڈیالوجی یونٹ اور برن اینڈ ٹراما سنٹر کا قیام ، بنوں میڈیکل کالج فیز ٹو اور دیگر شامل ہیں۔ محکمہ مواصلات و تعمیرات کے تحت اہم منصوبوں میں پتراک تا تھل کمراٹ سڑک کی تعمیر، صوبائی ہائی وے کے شیر کوٹ ہنگو سیکشن کی ڈویلاائزیشن ،عزیز بھٹی چوک تا جواد چوک صوبائی ہائی وے کی ڈویلاائزیشن شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ متعلقہ محکمے محکمہ اطلاعات کے توسط سے صوبائی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں اور اصلاحاتی اقدامات سے متعلق عوام کو آگاہی دینے کیلئے لائحہ عمل تیار کریں ۔ وزیراعلیٰ نے اپنی گفتگو میں کہا کہ گزشتہ چار سالوں میں صوبائی حکومت نے جو محنت کی ہے اب اس کے ثمرات سامنے آرہے ہیں اور ان منصوبوں کے ثمرات بلاتاخیر عوام تک پہنچنے چاہئیں۔ اُنہوںنے کہاکہ صوبائی حکومت کے عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات سے متعلق عوام کو بھر پور آگاہی دی جائے ۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ جن منصوبوں کی تکمیل میں رکاوٹیں درپیش ہیں متعلقہ وزراءاور انتظامی سیکرٹریز ان رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے فوری اقدامات اُٹھائیں۔ اُنہوںنے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گااور متعلقہ محکمے اپنے اپنے منصوبوں پر مقرر کردہ ٹائم لائنز کے مطابق پیشرفت کو یقینی بنائیں۔ وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ انتظامی سیکرٹریز اپنے محکموں کے اُن مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دیں جن سے سروس ڈیلیور ی متاثر ہوتی ہو۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
62440