چترال سمیت بالائی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی، سردی میں مزید اضافہ متوقع
اسلام آباد (نمائندہ چترال ٹائمز) محکمہ موسمیات نے شمالی بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں آئندہ چند روز کے دوران بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ایک کمزور مغربی ہواؤں کا سلسلہ 30 جنوری سے ملک کے مغربی اور شمالی علاقوں میں داخل ہو چکا ہے جو 3 فروری تک برقرار رہنے کا امکان ہے، جس کے زیرِ اثر مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 31 جنوری سے 3 فروری کے دوران گلگت بلتستان کے اضلاع دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش جبکہ بلند پہاڑی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی برفباری کا امکان ہے۔ اسی دوران آزاد کشمیر کے علاقوں وادی نیلم، مظفرآباد، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں بھی بارش کی توقع ہے۔
خیبر پختونخوا کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بھی اس موسمی نظام کے اثرات مرتب ہوں گے۔ چترال، دیر، سوات، کالام، شانگلہ، کوہستان، بونیر، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، پشاور، کوہاٹ، کرم اور وزیرستان میں وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ یکم سے 3 فروری کے دوران اسلام آباد، خطۂ پوٹھوہار، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، گوجرانوالہ اور گرد و نواح میں ہلکی بارش جبکہ مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں بارش اور برفباری متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 31 جنوری سے یکم فروری کے دوران شمالی بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ، زیارت، ژوب، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی اور ہرنائی میں ہلکی سے درمیانی بارش، تیز ہواؤں اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ برفباری کے باعث ناران، کاغان، دیر، سوات، کالام، چترال، کوہستان، مانسہرہ، شانگلہ، استور، ہنزہ، اسکردو اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں پر پھسلن کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے، جبکہ بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔ اس دوران دن کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے سیاحوں اور مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ خراب موسمی حالات کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کریں، دورانِ سفر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل یقینی بنائیں۔

