پاکستان شدید سردی کی لپیٹ میں، ہنزہ میں درجہ حرارت منفی 20 جبکہ چترال میں منفی 12تک پہنچ گیا
اسلام آباد( چترال ٹائمزرپورٹ) پاکستان میں شدید ٹھنڈ کی لہر جاری ہے اور ملک کے مختلف علاقوں میں درجہء حرارت غیر معمولی طور پر منفی درجے تک پہنچ گیا ہے، جس سے معمولاتِ زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔کراچی سمیت ملک بھر میں شدید سردی کی لہر جاری ہے۔ پنجاب کی بات کی جائے تو پنجاب میں سردی اپنے عروج پر ہے جبکہ 10 سے 16 جنوری کے دوران پنجاب میں شدید سردی، دھند، جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا الرٹ جاری ہو گیا ہے۔دوسری جانب ہنزہ میں درجہء حرارت منفی 20 تک ریکارڈ کیا گیا جو انتہائی شدید سردی کی نشاندہی ہے۔ اسی طرح چترال کے بعض بالائی علاقوں میں منفی 12تک پہنچ گیا ہے۔ کوئٹہ میں بھی منفی 1 کے قریب درجہ حرارت ریکارڈ ہوا۔اسی طرح اسلام آباد، لاہور، پشاور جیسے شہروں میں بھی درجہ حرارت 4 سے ایک ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔کراچی جیسے ساحلی شہر میں بھی ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے درجہ حرارت سنگل ڈیجٹ تک گر گیا ہے جو کہ تقریباً 7 سے 9 ہے۔پنجاب، خیبرپختونخواہ اور دیگر علاقوں میں صبح کے وقت گہری دھند کے باعث غیرضروری سفر سے گریز کرنے کا کہا گیا ہے جبکہ ٹریفک بھی متاثر ہے۔این ڈی ایم اے اور محکمہ موسمیات نے شدید سردی اور گرم کپڑوں، احتیاطی تدابیر کی ہدایات جاری کی ہیں۔
.
.
اسلام آباد؛ شادی والے گھر میں سلنڈر دھماکا، دلہا دلہن سمیت 8افراد جاں بحق
اسلام آباد(سی ایم لنکس)اسلام آباد کے سیکٹر جی سیون ٹو میں شادی والے گھر میں سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں دلہا دلہن سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔ڈی سی اسلام آباد کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صاحبزادہ یوسف موقع پر پہنچ گئے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صاحبزادہ یوسف نے بتایا کہ سلنڈر دھماکا شادی والے گھر میں ہوا جبکہ مہمان بھی گھر میں موجود تھے، جاں بحق افراد میں دلہا اور دلہن بھی شامل ہیں۔ دھماکے کی وجہ سے مجموعی طور پر 4 گھر متاثر ہوئے۔انہوں ں ے بتایا کہ گھروں سے مجموعی طور پر 19 افراد کو باہر نکالا گیا، ریسکیو کیے گئے 19 افراد میں سے 8 افراد جاں بحق ہوئے۔ دھماکے کی وجہ سے دیگر 11 زخمی افراد کو فوری اسپتال منتقل کیا گیا۔واقعے کے بعد پمز اسپتال میں الرٹ جاری کر دیا گیا جہاں زخمیوں کو طبعی امداد دی جا رہی ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کے مطابق کے نائن یونٹ اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملبے کی چیکنگ کی جا رہی ہے، دھماکے کی وجوہات کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق خود موقع پر موجود ہیں اور جاری ریسکیو آپریشن کی براہِ راست نگرانی کر رہے ہیں۔ اسلام آباد پولیس کے سینیئر افسران بھی ڈی آئی جی اسلام آباد کے ہمراہ موقع پر موجود ہیں۔پولیس اور ریسکیو ٹیمیں مکمل ہم آہنگی کے ساتھ امدادی کارروائیاں انجام دے رہے ہیں، علاقے کو مکمل طور پر کارڈن آف کر دیا گیا ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں سلنڈر حادثے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔وزیرِ اعظم نے وزیرِ صحت، سیکریٹری صحت اور پمز انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور رخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔پمز انتظامیہ کے مطابق فوت ہونے والے تمام افراد کی شناخت ہو چکی ہے، سنیل جاوید کی میت کو ٹینچ بھاٹہ ان کے گھر میں منتقل کر دیا گیا جبکہ پانچ میتوں کو سرد خانہ منتقل کیا جائے گا۔پمز ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندان کا گھر دھماکے میں تباہ ہوگیا ہے اس لیے میتیں منتقل نہیں کر رہے، میتوں کے ڈیتھ سرٹیفکیٹ اور دیگر کاغذی کارروائی مکمل کر کے لاشیں سرد خانے منتقل کی جائے گی۔میتیں کب وصول کرنی ہے، پوسٹ مارٹم کرنا ہے یا نہیں اس کا فیصلہ لواحقین کریں گے۔
