شندور روڈ کی صفائی کیلئے مشینری روانہ کردیا گیا۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر مستوج
اپر چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان کی ہدایات پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر مستوج افضل علی کی زیر نگرانی نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کا ایکسیویٹر شائی داس لاسپور سے شندور روڈ کی صفائی کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے۔ شندور روڈ کی بندش کے حوالے سے عوامی شکایات موصول ہونے پر ڈپٹی کمشنر اپر چترال نے آج متعلقہ حکام کو فوری طور پر مشینری روانہ کرنے کی ہدایت جاری کی تھی، جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے برف ہٹانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔
دریں اثنا اپر چترال میں برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، تاہم ضلعی انتظامیہ اپر چترال اور لائن ڈیپارٹمنٹس کی بروقت اور مؤثر کوششوں کے باعث ضلع بھر کی تمام مین اور رابطہ سڑکیں ٹریفک کے لیے بحال ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق شندور ٹاپ جو سطح سمندر سے تقریباً 12 ہزار 500 فٹ بلندی پر واقع ہے، وہاں برفباری کی شرح زیادہ ہوتی ہے، جبکہ رات کے وقت تیز ہواؤں کے باعث برف ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہو کر موٹی تہوں کی صورت اختیار کر لیتی ہے، جس سے سڑک کی بندش کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
شندور ٹاپ کی حساس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے تمام سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ موسم صاف اور شفاف ہونے تک شندور کے دونوں اطراف غیر ضروری سفر سے گریز کریں، کیونکہ لاپرواہی اور غفلت کے نتیجے میں کسی بھی وقت ناخوشگوار واقعہ پیش آ سکتا ہے۔ انتظامیہ نے عوام اور سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ تاحکمِ ثانی شندور کے دونوں اطراف سفر سے اجتناب کریں اور جاری ہدایات پر عمل یقینی بنائیں۔

