Chitral Times

May 17, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی کی وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ملاقات، گورنر کی وزیراعلٰی پنجاب کو پنجاب سے خیبرپختونخوا کو گندم کی خریداری اور ترسیل پر عائد پابندی ختم کرنیکی تجویز

Posted on
شیئر کریں:

گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی کی وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ملاقات، گورنر کی وزیراعلٰی پنجاب کو پنجاب سے خیبرپختونخوا کو گندم کی خریداری اور ترسیل پر عائد پابندی ختم کرنیکی تجویز

پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے دورہ لاہور کے دوران بدھ کے روز جاتی امرا میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ملاقات کی اور انہیں چاروں صوبوں کی تاریخ میں بطور پہلی خاتون وزیراعلٰی پنجاب کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی.ملاقات میں سینیٹر پرویز رشید، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، بزنس مین پینل کے سینئر وائس چئیرمین اور ممتاز صنعتکار خواجہ شاہ زیب اکرم، ضم ضلع مہمند چیمبر کے سابقہ صدر فیاض علی اور دیگر حکام بھی موجود تھے، اس موقع پر وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز نے گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کا انکی آمد پر پرجوش استقبال کیا اور ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ، دونوں صوبوں کے مابین تعاون میں مزید اضافے اور مختلف شعبوں میں تعاون سمیت ملکی صنعت و انڈسٹری کو درپیش مشکلات پر سیر حاصل گفتگو کی گئی. ملاقات میں گورنر نے وزیر اعلٰی پنجاب کو صوبہ خیبر پختونخوا کو پنجاب سے گندم کی خریداری و ترسیل پر عائد پابندی کی ختم کرنے کی تجویز بھی پیش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب سے خیبرپختونخوا حکومت گندم کی خریداری سے صوبے کی ضروریات بھی پوری ہوجائیگی اور فلور ملز کے ساتھ عوام کو مہنگے آٹے سے بھی نجات مل جائیگی، علاوہ ازیں گورنر حاجی غلام علی اور ممتاز صنعت کار خواجہ شاہ زیب اکرم کیجانب سے صنعت کاروں، بزنس کمیونٹی کی بہتری کے لئے چند اہم تجاویز بھی پیش کیں جن کو وزیراعلٰی پنجاب نے سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ صنعت و تجارتی شعبہ کا ملکی معیشت سے گہرا رشتہ ہے اور اس شعبہ کی بہتری کے لئے بھر پور اقدامات اٹھائے جائیں گے، وزیر اعلٰی پنجاب کا کہنا تھا انشاءاللہ پنجاب ملک کے دیگر صوبوں کے لیے بڑے بھائی کا کردار ادا کرتا رہے گا. وفاق کی دیگر اکائیوں سے ملکر کام کریں گے اورپاکستان کو مشکلات کے بھنور سے نکالیں گے.اس موقع گورنر خیبرپختونخوا نے شاندار استقبال و مہمان نوای پر وزیراعلٰی پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انکے خیبرپختونخوا سمیت دیگر صوبوں کیلئے نیک خواہشات و ملکر کام کرنے کے عزم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی عوام کی خدمت کی لگن قابل تحسین ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ وفاق کے ساتھ ملکر پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مابین شراکتداری کے مشترکہ مختلف منصوبوں سے ترقی کے نئے راستے کھولے جائیں گے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
88191