Chitral Times

Apr 26, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

محکمہ جنگلات کی استعداد کاربڑھانے اورجنگلات کے تحفظ کیلئے 687 اسامیوں کی منظوری

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ ) محکمہ جنگلات خیبر پختونخوا کی مجموعی استعداد کار کو بڑھانے اور صوبے میں جنگلات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے 1054 نئی آسامیوں کی تخلیق کی منظوری ہو چکی ہے جن میں سے 687 بندوبستی اضلاع اور 367 نئے ضم شدہ اضلاع کے لیے ہیں۔ صوبہ بھر میں لکڑی کی غیر قانونی نقل و حمل روکنے کے لیے فارسٹ چیک پوسٹوں کو مزید مستحکم کرنے اور انہیں جدید آلات فراہم کرنے کے کے لیے اسپیشل فارسٹ اسکواڈ کے قیام کی بھی منظوری ہوئی ہے  اور اس مقصد کے لیے نئی آسامیوں کی تخلیق کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ یہ بات گزشتہ روز وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت محکمہ جنگلات کے ایک اجلاس میں بتائی گئی ہے۔


صوبائی وزیر جنگلات اشتیاق ارمڑ ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان اور سیکرٹری فارسٹ اسلام زیب کے علاؤہ دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو گزشتہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ چترال اور دیگر علاقوں میں چلغوزے کے جنگلات کے  بہتر انتظام و انصرام  اور چلغوزے کی فصل کی ویلیو ایڈیشن اور مارکیٹنگ کے لیے  جامع پلان تیار کر لیا گیا ہے ۔ مزید بتایا گیا کہ 10 بلین ٹری سونامی منصوبے کے علاؤہ صوبے کے دیگر ایکالوجیکل زونز کے لیے انٹگریٹڈ نیچرل ریسورس منیجمنٹ پلان کی تیاری پر کام جاری ہے ۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ صوبے میں ایکوٹوارزم پالیسی کا ابتدائی مسودہ تیار کر لیا گیا ہے جبکہ ایکو ٹوارزم سرگرمیوں کو فارسٹ منیجمنٹ پلانز میں بھی شامل کیا گیا ہے۔ محکمہ کے تحت اٹھائے گئے دیگر اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 10 بلین ٹری سونامی پروجیکٹ کے تیسرے مرحلے کے تحت ضلع کوہاٹ میں تفریحی پارک قائم کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاؤہ زرعی زمینوں میں درخت لگانے سے متعلق ایکٹ تیار کر لیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے جنگلات کے تحفظ کو موسمی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے انتہائی ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنگلات کا تحفظ  بحیثیت قوم ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے اور ہم سب کو جنگلات کے تحفظ کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔

وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ جنگلات کے تحفظ کے لیے مقامی لوگوں کی زیادہ  سے زیادہ شمولیت کو یقینی بنایا جائے اور جنگلات کی اہمیت سے متعلق انہیں آگاہی دی جائے۔ انہوں نے محکمہ جنگلات کے حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ فارسٹ ڈویلپمنٹ کارپوریشن کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور  اس کی تجدید کاری کے لیے تین ماہ کے اندر ایکشن پلان ترتیب دے کر منظوری کے لیے پیش کیا جائے تاکہ اس ادارے کو جدید تحقیق کا ایک مستند ادارہ بنایا جا سکے۔ وزیر اعلیٰ نے پاکستان فارسٹ انسٹیٹیوٹ کی بھی تجدید کاری کے لیے ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔  انہوں نے مزید ہدایت کی کہ  گھریلو استعمال کے لیے  لکڑی کے استعمال کو کم کرنے کے لیے دیگر ذرائع کی دستیابی پر بھی کام کیا جائے تاکہ لکڑی کے استعمال کو کم سے کم کیا جا سکے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
53669