Chitral Times

May 1, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

عیدالفطر پر سیاحوں کو بہتر خدمات فراہمی کیلئے ٹورازم پولیس اور سٹاف کی چھٹیاں منسوخ

شیئر کریں:

عیدالفطر پر سیاحوں کو بہتر خدمات فراہمی کیلئے ٹورازم پولیس اور سٹاف کی چھٹیاں منسوخ
ٹورازم پولیس کے جوان عیدالفطر پر دن رات ڈیوٹی سرانجام دینگے، مشیر سیاحت زاہد چن زیب
خیبر پختونخوا ٹورازم اتھارٹی کے چترال، کاغان، نتھیاگلی، ایبٹ آباد اور دیر سمیت تمام سیاحتی سہولت مراکز سیاحوں کیلئے کھلے رہینگے. مشیرسیاحت

پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ) وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سیاحت، ثقافت، آثارقدیمہ و عجائب گھر زاہد چن زیب نے عیدالفطر کے پیش نظر سیاحتی علاقوں میں تعینات ٹورازم پولیس کے اہلکاروں اور ٹورازم سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں اور ہدایت کی ہے کہ خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کی طرف سے قائم کردہ سیاحتی سہولت مراکز اور ٹورازم پولیس کے نوجوانان عیدالفطر کے دوران سیاحوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ یہ ہدایات انہوں نے عیدالفطر کی تعطیلات میں سیاحت کے انتظامات سے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اس موقع پر سیکرٹری محکمہ سیاحت و ثقافت محمد بختیار خان، ڈائریکٹرجنرل کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی برکت اللہ مروت اور دیگر سینئر افسران موجود تھے۔ زاہد چن زیب نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی ہدایات کے تحت صوبائی حکومت عیدالفطر پر سیاحوں کو ہرممکن سہولیات مہیا کریگی۔ سیاح بلاخوف و خطر صوبہ کے سیاحتی مقامات کی سیر کر سکتے ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ تمام علاقائی سیاحتی اتھارٹیز کو بھی سیاحوں کیلئے سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی گئی ہے جبکہ سیاحتی مقامات پر ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے ٹورازم پولیس اور ریسکیو 1122 کے اہلکار ہمہ وقت ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔سیاح اپنے سفر سے قبل ٹورازم ہیلپ لائن 1422 پر رابطہ کرکے اپنا ٹور پلان بنا سکتے اور راستوں کی معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔ یہ ٹورازم ہیلپ لائن 24 گھنٹے فعال ہے اور سیاح کہیں بھی گاڑی خراب ہونے پر بھی مدد طلب کر سکتے ہیں۔ اسی طرح خیبر پختونخوا ٹورازم اتھارٹی کے چترال، کاغان، نتھیاگلی، ایبٹ آباد اور دیر سمیت تمام سیاحتی سہولت مراکز سیاحوں کیلئے کھلے رہینگے جبکہ ٹورسٹ سروسز ونگ کے انسپکٹر ہوٹلز کے کرایوں اور معیارکو ہر صورت یقینی بنائینگے۔ سیاحوں کیلئے عیدالفطر کے موقع پر 13اپریل کو پشاور تا تخت بھائی ٹرین سفاری چلانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عیدالفطر سے قبل سیاحتی مقامات پر ہیلپ لائن کے بورڈ آویزاں کئے جائیں گے جبکہ تمام ٹورازم اتھارٹیز اپنے دفاتر میں کنٹرول روم کا قیام عمل میں لائیں گے تاکہ عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران سفر کرنے والے سیاحوں کو اگر کسی جگہ مشکل پیش آتی ہے تو اس کا بروقت ازالہ کیا جا سکے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
87332