Chitral Times

May 3, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

 یونیورسٹی آف ملاکنڈ کاسینٹ اجلاس، اجلاس میں یونیورسٹی اسٹیٹیوٹس کی اصولی منظوری، کنٹریکٹ ملازمین کی مدت ملازمت میں 6 ماہ کی توسیع دی گئی

Posted on
شیئر کریں:

 یونیورسٹی آف ملاکنڈ کاسینٹ اجلاس، اجلاس میں یونیورسٹی اسٹیٹیوٹس کی اصولی منظوری، کنٹریکٹ ملازمین کی مدت ملازمت میں 6 ماہ کی توسیع دی گئی

گورنر کا یونیورسٹی انتظامیہ کو فیسوں میں کمی اورمارکیٹ اورینٹڈریسرچ کوفروغ دینے کی ہدایت

گورنرسے نومنتخب سپیکر صوبائی اسمبلی بابرسلیم سواتی کی بھی گورنرہاوس میں ملاقات، مختلف امور پر تبادلہ خیال

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ) گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی کی زیرصدارت منگل کے روز گورنرہاوس پشاور میں یونیورسٹی آف ملاکنڈ کاچھٹاسینٹ اجلاس منعقد ہوا جس میں یونیورسٹی کے اسٹیٹیوٹس منظوری کیلئے پیش کئے گئے، اس موقع پر اراکین سینٹ کیجانب سے اسٹیوٹس کی قانونی حیثیت سمیت مختلف حصوں پر تفصیلی غور و خوض کے بعداسٹیٹیوٹس کو سینٹ کی سب کمیٹی جس میں محکمہ اعلی تعلیم، لاء، اسٹیبلشمنٹ اورخزانہ کے نمائندے شامل ہوں گے،کوبھجوانے کا فیصلہ کیاگیا، سینٹ کی سب کمیٹی یونیورسٹی کے تیارکردہ اسٹیٹیوٹس کا قانونی جائزہ لیکر ایک مہینے کے اندر پیچیدگیاں ختم کرے گی۔،اجلاس میں ملاکنڈ یونیورسٹی کے عارضی ملازمین کی مدت ملازمت میں توسیع کا ایجنڈا بھی پیش کیا گیا، اجلاس کو بتایاگیاکہ یونیورسٹی میں کنٹریکٹ ملازمین کی 3 سالہ مدت ملازمت پوری ہوچکی ہے تاہم پہلے الیکشن کمیشن اور اب صوبائی حکومت کی جانب سے حالیہ بھرتیوں پر پابندی کی وجہ سے نئی تعیناتیاں نہیں کی جاسکتی ہیں جس کیلئے سینٹ اجلاس میں کنٹریکٹ ملازمین کی مدت ملازمت میں 6 مہینے توسیع کی منظوری دی گئی تاہم صوبائی حکومت کی تقرریوں پرپابندی ختم ہونے کے بعد میں میرٹ پریونیورسٹی کو نئی بھرتیوں کی ہدایت کی گئی۔

 

اجلاس میں یونیورسٹی فیسوں کا بھی جائزہ لیاگیا جس پر گورنرنے یونیورسٹی انتظامیہ کو فیسوں میں کمی کرنے کی بھی ہدایت کی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ یونیورسٹیوں کو عالمی دنیا اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق طلباء وطالبات کو تیار کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ ایسی تعلیم فراہم کرنی چاہئے کہ فارغ التحصیل طلباء وطالبات عملی زندگی میں عالمی دنیا کا مقابلہ کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ صوبہ کی تمام یونیورسٹیوں کو تعلیمی رینکنگ میں نمایاں پوزیشن پر دیکھنا چاہتے ہیں اور اس سلسلے میں چانسلر آفس سے تمام اعلی جامعات کو ہر ممکن تعاون و رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔ سینٹ اجلاس میں وائس چانسلر ملاکنڈ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹررشید احمد،پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر مظہر ارشاد سمیت محکمہ ہائیر ایجوکیشن، محکمہ خزانہ، محکمہ اسٹیبلشمنٹ کے افسران سمیت سینٹ اراکین نے شرکت کی۔

بعدازاں گورنر سے نومنتخب سپیکر بابرسلیم سواتی نے بھی گورنرہاوس پشاورمیں ملاقات کی اورصوبے کی مالی مشکلات سمیت دیگرامور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر میئرپشاور حاجی زبیرعلی بھی موجود تھے۔ملاقات سے قبل گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے سپیکر صوبائی اسمبلی کو ٹیلی فون کیا تھا اور اسپیکر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباددینے کیلئے سپیکرہاؤس آنے کی خواہش کااظہارکیا تھا جس پر اسپیکر صوبائی اسمبلی نے گورنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ خود گورنرہاؤس ملاقات کیلئے آئیں گے۔

chitraltimes governor kp chairing malakand university senate meeting


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
85932