Chitral Times

May 21, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

نگران وزیراعلیِ کا بلدیاتی اداروں اور بلدیاتی نمائندوں کے مسائل مستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو ایک ہفتے کے اندر تجاویز اور لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت

شیئر کریں:

نگران وزیراعلیِ کا بلدیاتی اداروں اور بلدیاتی نمائندوں کے مسائل مستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو ایک ہفتے کے اندر تجاویز اور لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت

پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے بلدیاتی اداروں اور بلدیاتی نمائندوں کے مسائل مستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو ایک ہفتے کے اندر تجاویز اور لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ نگران صوبائی حکومت اپنے مینڈیٹ کے اندر رہتے ہوئے منتخب بلدیاتی نمائندوں کے مسائل حل کرنے کیلئے تمام ممکن اقدامات اُٹھائے گی۔ وہ جمعہ کے روز وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں بلدیاتی اداروں اور منتخب بلدیاتی نمائندوں کے مسائل کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ نگران کابینہ اراکین احمد رسول بنگش، انجینئر عامر ندیم درانی،ڈاکٹر سید سرفراز علی شاہ کے علاوہ چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری اور متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز اجلاس میں شریک تھے۔ اجلاس میں بلدیاتی اداروں اور بلدیاتی نمائندوں کو درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ان کے پائیدار حل سے متعلق اُمور پر گفتگو کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ضم شدہ اضلاع میں ویلج کونسلز اور نیبر ہڈ کونسلز کے دفاتر کے قیام کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ آئندہ ہفتے وہ بذات خود منتخب بلدیاتی نمائندوں کے وفد کے ساتھ ملاقات کر کے ان کے مسائل سنیں گے تب تک تمام متعلقہ حکام اس سلسلے میں اپنا ہوم ورک مکمل کرلیں۔

 

 

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس(ر) سید ارشد حسین شاہ نے انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈزیزز پشاور کے آپریشن تھیٹرکا ویڈیو وائرل ہونے کا نوٹس

پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ )کی وائرل ویڈیو کا سختی سے نوٹس لیا ہے اور متعلقہ حکام سے معاملے کی فوری رپورٹ طلب کی ہے۔ واضح رہے ویڈیو میں آپریشن تھیٹر  کے اندر دوران آپریشن طبی آلات پر لال بیگ چلتا ہوا دکھایا گیاہے۔ سید ارشد حسین شاہ نے کہا کہ اس طرح کا واقعہ انسانی جانوں سے کھیلنے کے مترادف ہے، یہ متعلقہ ذمہ داروں کی غفلت اور لاپرواہی کی نشاندہی کرتا ہے۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہسپتالوں میں صفائی علاج معالجے کے لئے بنیادی شرط ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو معاملے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں اس طرح کی لاپرواہی ناقابل برداشت ہے۔

 

نگران وزیراعلیِ کا مروت کینال سسٹم کو مکمل استعداد کے ساتھ فعال بنانے اور اس مقصد کے لیے باران ڈیم کا جاری مرمتی کام آئندہ دو ہفتوں کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت

پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ نے مروت کینال سسٹم کو مکمل استعداد کے ساتھ فعال بنانے اور اس مقصد کے لیے باران ڈیم کا جاری مرمتی کام آئندہ دو ہفتوں کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے نہر کی حفاظت پر مامور عملے کو ڈیوٹی کا پابند بنانے جبکہ اپنے ذاتی مفاد کی خاطر نہر پر غیر قانونی کٹ لگانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کی بھی ہدایت کی اور واضح کیا کہ کسی کو بھی پبلک پراپرٹی کو نقصان پہنچانے اور بد امنی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وہ جمعہ کے روز وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں مروت کینال سسٹم کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ سیکرٹری محکمہ زراعت، پراجیکٹ ڈائریکٹر اور دیگر متعلقہ حکام کے علاؤہ سابق رکن صوبائی اسمبلی منور خان کی سربراہی میں مروت عمائدین کے وفد نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو مروت کینال سسٹم کی تعمیر و بحالی، باران ڈیم کی مرمتی سرگرمیوں اور دیگر متعلقہ امور و مسائل کے بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ باران ڈیم کی بحالی کا کام 99 فیصد مکمل ہے، وسائل کی دستیابی کی صورت میں باقی ماندہ ایک فیصد کام بھی پندرہ سے بیس دنوں میں مکمل کر لیا جائے گا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ مروت کینال سسٹم مجموعی طور پر 63 کلو میٹر طویل ہے جس کے ذریعے ایک لاکھ ستر ہزار ایکڑ اراضی کو پانی فراہم کیا جاتا ہے۔ باران ڈیم کے گیٹ وے کے مرمتی کام کی وجہ سے نصف استعداد کے مطابق پانی چھوڑا گیا ہے، جیسے ہی مرمتی کام مکمل ہوتا ہے، پوری استعداد کے ساتھ نہر کو فعال کر دیا جائے گا۔ تاہم اجلاس میں بتایا گیا کہ پانی کی منصفانہ تقسیم اور نہر کی حفاظت کے سلسلے میں مسائل درپیش ہیں جن کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو مروت کینال سسٹم کی حفاظت اور مینجمنٹ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو بھی نہری نظام کو اپنے ذاتی مفاد کے لیے سبوتاژ کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔ اگر کوئی شخص اس کام میں ملوث پایا جائے تو اس کے خلاف ایف آر درج کر کے کاروائی کی جائے اور ایف آئی آر میں دہشت گردی کی دفعات شامل کی جائیں کیوں کہ یہ پبلک پراپرٹی کو نقصان پہنچانے اور امن عامہ میں دخل اندازی کا معاملہ ہے جو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کوئی شخص ایسے عناصر کی معاونت یا پشت پناہی کرتا ہے تو اسے بھی شریک جرم تصور کیا جائے گا اور ان سب کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، اس سلسلے میں کسی قسم کی سفارش یا دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ کسی کا حق مارنا اور اپنے حق سے تجاوز کرنا بھی کرپشن ہے۔ انہوں نے نہر سے پانی کی فراہمی کا باضابطہ شیڈول جاری کرنے کی بھی ہدایت کی ہے تاکہ حق دار کو حق کی فراہمی ممکن ہو سکے۔ انہوں نے اس موقع پر مقامی عمائدین اور عوام پر بھی زور دیا کہ وہ نہر کے تحفظ کو یقینی بنانے اور اس کے غیر قانونی استعمال کو روکنے کے لیے کردار ادا کریں، علاقے کے وسیع تر مفاد میں آپس میں اتحاد و اتفاق کو فروغ دیں کیونکہ بے اتفاقی اور خود غرضی سماج دشمن عناصر کو موقع فراہم کرتی ہے جو کسی کے بھی مفاد میں نہیں ہے۔ اجلاس میں کچکوٹ کینال سسٹم منصوبے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور آگاہ کیا گیا کہ کچکوٹ کینال سسٹم کی بحالی کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے جس کا تخمینہ لاگت ڈیڑھ ارب روپے ہے۔

وزیراعلی کا ٹانک پولیس لائنز اور جمرود چیک پوسٹ پر دہشتگرد حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت

پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس(ر) سید ارشد حسین شاہ نے ٹانک پولیس لائنز اور جمرود چیک پوسٹ پر دہشتگرد حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور حملوں میں پولیس و سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے شہداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے اور کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان کے قیام کے لئے سکیورٹی اداروں نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں حکومت اور عوام سکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ہمیں اپنے جوانوں کی قربانیوں پر فخر ہے، اس طرح کے بزدلانہ واقعات سے ہمارے جوانوں کے حوصلے پست نہیں ہونگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کے لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔دریں اثناء،وزیر اعلیٰ نے حملوں میں زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

 

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
83035