Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

عوام کو ریلیف دینے کیلئے وفاقی کابینہ کی گیس کی قیمت میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ

Posted on
شیئر کریں:

اسلام آباد(آئی آئی پی) وفاقی کابینہ نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے گھریلو صارفین، روٹی تندوروں اور صنعتوں کے لئے بجلی اور گیس کی قیمت میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ماضی کی حکومتوں نے طویل المدت مہنگے معاہدے کیے جس کا سارا بوجھ عوام کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے، اس وقت جس ریٹ پر گیس خریدنے کا معاہدہ کیا گیا اور پندرہ سالوں کے لئے قوم کو مہنگے دام ادا کرنے پر پابند بنا دیا گیا اس کے مقابلے میں آج عالمی سطح پرگیس کی قیمت خاطر خواہ کم ہے، وفاقی کابینہ نے مشترکہ مفادات کی کونسل کے مستقل سیکرٹریٹ کے قیام اور نیشنل کمیشن برائے حقوق اطفال کی تشکیل کی منظوری دی ہے۔ وفاقی کابینہ کا اجلاس یہاں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس کے بعد صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آج کابینہ کے اجلاس کے آغاز میں وزیرِ اعظم کے معاون خصوصی اور دیرینہ دوست نعیم الحق مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے چین کے صدر شی جن پنگ سے ہونے والی بات چیت کے بارے میں بھی بتایا اور کہا کہ صدر شی نے مشکل کی اس گھڑی میں اظہار یکجہتی پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی نے بتایا کہ صدر شی نے وزیراعظم کو بتایا کہ چین میں زیر تعلیم پاکستانی طلبا ہمارے اپنے بچوں کی طرح ہیں اور ان بچوں کا خصوصی طور پر خیال رکھا جا رہا ہے، صدر شی نے کہا کہ پاکستان چین کا ایسا مخلص دوست ہے جو ہر مصیبت میں چین کے ساتھ کھڑا ہے، چینی عوام مشکل میں ساتھ دینے والوں کو نہیں بھولتے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے وزیرِ خارجہ اور وزارتِ خارجہ کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے کامیاب دورے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ جس واضح انداز میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے مظلوم کشمیریوں کے حقوق کی بات کی ہے اس سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی جانب سے کشمیریوں کے حقوق کے بارے میں واضح بیان سفارتی محاذ پر پاکستان کی بہت بڑی کامیابی ہے۔ کابینہ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے لاوارث نوزائیدہ بچوں کے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ لاوارث نوزائیدہ اور چھوٹے بچوں کی خریدو فروخت انتہائی غیر انسانی اورظالمانہ فعل ہے۔ انہوں نے وزیر قانون کو ہدایت کی کہ اس سنگین جرم کی روک تھام اور ایسی غیر انسانی اور غیر قانونی تجارت میں ملوث مافیا کا سدباب کرنے کے لئے فوری طوری پر تمام ضروری انتظامی اقدامات کیے جائیں۔ کابینہ کے اجلاس کے دوران وزیرِ اعظم نے انتخابات کے نظام کو شفاف بنانے کے لئے جامع اقدامات کی ہدایت کی تاکہ شفاف انتخابات کے لئے متعارف کی جانے والی اصلاحات پر مبنی سفارشات کو مرتب کرنے کے عمل کو تیز کیا جائے، اس سے الیکشن کے حوالے سے مختلف ادوار میں سیاسی جماعتوں کی جانب سے سامنے آنے والے تحفظات کا مستقل حل نکالا جا سکے گا اور انتخابات کو صحیح معنوں میں صاف شفاف بنایا جا سکے گا۔ انہوں نے اس حوالے سے قانون میں ترامیم کے ضمن میں بھی ہدایات جاری کیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے زندگی بچانے والی ادویات کی دستیابی کے حوالے سے شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ زندگی بچانے والی ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں وزارت صحت کو ہیلتھ ٹاسک فورس کی ہدایات اور تجاویز پر عملدرآمد کی ہدایت بھی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ فیصل واوڈا نے خصوصی بچوں کے لئے خوراک اور ادویات کی درآمد پر عائد پابندیوں اور مشکلات کا معاملہ اٹھایا جس پر وزیراعظم نے متعلقہ وزارت کو واضح روڈ میپ بنانے کی ہدایت کی تاکہ سپیشل مریضوں کے لئے اس طرح کی ادویات اور خوراک کی فراہمی کا مرحلہ آسان بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کو بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی موجودہ صورتحال اور ان میں کمی لانے کے حوالے سے منصوبہ بندی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
.
کابینہ کو بتایا گیاکہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان سامنے آ رہا ہے۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ قیمتوں میں کمی لانے کے حوالے سے یوٹیلیٹی اسٹورز کو فراہم کیے جانے والے پندرہ ارب روپے کے پیکیج کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ بنیادی اشیائے ضروریہ کی فراہمی کو یقینی بنانے کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں بتاتے ہوئے مشیر خزانہ نے بتایا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گندم کی رسد و طلب کو یقینی بنانے کے لئے پانچ لاکھ ٹن گندم درآمد کا فیصلہ کیا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ گندم کو اس وقت درآمد کیا جائے جب عالمی سطح پر اس کی قیمت کم ہو۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی نے بتایا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے سہ ماہی، ششماہی جائزے اور سٹاف لیول مذاکرات کے بارے بتایا گیا کہ پہلی سہ ماہی جائزے میں آئی ایم ایف کی جانب سے حکومتی اقدامات کو سراہا گیا ہے۔ششماہی جائزہ مکمل ہونے پر فنڈ کی جانب سے مزید حوصلہ افزا بیان سامنے آیا ہے۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ سٹاف لیول بات چیت کے حوالے سے بعض رپورٹس محض افواہوں پر مبنی ہیں جن میں کوئی حقیقت نہیں۔ مشیر خزانہ نے امید ظاہر کی کہ آئندہ چند روز میں مزید مثبت خبریں سامنے آئیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے حکومتی اقدامات کے بارے میں مشیر خزانہ نے بتایا کہ حکومت کی اولین ترجیح احساس پروگرام سے مستفید ہونے والے افراد اور انکے خاندان ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ تنخواہ دار طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے مختلف تجاویز بھی زیر غور ہیں۔ کم آمدنی والے افراد اور غربت کا شکار خاندانوں کو ریلیف فراہم کرنے اور مہنگائی سے محفوظ رکھنے کے حوالے سے کابینہ کو بتایا گیا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کی جانب سے آٹا و دیگر اجناس براہ راست خریدی جا رہی ہیں تاکہ یہ کم قیمت پر میسر آئیں اور اس کمی کا فائدہ عوام کو پہنچایا جا سکے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ وزیراعظم نے ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز کو خصوصی طور پر طلب کر کے انہیں ہدایت کی کہ گھی اور خوردنی تیل آزاد کشمیر اور انضمام شدہ علاقوں میں قائم گھی ملوں سے گھی خریدنے پر بھی غور کیا جائے تاکہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر فراہم کیے جانے والے گھی کی قیمتوں میں مزید کمی آئے۔ انہوں نے بتایا کہ گندم کی ضروریات اور مطلوبہ اسٹاک کی موجودگی پر بات چیت کرتے ہوئے کابینہ کو بتایا گیا کہ اس وقت ملک میں اٹھائیس لاکھ ٹن گندم کا اسٹاک موجود ہے جو کہ ملکی ضروریات کے لئے کافی ہے۔
.
کابینہ کو بتایا گیا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کل صوبہ سندھ اور صوبہ خیبر پختونخواہ کے لئے ایک ایک لاکھ ٹن گندم ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ صوبوں کو اس بات کا پابند بنایا جا رہا ہے کہ وہ اپنے اہداف کے مطابق گندم کی خریداری کو یقینی بنائیں۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ اس سال گندم کی خریداری کا ٹارگٹ 8.25ملین ٹن مقرر کیا گیا ہے۔ اس میں سے پاسکو 1.8 ملین ٹن، پنجاب 4.50 ملین ٹن، سندھ1.40ملین ٹن، خیبر پختونخواہ0.45 اور بلوچستان کے لئے0.10ملین ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے۔ سندھ میں 10مارچ سے گندم کی خریداری شروع ہو جائے گی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کابینہ کو چینی کے ضمن میں بتایا گیا کہ صوبائی حکومتوں کی جانب سے ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات کو مزید موثر بنایا جا رہا ہے۔ چینی کی حقیقی قیمتوں کا تعین تھرڈ پارٹی سے کرایا جا رہا ہے، اقتصادی رابطہ کمیٹی نے تین لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کی اجازت دے دی ہے جس پر ریگولیٹری ڈیوٹی عائد نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کو بتایا گیا کہ گندم کے معاملے پر جامع انکوائری رپورٹ آئندہ ایک ہفتے میں موصول ہو جائے گی جس سے عوام کو بھی آگاہ کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ چینی کے معاملے پر بھی مذکورہ کمیٹی کو تفصیلی سوالات فراہم کر دیئے گئے ہیں تاکہ چینی کی قیمت، اسٹاک کی فراہمی، برآمد وغیرہ سے متعلق تمام حقائق کی تفصیلات سامنے آ جائیں۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ گندم اور چینی کے حوالے سے تمام حقائق قوم کے سامنے رکھے جائیں گے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ کابینہ نے وزارتِ صنعت و پیداوار کو ہدایت کی کہ چینی کے قیمتوں کے تھرڈ پارٹی سے تعین کرانے کی تمام کاروائی جلد از جلد مکمل کرنے کی کوشش کی جائے۔ کابینہ کو آلو، ٹماٹر اور پیاز کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے حوالے سے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ پیاز کے حوالے سے بتایا گیا کہ ای سی سی نے پیاز کی برآمد پر پابندی لگائی ہے۔31مئی 2020کے بعد اس پابندی کا جائزہ لیا جائے گا اور اس وقت کے حالات کو مدنظر رکھ کر مزید فیصلے کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ کو بتایا گیا کہ ٹماٹروں کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان سامنے آیا ہے، گھی/خوردنی تیل کے حوالے سے بتایا گیا کہ گھی / خورودنی تیل کی قیمتوں پر کنٹرول کرنے کے حوالے سے صوبائی حکومتوں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہے۔ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے تعاون سے اس بات کو یقینی بنائے گی کہ عالمی سطح پر پام آئل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچایا جائے۔ کابینہ کو دالوں کے حوالے سے بتایا گیا کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔اس کے علاوہ مونگ کہ جس کی پیداوار پاکستان میں ہوتی ہے اسکی سمگلنگ کی روک تھام پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ یوٹیلیٹی اسٹورز کو ہدایت کی گئی ہے کہ دالوں کی براہ راست درآمدکیا جائے تاکہ اس کا تمام ریلیف عوام تک پہنچایا جا سکے۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ کابینہ کو بتایا گیا کہ ماسوائے ایک دو اشیا کے کھانے پینے کی دیگر تمام اشیا کی قیمتوں میں کمی کا رجحان سامنے آرہا ہے جو کہ نہایت حوصلہ افزا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کو سماجی فلاح و بہبود اور تخفیف غربت کے حوالے سے حکومت کے سب سے اہم پروگرام احساس کے ممبران پارلیمنٹ سے رابطوں اور اشتراک کا ایجنڈا ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی لیہ میں مصروفیات کی وجہ سے زیر غور نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کو پٹرول، ڈیزل اور گیس کی قیمتوں کے نظام اور ان قیمتوں میں ممکنہ حد تک کمی لانے کے حوالے سے زیر غور تجاویز پر بریفنگ بھی دی گئی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کو آئندہ چند ماہ تک موجودہ سطح پر رکھنے کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کر لیا گیا ہے تاہم اس کا حتمی فیصلہ آئندہ چند روز میں کیا جائے گا۔ کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے گھریلو صارفین، روٹی تندوروں اور صنعتوں کے لئے بجلی اور گیس کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ ماضی کی حکومتوں نے طویل المدت مہنگے معاہدے کیے جس کا سارا بوجھ عوام کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔
.
کابینہ کو بتایا گیا کہ اس وقت جس ریٹ پر گیس خریدنے کا معاہدہ کیا گیا اور پندرہ سالوں کے لئے قوم کو مہنگے دام ادا کرنے پر پابند بنا دیا گیا اس کے مقابلے میں آج عالمی سطح پرگیس کی قیمت خاطر خواہ کم ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے اجلاس کے دوران صارفین پر گیس بلوں کے حوالے سے ڈالے جانے والے بوجھ پر تحفظات کا اظہار کیا اور وزیر توانائی اور وزیر پانی و بجلی کو لائن لاسز کم کرنے کے لئے پائیدار اور قابل عمل روڈ میپ لانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مختلف سلیبز کے ساتھ یونٹوں کے ہیر پھیر کی روک تھام کے لئے ٹیکنالوجی کے استعمال کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے اجلاس میں برملا اور واضح اعلان کیا کہ گیس اور بجلی کی قیمتوں کو منجمد کیا جائے اور اس میں کوئی اضافہ نہیں ہو گا۔ وزیر توانائی اور وزیر پاور کو اگلی میٹنگ میں ایسی تجاویز لانے کی ہدایت کی گئی جس میں آؤٹ آف دی باکس آپشن موجود ہو تاکہ بلوں میں سرچارج اور ٹیکسوں کا بوجھ عوام کے کندھوں سے ہٹایا جائے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کابینہ نے نیشنل کمیشن برائے حقوق اطفال کی تشکیل کی منظوری دی ہے۔ جس کے مطابق افشاں تحسین کو چیئرپرسن، ڈاکٹر روبینہ فرید ممبر اسلام آباد، محمد ہاشم خان ممبر بلوچستان، جہانزیب خان ممبر خیبرپختونخوا، روبینہ فیروز بھٹی ممبر پنجاب، اقبال احمد ڈیتھو ممبر سندھ، تاجدار حسین ہاشمی ممبر چائلڈ (لڑکا)، فریال جاوید ممبر چائلڈ (لڑکی) مقرر کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کابینہ نے مشترکہ مفادات کی کونسل کے مستقل سیکرٹریٹ کے قیام کی اصولی منظوری دی۔ یہ سیکرٹریریٹ وزارتِ بین الصوبائی رابطہ میں قائم ہوگا۔کابینہ کو بتایا گیا کہ ماضی میں دو حکومتوں کی جانب سے مستقل سیکرٹریٹ کے قیام کو نظر انداز کیا گیا جو کہ ایک آئینی ضرورت تھی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ یہ اقدام حکومت کے بین الصوبائی رابطوں کو موثر بنانے اور وفاق اور صوبوں کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا عکاس ہے۔کابینہ نے ہدایت کی کہ اسکے حوالے سے قواعد و ضوابط کو مرتب کرنے کا عمل ایک ہفتے میں مکمل کیا جائے۔اس حوالے سے شفقت محمود، عمرایوب، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، زبیدہ جلال اور اسد عمر پر مبنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو قواعدو ضوابط کو حتمی شکل دے کر سفارشات کابینہ کو پیش کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے پاکستان نرسنگ کونسل کے ممبران کے نوٹیفیکیشن کی بھی منظوری دی۔ نرسنگ کونسل میں پنجاب سے بشری مقبول، خیبرپختونخوا سے مسلم شاہ، بلوچستان سے ظفر خان، شگفتہ عشرت (پنجاب)، ارشاد بیگم (خیبرپختونخوا)، رخسانہ دوست (بلوچستان)، شاہین کوثر (پنجاب)، مسز ارفہ (خیبرپختونخوا) اور عنایت اللہ (بلوچستان) شامل ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ کابینہ نے 46نئے اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹر لائسنسزکے اجراء، 07لائسنسز کو ختم کرنے، 08کے ٹرانسفر اور 02لائسنس کے احاطہ عمل داری میں تبدیلی کی بھی منظوری دی۔

انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے فرحان شفیع کی بطور منیجنگ ڈائریکٹر/چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن تعیناتی کی بھی منظوری دی۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے چیف ماہرشماریات (Chief Statistician) کی باقاعدہ تقرری تک اس عہدے کی ذمہ داریاں سیکرٹری پلاننگ ڈویلپمنٹ اینڈ سپیشل اقدامات کو دینے کی منظوری دی۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی نے بتایا کہ کابینہ نے گیس کی دریافت اور پیداوار کے شعبے میں کام کرنے والے کمپنیوں کے لئے ان پٹ ٹیکس کی ادائیگیوں کے نظام کے طریقہ کار کو آسان بنانے کے حوالے سے پیش کی گئی تجویز کی بھی منظوری دی۔ اس منظورشدہ تجویز کے تحت گیس کی دریافت اور پیداوار کے آپریٹر کو یہ اجازت دی گئی ہے کہ وہ مشترکہ ان پٹ ٹیکس کودیگر ریجسٹرڈ افرادیا مفاد رکھنے والے مالکان کو ان کے حصے کے مطابق ٹرانسفر کر سکے۔اس طریقہ کار سے دریافت اور پیداوار کے شعبے سے منسلک افراد کے ریفنڈز کے معاملات میں آسانی میسر آئے گی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ کابینہ نے سعدیہ خان کی بطورکمشنر سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان تعیناتی کی بھی منظوری دی۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے مالی سال 2019-20کے وسط سالہ (مڈ ائیر) جائزے کو قومی اسمبلی میں پیش کرنے کی بھی منظوری دی۔ اس جائزے میں وفاقی آمدن کی تفصیلات، کرنٹ، ترقیاتی اخراجات، بجٹ فنانسنگ اور آنے والی صورتحال کا جائزہ قومی اسمبلی کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ وسط سالہ جائزہ قومی اسمبلی میں پیش کیا جا رہا ہے۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ بجٹ کے حوالے سے کارکردگی درست سمت میں جا رہی ہے ماسوائے مطلوبہ ریونیو کے اہداف حاصل کرنے میں کچھ مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ پرائمری سرپلس کا ہدف حاصل کر لیا گیا ہے۔ پچھلے سال کے مقابلے میں بجٹ خسارہ کم ہے۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ حکومت کی جانب سے اسٹیٹ بنک سے کوئی قرضہ نہیں لیا جا رہا۔ آئی ایم ایف سے طے شدہ اہداف حاصل کیے جا رہے ہیں۔ کابینہ کو مالی سال کے بقیہ دو سہ ماہی کے لئے درپیش چیلنجز سے بھی آگاہ کیا گیا۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ ان چیلنجز سے نمٹنے کے لئے لائحہ عمل مرتب کر لیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے مشیر خزانہ کو ہدایت کی کہ ایف بی آر کی جانب سے ریونیو کے اہداف کو حاصل کرنے کے لئے جامع حکمت عملی بنائی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے زائرین منیجمنٹ پالیسی پر بھی غور کیا گیا۔ کابینہ نے پالیسی کو حتمی شکل دینے کے لئے کابینہ ممبران پر مشتمل کمیٹی قائم کی ہے جو پالیسی کو حتمی شکل دے گی۔ کابینہ نے زائرین کے معاملات کو منظم کرنے کے حوالے سے پالیسی کو اصولی طور پر سراہا۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی زائرین کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے ملائیشیا کے ماڈل کو سامنے رکھ کر لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیرِ اعظم نے پینشن اور حج فنڈ ز کے قیام کے حوالے سے وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور ڈاکٹر عشرت حسین پر مشتمل کمیٹی قائم کی ہے جو اپنی سفارشات کابینہ کو پیش کرے گی۔
.
بعد ازاں صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کراچی میں پی ایس ایل کا نئے آب و تاب کے ساتھ آغاز ہوا ہے، ہم پورے پاکستان کے عوام کی طرف سے پی ایس ایل میں شرکت کے لئے آنے والے کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہتے ہیں کہ یہ مسکراہٹیں بکھیرنے اور دنیا میں پاکستان کا حقیقی چہرہ اور تشخص اجاگر کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے انعقاد سے ہم نے دنیا کو بتا دیا ہے کہ پاکستان ایسا ملک ہے جو کھیل کے جذبے سے سرشار ہے۔ پی ایس ایل سے پاکستان کے مستقبل کے کھلاڑیوں کو تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ مل کر کھیلنے کا موقع ملے گا اور ان سے بہت کچھ سیکھ سکیں گے، اس کے علاوہ جن جن شہروں میں یہ مقابلے ہوں گے آنے والے غیر ملکی کھلاڑی وہاں کی ثقافت اور مہمان نوازی کو دنیا کے سامنے متعارف کرانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ اٹارنی جنرل کے استعفی سے متعلق بیان پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ انور منصور نے بیان ذاتی حیثیت جمع کرایا تھا، وفاقی حکومت اس سے لاعلم تھی، جب وزیراعظم کے نوٹس میں یہ بات لائی گئی تو انہوں نے وزیر قانون اور قانونی ٹیم کو واضح ہدایات جاری کیں، سیکرٹری لا نے حکومت کا موقف سپریم کورٹ میں جمع کرایا اور بیان سے لاتعلقی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے یقین دلایا ہے کہ وہ قانون کی حکمرانی اور عدلیہ کی آزادی پر یقین رکھتے ہیں۔ وزیراعظم نے انور منصور کو مستعفی ہونے کا کہا کیونکہ انور منصور نے حکومتی پالیسی کے برعکس بیان دیا تھا، وزیراعظم کے کہنے پر وہ مستعفی ہوئے ہیں، اس اقدام سے واضح ہوتا ہے کہ وزیراعظم عدلیہ کو آزاد اور خود مختار دیکھنا چاہتے ہیں، عدلیہ کی آزادی اور خود مختاری کے لئے وزیراعظم کی جدوجہد کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے اٹارنی جنرل کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ جنہوں نے عوام کو دکھ اور درد دیئے وہی لوگ آج عوام کے ہمدرد بن کر مگرمچھ کے آنسو بہا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مافیا کے خلاف جدوجہد منطقی انجام تک پہنچائیں گے، عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو مشکلات برداشت کرتے ہوئے ملک کیلئے قربانی دے رہے ہیں۔


شیئر کریں: