Chitral Times

May 21, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پرویز خٹک نے نئی سیاسی پارٹی کا اعلان کردیا، سابق وزیراعلی محمود خان بھی شامل

شیئر کریں:

پرویز خٹک نے نئی سیاسی پارٹی کا اعلان کردیا، سابق وزیراعلی محمود خان بھی شامل

پشاور(چترال ٹایمزرپورٹ ) پی ٹی آئی سے منحرف اور سابق وفاقی وزیر پرویز خٹک نے نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کردیا، سابق وزیر اعلیٰ محمود خان بھی پرویز خٹک کی پارٹی میں شامل ہوگئے۔ خیبر پختون خوا میں تحریک انصاف کو شدید دھچکا پہنچا ہے، پی ٹی آئی رہنما پرویز خٹک نے تحریک انصاف کے مقابل نئی سیاسی پارٹی بنانے کا اعلان کردیا جس میں سابق ارکان اسمبلی اور رہنماؤں سمیت سابق وزیراعلیٰ محمود خان نے بھی شمولیت پر رضامندی ظاہر کردی۔پرویز خٹک نے آج پی ٹی آئی پارلیمینٹرینز کے نام سے نئی پارٹی کا باقاعدہ اعلان کیا ہے، جس میں پی ٹی آئی کے 57 سابق ارکان اسمبلی نے شمولیت کا اعلان کیا ہے۔سابق وزیر اعلی محمود خان بھی پرویز خٹک کی نئی سیاسی جماعت میں شمولیت کے لیے ان کے پاس پہنچ گئے۔ محمود خان پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کا حصہ بنیں گے۔

نئی پارٹی کی حمایت کرنے والے تحریک انصاف کے سابق ارکان اسمبلی میں اشتیاق ارمڑ، ضیا اللہ، غزن جمال، پیر فدا، آغاز گنڈاپور، احتشام جاوید، احمد حسین، ابراہیم خٹک، وِلسن وزیر، ملک واجد، ارباب وسیم، شوکت علی، محب اللہ، اقبال وزیر، انور زیب، ظہورشاکر، عمران خٹک، مصورخان، شیر اکبر، صالح محمد، ندیم خیال، یعقوب شیخ، عزیز اللہ گران، فضل مولا اور دیگر شامل ہیں۔دریں اثنا نئی پارٹی کے لیے پی ٹی آئی رہنما و سابق صوبائی وزیر ہشام انعام اللہ نے پرویز خٹک سے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق پرویز خٹک نے ان سے کہا کہ نئی پارٹی بنارہا ہوں اس میں شمولیت اختیار کریں جس پر ہشام انعام اللہ نے شکوہ کیا کہ آپ مجھے پی ٹی آئی میں لائے اور بعد میں میری حمایت نہیں کی۔ذرائع کے مطابق ہشام انعام اللہ نے پرویز خٹک سے وقت مانگا اور کہا کہ سیف اللہ برادران سے مشورہ کرکے آپ کو آگاہ کروں گا۔

 

گندے انڈوں کو بے نقاب کرنے پر ”محکمہ زراعت“ اور ”عملے“ کے شکر گزار ہیں، تحریک انصاف

لاہور(سی ایم لنکس)تحریک انصاف نے کہا ہے کہ مون سون جاری ہے اور ملک میں ساون کی گھاس کی طرح سیاسی جماعتیں اْگ رہی ہیں، گندے انڈوں کو بے نقاب کرنے پر محکمہ زراعت اور اس کے عملے کے شکر گزار ہیں۔پرویز خٹک کی جانب سے نئی جماعت بنانے پر ردعمل میں تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان نے کہا ہے کہ مون سون جاری ہے اور ملک میں ساون کی گھاس کی طرح سیاسی جماعتیں اْگ رہی ہیں، ملک میں جمہوریت کی کھڑی فصل کو 14 جماعتی ٹڈی دَل سے تباہ کرکے سیاست کو جھاڑ جھنکار سے آباد کرنے کی کوشش جاری ہے۔ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ میدانِ سیاست میں ان نئی فصلوں کی آبیاری کے چیلنج میں ”محکمہ زراعت“ کے اہل کار شب و روز محنت سے ہلکان ہورہے ہیں، چند ہفتے پہلے لاہور میں بویا جانے والا ”استحکام“ مارکہ بیج گلا سڑا نکلا جو فصل بننے سے پہلے ہی خاک میں مل گیا۔ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ”پارلیمنٹیرین“ نامی بیج بھی عوامی ردّعمل کی پہلی بارش میں بہہ جائے گا، پسِ پردہ سازشوں میں شریک گندے انڈے بینقاب کرنے اور انہیں تحریک انصاف سے الگ کرنے پر ہم بہرحال ”محکمہ? زراعت“ اور اس کے ”عملے“ کے شکر گزار ہیں۔ترجمان نے کہا کہ ملکی سیاست طرح طرح کے رنگوں سے نکل کر سیاہ و سفید میں ڈھل چکی ہے، ”عشق قاتل سے بھی، مقتول سے ہمدردی بھی“ اور ”سجدہ خالق کو، ابلیس سے یارانہ بھی“ کا زمانہ بیت چکا، قوم یک زبان، ہم آواز اور یکجا ہوکر پوری یک سوئی کے ساتھ آئین و قانون کی حکمرانی اور حقیقی آزادی کا پرچم تھامنے والے قائد عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
76770