Chitral Times

Apr 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

شدید گرمی کے باعث گلیشئیرز پگھلنے کی وجہ سے گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں سیلاب کا خطرہ بڑھ رہا ہے،سینیٹر شیری رحمان

Posted on
شیئر کریں:

شدید گرمی کے باعث گلیشئیرز پگھلنے کی وجہ سے گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں سیلاب کا خطرہ بڑھ رہا ہے،سینیٹر شیری رحمان

اسلام آباد(سی ایم لنکس) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ شدید گرمی کے باعث گلیشئیرز پگھلنے کی وجہ سے گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں سیلاب کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔جمعرات کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان اور کے پی میں درجہ حرارت معمول سے 4تا 6 ڈگری زیادہ رہنے کی وجہ سے دونوں خطوں میں سیلاب اور گلیشیئل لیک آؤٹ برسٹ فلڈ (گلوف) کا خطرہ بڑھ رہا ہے، ممکنہ صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ، مقامی ادارے اور کمیونٹیز چوکس رہیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں خاص طور پر عید الاضحیٰ کے موقع پر جب چھٹیوں کی وجہ سے شمالی علاقاجات میں سیاحوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگا تو زیادہ احتیاط کی ضرورت ہوگی۔شیری رحمان نے کہا کہ پولر ریجن سے باہر پاکستان کے پاس کسی بھی دوسرے ملک کے مقابلے میں سب سے زیادہ گلیشیئرز ہیں، گزشتہ سال برفانی جھیلوں کے ٹوٹنے سے سیلاب کے 30 سے زیادہ واقعات نے ہزاروں افراد کو بے گھر کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں سب سے درخواست ہے کہ اپنی حفاظت کو ترجیح دیں۔

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, گلگت بلتستانTagged
75980