Chitral Times

Apr 26, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وادی کمراٹ, کالام، چترال، ناران قدرتی حسن، سیاحتی اعتبار سے ملک بھر کے سیاحوں کیلئے ایک پر کشش مقام رکھتے ہیں، حاجی غلام علی

Posted on
شیئر کریں:

وادی کمراٹ, کالام، چترال، ناران قدرتی حسن، سیاحتی اعتبار سے ملک بھر کے سیاحوں کیلئے ایک پر کشش مقام رکھتے ہیں، حاجی غلام علی

سیاحوں کو سہولیات فراہمی کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے، مقامی عمائدین، نوجوان بھی اپنا مثبت کردار ادا کریں، حاجی غلام علی

گورنر سے مولانا گل نور شاہ کی سربراہی میں وادی کمراٹ دیربالا کے نمائندہ عوامی وفد کی گورنر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات، وادی کمراٹ میں سڑکوں کی انتہائی خراب صورتحال اور سیاحوں کو تکالیف سے متعلق آگاہی فراہم کی

اسلام آباد ( چترال ٹایمز رپورٹ ) گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی سے مولانا گل نور شاہ کی سربراہی میں اسپین خان ایڈووکیٹ، جان عالم، مفتی بشیر احمد، مفتی عمر گل، محد جہانزیب، محمداجمیر، قاری عبدالغفار اور جہانزیب خان پر مشتمل وادی کمراٹ دیر بالا کے نمائندہ عوامی وفد نے گورنر ہاوس اسلام آبادمیں ملاقات کی اور گورنر کو دیر بالا کے پرکشش سیاحتی مقام وادی کمراٹ کے عوام اور سیاحوں کو درپیش مشکلات و مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد نے گورنر کو بتایا کہ وادی کمراٹ کو سیاحتی اعتبار سے ملک بھر کے سیاحوں کیلئے ایک پر کشش مقام کا درجہ حاصل ہے اور خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر کے عوام سیر و تفریح کیلئے اس وادی کا رخ کرتے ہیں لیکن بدقسمتی سے گزشتہ حکومت کی جانب سے سیاحت کو فروغ کے دعوے تو بہت کئے گئے لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے جس کا واضح ثبوت وادی کمراٹ کو سیاحوں کیلئے سہولیات کی عدم فراہمی ہے، وفد نے گورنر کو بتایا کہ وادی کمراٹ میں سڑکوں کی حالت انتہائی بدتر ہے جس کی وجہ سے سیاحوں کو اس وادی تک آمدورفت میں انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کی وجہ سے ملک بھر کے سیاح اس وادی کے حسن سے لطف اندوز نہیں ہو سکتے ہیں،

 

وفد نے گورنر سے مطالبہ کیا کہ متعلقہ محکمے جن میں باالخصوص این ایچ اے اور محکمہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس کو ہدایت کی جائے کہ وہ وادی کمراٹ کی تباہ حال سڑکوں کی تعمیر یقینی بنائیں تاکہ ملک بھر کے سیاحوں کی آمدورفت میں مشکلات ختم ہو سکیں۔ اس موقع پر گورنر نے علاقائی مسائل بالخصوص خوبصورت سیاحتی مقام وادی کمراٹ کے مسائل سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کیلئے اسلام آباد ملاقات کیلئے آنے پر وفد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ علاقائی مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کے حل کیلئے یہی جذبہ دیر بالا کے تمام عمائدین و نوجوانوں کا ہونا چاہئے جس سے نہ صرف علاقائی مسائل کا خاتمہ ہو گا بلکہ صوبہ کے قدرتی حسن سے مالا مال ان علاقوں میں سیاحت کو حقیقی معنوں میں فروغ بھی حاصل ہو گا, انہوں نے کہا کہ وادی کمراٹ، کالام، ناران، کاغان، چترال، بلاشبہ ملک بھر کے سیاحوں کیلئے ایک پرکسش مقام کا درجہ رکھتے ہیں، وادی کمراٹ سمیت ان تمام سیاحتی مقامات تک سیاحوں کو تمام سہولیات کی فراہمی میں حکومت کے ساتھ ساتھ مقامی افراد بھی اپنا کردار ادا کریں، سڑکوں کی کشادگی، توسیع کیلئے ضروری ہے کہ مقامی آبادی اپنی تعمیرات کو اس طرح بنائیں کہ مستقبل میں سیاحوں کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے، انہوں نے کہا کہ بلاشبہ خیبر پختونخوا بالخصوص شمالی علاقہ جات کے عوام کا مہمان نوازی میں کوئی ثانی نہیں ہے، دیر بالا کے عوام اپنے اعلی اقدار، روایات اور مہمان نوازی کے جذبہ کےتحت سیاحوں کی خدمت یقینی بنائیں تاکہ ایک اس علاقے کے قدرتی حسن کے ساتھ ساتھ سیاحوں کو یہاں کے عوام کی مہمان نوازی، اخلاق سے متعلق بھی مثبت پیغام ملے اس سے نہ صرف یہاں سیاحت کو فروغ حاصل ہو گا بلکہ اس علاقہ کی پسماندگی کا خاتمہ بھی یقینی ہو گا۔

 

گورنر نے وفد کو وادی کمراٹ میں سڑکوں کی تعمیر اور سیاحوں کو تمام سہولیات کی فراہمی کیلئے وفاق اور صوبائی حکومتوں کی سطح پر بھی اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ علاوہ ازیں گورنر سے مالاکنڈ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندہ وفد نے بھی ملاقات کی اور بزنس کمیونٹی کے مسائل و مشکلات سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔ وفد نے گورنر کو مالاکنڈ ڈویژن میں قدرتی وسائل سے استفادہ کر کے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے سے متعلق مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔#


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged ,
74617