
خودکشی کی کوشش کرنے والی لڑکی کو دریاسے زندہ بچانے والے نوجوان کو نقد انعام اورتعریفی اسناد سے نوازا گیا
خودکشی کی کوشش کرنے والی لڑکی کو دریاسے زندہ بچانے والے نوجوان کو نقد انعام اورتعریفی اسناد سے نوازا گیا
چترال ( نمایندہ چترال ٹایمز ) گزشتہ دنوں چترال شہر کے نواحی گاوں ژوغور کے مقام پر چھاونی پل سے دریا چترال میں چھلانگ لگاکر مبینہ طور پرخود کشی کی کوشش کرنے والی ایک نو عمر لڑکی کو بچانے کی دلیرانہ کوشش کرنے پرتنزیل الرحمان ولد میر حکیم خان ساکنہ ژوغور کوالخدمت فاؤنڈیشن چترال کے ضلعی صدر عبد الحق اور ویلج کونسل ژوغور کے چیرمین سجاد احمد خان نے نقد انعام اور تعریفی سند سے نوازاجس کے لئے دو الگ الگ تقریبات جمعرات کے روز الخدمت فاونڈیشن آفس چترال اور ویلج کونسل آفس جغور میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پرصدر الخدمت فاونڈیشن لویر چترال عبد الحق اورچیرمین ویلج کونسل سجاد احمد خان نے کہاکہ نوجوان تنزیل الرحمن نے اپنی جان پر کھیل کرایک انسان کی جان بچائی جوکہ جذبات سے مغلوب ہوکر اپنی زندگی کا خاتمہ کرنا چاہتی تھی۔ انھوں نے کہاکہ مقامی کالج میں زیر تعلیم اس نوجوان نے ایک انسان کی نہیں بلکہ اسلامی تعلیمات کے مطابق پوری انسانیت کی جان بچائی ہے جس کے لئے وہ حوصلہ افزائی اور داد کے مستحق ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو 1122پرزور دیا کہ وہ اس نوجوان کی صلاحیتوں سے بھر پور فائدہ اٹھانے کے لئے اسے اپنے فورس میں شامل کرے۔اس موقع پر قیم جماعت اسلامی چترال وجہیہ الدین ودیگر بھی موجود تھے۔