Chitral Times

Apr 26, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پشاور میں 400 کنال پر محیط تفریحی پارک بنائینگے، گورنر حاجی غلام علی

Posted on
شیئر کریں:

پشاور میں 400 کنال پر محیط تفریحی پارک بنائینگے، گورنر حاجی غلام علی

میرے شہر کے بچوں کو اب تفریحی مقام کے لیے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑیگا، عید کے تینوں دن پورے صوبے کی عوام گورنر ہاؤس آئی، گھومے پھرے، بچوں کے لیے میلہ لگایا، اپنے رشتے داروں کے ہاں نہیں گیا لیکن اپنی عوام کے ساتھ ساتھ موجود رہا،

ملک میں بھی اسی طرح کا امن و استحکام چاہتے ہیں تاکہ آئین کا بول بالا ہو، ترقی و خوشحالی ہو اور نفرتوں کا خاتمہ ہو تاکہ مستقبل کو روشن اور پاکستان کو کامیاب دیکھ سکیں، گورنر ہاؤس میں میڈیا سے بات چیت

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے عید کے تین دن صوبے کی عوام کی گورنر ہاؤس میں بھرپور مہمان نوازی کرنے کے ساتھ ساتھ بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ فیملیز کے لیے تفریحی مقامات کی عدم دستیابی کا مسئلہ اب ہر حال میں حل کیا جائیگا، پشاور میں سینکڑوں کنال اراضی پر جدید طرز کے جھولوں کا حامل فیملی پارک بنایا جائیگا، وہ قوتیں جو ملک میں عدم استحکام کی درپے ہیں ان کے مذموم عزائم کسی طور پورے نہیں ہونے دینگے، ہم امن و ترقی کے خواہاں ہیں اور اس مشن کو پایا تکمیل تک پہنچانے کے لیے عوام و اداروں کے ساتھ مل کر اجتماعی جدوجہد کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے عید کے تیسرے روز گورنر ہاؤس میں فیملی ڈے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ گورنر ہاؤس میں عید کے تینوں دن صوبے اور ملک کے ہر کونے سے آنے والے عوام کے لیے صبح سے شام تک دروازے کھلے رکھے گئے اور گورنر نے بذاتِ خود سب سے نہ صرف ملاقات کی بلکہ ان کے ساتھ وقت گزارا اور ان کی مہمان نوازی کی، تاہم عید کا تیسرا دن صوبے اور ملک کی تاریخ کا اہم ترین دن اس لحاذ سے رہا کیونکہ اس دن گورنر ہاؤس میں فیملی ڈے قرار دیتے ہوئے صوبہ بھر سے خواتین و بالخصوص بچوں کو دعوت عام دی گئی جس کا سنتے ہی نہ صرف پشاور بلکہ نو ضم شدہ قبائلی اضلاع، چترال، دیر، مہمند چارسدہ، مردان بلکہ ہر ایک علاقے سے لوگوں نے اپنے بیوی بچوں سمیت بھرپور شرکت کی اور پورا دن گورنر ہاؤس میں مکمل تفریح کے ساتھ گزارا۔

 

گورنر ہاؤس میں گورنر کی ہدایت پر بچوں کے لیے مختلف طرز کے جھولے بھی لگائے گئے اور کھابوں کے سٹالز بھی موجود تھے۔ خواتین و بچے پورا دن گورنر ہاؤس میں مکمل آزادی کے ساتھ گھومے پھرے اور بچے جھولوں اور مزے مزے کے کھانوں سے خوب لطف اندوز ہوئے۔ اس موقع پر گورنر حاجی غلام علی نے دوپہر کا کھانا خود بچوں کو پیش کیا اور عوام کے ساتھ موجود رہے۔ خواتین، بچے، نوجوان، بزرگ سب نے گورنر کے ساتھ خوب سیلفیاں بنائیں اور گورنر ہاؤس کو تفریحی پارک کے طور پر دل کھول کے استعمال کیا۔ اس موقع پر گورنر کے ہمراہ میئر پشاور حاجی زبیر علی بھی موجود رہے اور عوام کے ساتھ گھل مل گئے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر نے اعلان کیا کہ انہیں احساس ہے کہ صوبائی دارلحکومت پشاور میں فیملیز کے لیے تفریحی مقامات نہ ہونے کے برابر ہیں تاہم اب مزید ایسا نہیں چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ عید کے فوراً بعد نگران وزیر اعلیٰ اور صوبائی کابینہ سے بات کرکے پشاور میں خواتین و بچوں کے لیے 400 کنال زمین پر جدید طرز کا تفریحی پارک بنایا جائیگا جس میں بچوں کے لیے ہر قسم کے جھولے بین الاقوامی معیار کے مطابق لگائے جائینگے جو انہیں ہر وقت میسر ہونگے۔

 

انہوں نے کہا کہ پشاور اور اس صوبے بالخصوص قبائلی اضلاع کا اس گورنر ہاؤس پر حق سمجھتا ہوں اسی لیے عید پر کہیں کسی رشتہ دار کی طرف نہیں گیا بلکہ گورنر ہاؤس کے دروازوں کو سب کے لیے کھلا رکھا اور خود بھی عوام ہی کے ساتھ یہاں موجود رہا۔ گورنر کا کہنا تھا کہ طاقت کا حقیقی سرچشمہ عوام ہی ہے اور خدا کی مخلوق سے محبت اور ان کا احترام میرے ایمان کا حصہ ہے اسی لیے گورنر ہاؤس میں ہر رنگ و نسل، ہر مذہب سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہا۔ انکا کہنا تھا کہ میں آغاز سے ہی عوامی نمائندہ ہوں اور اختتام تک عوام ہی کا رہونگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی، معاشی، معاشرتی استحکام کے لیے جو کچھ ہو سکا وہ کرینگے کیونکہ ہمارہ مشن قوم کو نفرتوں کی دلدل سے نکالنا اور محبتوں کی کامیابی کی جانب لے جانا ہے۔ کیونکہ قومیں وہی ترقی کرتی ہیں جو توں تڑاک سے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے عملی میدان میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام بالخصوص جوان ہمارہ ساتھ دیں ہم وعدہ کرتے ہیں کہ اس ملک خداداد کو ترقی کی راہوں پر گامزن کرکے دم لینگے۔بعد ازاں گورنر سے خواتین بلدیاتی نمائندوں کے وفد نے مسز وحیدہ قاضی، رخسانہ اعجاز اور مسز صلاحدین کی قیادت میں اپنی پوری فیملیز سمیت ملاقات کی جبکہ نگران وزیراعلی کے مشیر ملک مہر الٰہی، مہمند چیمبر کے سابق صدر سجاد علی اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی ملاقاتیں کیں اور گورنر ہاؤس میں تاریخ رقم کرنے پر گورنر کو خراج تحسین پیش کیا۔

chitraltimes kp governor house opened for public on eid days 2

گورنر نے صوبے اور پشاور کا شہری ہونے کا حق ادا کردیا، ملک مہر الٰہی

تاریخ میں پہلی مرتبہ گورنر ہاوس کو صوبے کی ہی نہیں بلکہ ملک کی عوام نے بھرپور انداز میں دیکھا، بچوں نے خوب تفریح حاصل کی، خاتون کونسلر مسز وحیدہ قاضی
حاجی غلام علی نے ثابت کیا کہ گورنر ہاوس کسی فرد واحد کا نہیں بلکہ عوام کا ہے، سابق صدر مہمند چیمبر سجاد علی

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) گورنر ہاوس میں عید کے تین دن عوام کے ہجوم اور تیسرے دن خواتین و بچوں کے لیے فیملی ڈے نے ثابت کردیا ہے کہ گورنر حاجی غلام علی حقیقی معنوں میں گورنر بننے کے اہل تھے اور ہیں، تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا ہوا کہ گورنر ہاوس کو عوام نے دل کھول کے دیکھا، تفریح حاصل کی اور پورا پورا دن یہاں انجوائے کرتے ہوئے گزارا، یہ گورنر ہاوس کسی فرد واحد کا نہیں بلکہ اس صوبے کی عوام کا ہاوس ہے۔ ان خیالات کا اظہار گورنر ہاوس میں تینوں دن بالخصوص تیسرے یعنی فیملی ڈے پر آنے والے سیاسی و سماجی شخصیات نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ کے مشیر ملک مہر الٰہی نے کہا کہ گورنر حاجی غلام علی نے اپنے عمل سے ثابت کردیا کہ وہ واقعی پشاور کے بیٹے اور خیر خواہ ہیں،انہوں نے جس انداز میں عید کے تینوں دن گورنر ہاوس کے دروازے کھلے رکھے اس نے ثابت کیا کہ یہ عوامی گورنر ہیں اور عوام نے مان لیا کہ واقعی وہ گورنر بننے کے حقیقی معنوں میں اہل تھے اور ہیں۔ خاتون کونسلر مسز وحیدہ قاضی نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ خواتین و بچوں کو کھلے دل سے گورنر ہاوس میں خوش آمدید کہا گیا اور بچوں نے پورا دن جس طرح سے یہاں جھولے اور میلے سے خوشیاں حاصل کیں وہ پہلے کبھی نہیں ہو سکا۔ مہمند چیمبر کے سابق صدر سجاد علی نے کہا کہ حاجی غلام علی نے ثابت کردیا کہ یہ گورنر ہاوس کسی فرد واحد کا نہیں ہے بلکہ اس صوبے، قبائلی اضلاع اور پورے پاکستان کے شہریوں کے لیے ہے۔ انہوں نے کہاکہ عید کے تینوں دن عوام، نوجوان، بچوں، بزرگوں اور خواتین نے گورنر ہاوس میں اپنی خوشیوں کے لمحات گزارنے کے بعد جب گورنر کو خواج تحسین پیش کیا تو یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ گورنر واقعی عوامی ہیں اور عوام ان سے محبت کرتی ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
73771