Chitral Times

May 13, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبہ کے ہسپتالوں میں عوام کو جدید اور سستا علاج معالجہ میسر آنا چاہئے،حاجی غلام علی

شیئر کریں:

صوبہ کے ہسپتالوں میں عوام کو جدید اور سستا علاج معالجہ میسر آنا چاہئے،حاجی غلام علی

گورنرسے ینگ ڈاکٹرزایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد کی گورنر ہاؤس میں ملاقات، ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی سہولیات، ڈاکٹرز اور مریضوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ بہترین طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین زمہداریوں میں شامل ہے، عوام کو صوبہ کے بڑے ہسپتالوں میں جدید سہولیات پر مبنی سستا علاج معالجہ میسر آنا چاہئے،۔یہ بات انہوں نے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے 26 رکنی وفد سے گورنرہاؤس میں ملاقات کے دوران کی۔نگران صوبائی وزیر شاہد خٹک بھی اس موقع پر موجود تھے، گورنر سے ملاقات کیلئے آنیوالے ینگ ڈاکٹرزایسوسی ایشن کے وفد میں ڈاکٹراسفندیار، ڈاکٹر محمد صدیق، ڈاکٹرفیصل اور ڈاکٹر محمدایاز کررہے تھے۔ وفد نے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات، ایم ٹی آئی نظام کے باعث طبی مسائل اوربالخصوص ینگ ڈاکٹر ز اور میڈیکل کالجز میں زیر تعلیم طلباء و طالبات کو فیسوں میں دوسرے صوبوں کے مقابلہ میں 300 گنا اصافہ سے متعلق بھی آگاہ کیا۔ گورنرحاجی غلام علی کا کہناتھاکہ نگران صوبائی حکومت کیساتھ مل کر ایل آر ایچ سمیت صوبے کے بڑے ہسپتالوں کو سہولیات کی فراہمی سمیت ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ کے مسائل و مشکلات کوترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

 

انہوں نے کہاکہ صوبے کے تمام بڑے ہسپتالوں پر بوجھ کم کرنے کیلئے اُن کی ضروریات کوپوراکرنا وقت کی ضرورت ہے اور اس کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ معاشرے میں شعبہ طب سے وابستہ افراد بالخصوص ڈاکٹرز کا کردار انتہائی اہم ہے،ڈاکٹروں کا پیشہ دکھی انسانیت کی خدمت ہے جو بہت بڑی عبادت ہے۔ صوبے کے ہسپتالوں کی بہتری اور مریضوں کو تمام تر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جانے چاہئیں۔ گورنر کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اور متعلقہ حکام سے مشاورت کے ذریعے ایک بارپھر صوبے کے عوام کیلئے اسی جذبے سے نہ صرف ایل آر ایچ بلکہ صوبے کے تمام بڑے ہسپتالوں کو طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے اور سرکاری ہسپتالوں پر عوام کا اعتماد بحال کریں گے۔ گورنرنے اس موقع پر وفد کو درپیش بعض مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے جبکہ دیگرمسائل و مشکلات کے حل کیلئے اپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہاکہ ینگ ڈاکٹرز کودرپیش تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ وفد نے مسائل کے حل کی یقین دہانی پرگورنر کاشکریہ ادا کیا۔

علاوہ ازیں گورنرحاجی غلام علی سے نگران وزیراعلی کے معاونین خصوصی ہدایت اللہ طوری اور ملک مہر الہی کی سربراہی میں 5 رکنی وفد نے بھی گورنرہاؤس میں الگ الگ ملاقات کی اور مختلف امور پرتبادلہ خیالہ کیا۔

بعدازاں تحصیل چیئرمین شاہ عالم کلیم اللہ خان اور تحصیل چیئرمین پشتخرہ ہارون صفت، ضم اضلاع کرم اور جنوبی وزیرستان سے مولانا عین الدین شاکر، مولانا محمودعالم، پلوسین وزیر اور ملک عنایت اللہ کی سربراہی میں نمائندہ وفود نے بھی گورنر حاجی غلام علی سے گورنرہاؤس میں الگ الگ ملاقات کی اور اپنے اپنے متعلقہ علاقوں کے عوام کو درپیش مسائل سے گورنرکو آگاہ کیا۔ گورنرنے وفود کو مسائل کے حل کیلئے اپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

 

صوبہ میں عام انتخابات کے حوالے مشاورت کیلئے بھجوائے جانیوالے خط کے جواب میں الیکشن کمیشن نے بذریعہ مراسلہ گورنر کو اپنی رضامندی ظاہر کردہ

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی کی جانب سے صوبہ میں عام انتخابات کے حوالے مشاورت کیلئے بھجوائے جانیوالے خط کے جواب میں الیکشن کمیشن نے بذریعہ مراسلہ گورنر کو اپنی رضامندی ظاہر کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کی مشاورتی ٹیم تشکیل دے دی، منگل کے روز گورنر ہاؤس موصول ہونیوالے الیکشن کمیشن کے خط کا گورنر نے جوابی مراسلہ بھی بھیج دیا جس میں انہوں نے الیکشن کمیشن کی تشکیل کردہ ٹیم کو گورنر ہاؤس آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے لکھا ہے کہ الیکشن کمیشن کی ٹیم صوبہ میں عام انتخابات کے حوالے سے مشاورت کیلئے مکمل تیاری کر کے آئے۔ واضح رہے کہ گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے صوبہ میں عام انتخابات سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو بذریعہ مراسلہ گورنر ہاؤس پشاور میں مشاورت کیلئے 7 اور 8 مارچ کی تاریخ تجویز کی تھی-

شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
72263