Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی زیر صدارت صوبے کے معاشی مسائل سے متعلق ایک اہم اجلاس

Posted on
شیئر کریں:

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی زیر صدارت صوبے کے معاشی مسائل سے متعلق ایک اہم اجلاس

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان کی زیر صدارت منگل کے روز صوبے کے معاشی مسائل سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں شرکاءکو وفاق سے جڑے صوبے کے معاشی مسائل بشمول نیشنل فنانس کمیشن ایوارڈ کے تحت صوبے کے شیئرز،پن بجلی کے خالص منافع کے بقایا جات، فوڈ سیکیورٹی کے منصوبے ، آئل اینڈ گیس کی رائلٹی ، آبی وسائل اور دیگر معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ کے مشیربرائے خزانہ حمایت اللہ خان ، چیف سیکرٹری امداد اللہ بوسال ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اکرام اللہ خان، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان ، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میںان مسائل کو حل کرنے کے لئے معاملہ وفاق کے ساتھ اٹھانے کے حوالے سے لائحہ عمل پر تفصیلی غور و حوض کیا گیا اور محکمہ خزانہ کی جانب سے اس سلسلے میں مختلف سفارشات پیش کی گئیں۔

 

اجلاس میں سابق فاٹا کے تناظر میں ساتویں نیشنل فنانس کمیشن ایوارڈ کے تحت صوبے کے شیئر ز پر فوری نظر ثانی اور این ایف سی فارمولے میں 2017 کی مردم شماری کی آبادی کو شامل کروانے کی سفارش پیش کی گئی۔ اس کے علاوہ صوبوں کے درمیان گندم اور دیگر تجارتی اشیاءکی نقل و حرکت کے سلسلے میں آئین کی شق 151 پر عملدرآمد کروانے اور صوبے کو زرعی پیداوار میں خود کفیل بنانے کیلئے سی آر بی سی اور گومل زام ڈیم کے کمانڈ ایریا کی بحالی پر کام تیز کروانے کی سفارشات بھی پیش کی گئیں۔ اجلاس میں وفاق سے جڑے صوبے کے تمام مسائل تحریر ی طور پر وفاقی حکومت کےساتھ اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا اوروزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں مشترکہ مفادات کونسل اور دیگر متعلقہ فورمز کیلئے کیسز تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

 

وزیراعلیٰ نے اپنی گفتگو میں کہا کہ وفاق سے جڑے صوبے کے مالی مسائل پہلے ہی وزیراعظم پاکستان کیساتھ اٹھا چکا ہوں اور دوبارہ بھی اٹھاوں گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کو موجودہ مشکل صورتحال سے نکالنے کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبے کے آئینی اور قانونی حقوق پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگااور نگران حکومت صوبے کو مسائل سے نکالنے کیلئے ہر ممکن کوشش کرے گی۔

 

دریں اثنا نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے ضلع خیبر کے علاقہ لنڈی کوتل لشمینیا کے پھیلاو کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت کو فوری طور علاقے میں خصوصی میڈیکل ٹیمیں بھیجنے اور متاثرہ علاقوں میں بیماری کے مزید پھیلاوکو روکنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے مزید ہدایت کی ہے کہ بیماری سے متاثر ہونے والے لوگوں کو مقامی سطح پر علاج معالجے کی فراہمی کے لئے فری میڈیکل کیمپس قائم کئے جبکہ مقامی آبادی کو لشمینیا سے بچانے کے لیے آگاہی مہم شروع کی جائے اور اس مقصد کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ وزیر اعلیٰ نے متاثرہ علاقوں میں اس بیماری کی روک تھام کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔


شیئر کریں: