Chitral Times

May 4, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

سیلاب زدہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشنز ایک ساتھ جاری ہیں۔ بیرسٹر محمد علی سیف

Posted on
شیئر کریں:

سیلاب زدہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشنز ایک ساتھ جاری ہیں۔ بیرسٹر محمد علی سیف

صوبائی حکومت کے سیلاب زدگان کے لیے منظم اور مربوط ریلیف اینڈ ریسکیو آپریشن کو ہر فورم پر سراہا جا رہا ہے۔ معاون خصوصی اطلاعات

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) زیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی نے کہا ہے کہ صوبے کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور ریسکیو آپریشن ایک ساتھ جاری ہے۔ وزیراعلیٰ محمود خان کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کی بحالی اور امداد فراہمی کے لیے ڈھائی ارب روپے کے اضافی فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔ خیبرپختونخوا حکومت کے سیلاب زدگان کے لئے منظم اور مربوط امدادی اور ریسکیو آپریشن کو سراہا گیا ہے۔ اپنے دفتر سے جاری ایک بیان میں بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی تمام مشینری سیلاب زدہ علاقوں میں ریسکیو و امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہے جبکہ سیلابی صورتحال اور دریاؤں میں پانی کی سطح پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمود خان خود سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ اور ریلیف سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں جبکہ سیلاب زدگان کے لیے بڑے پیمانے پر جاری ریلیف آپریشن میں وزیراعلیٰ محمود خان کا ہیلی کاپٹر بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔ یہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ کسی وزیراعلیٰ نے اپنا ہیلی کاپٹر ریلیف آپریشن کے لیے وقف کیا ہو۔

 

بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت نے اپنے وسائل سے سیلاب زدگان کی بحالی کے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ تاحال نہ وفاق اور نہ ہی بیرون ملک سے کوئی امداد ملی ہے۔ وزیراعلیٰ محمود خان کی ہدایت پر ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشنز کے لیے آج اضافی ڈھائی ارب کے فنڈز جاری ہو چکے ہیں۔ اس سے قبل بھی سیلاب کے حوالے سے حساس اضلاع کو پیشگی اقدامات اٹھانے کے لیے فنڈز جاری کیے گئے تھے۔ بیرسٹر سیف نے بتایا کہ صوبے میں دریاؤں میں طغیانی سے نقل مکانی کرنے والوں کے لیے محفوظ مقامات پر عارضی کیمپس قائم کیے ہیں جہاں کھانے پینے سمیت تمام سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ اسی طرح سیلاب متاثرہ علاقوں میں اشیائے خورد و نوش، ادویات، ٹینٹ، کمبل اور دیگر ضروری سامان پہنچایا جا رہا ہے۔ معاون خصوصی اطلاعات نے کہا کہ ممبران اسمبلی کو متعلقہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف اقدامات کی نگرانی اور متعلقہ ضلع کی انتظامیہ اور ریسکیو و ریلیف اداروں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے صوبے کے تمام ہسپتالوں میں زندگی بچانے والی ضروری ادویات اور زہر کش ویکسین کی وافر مقدار یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔ بیرسٹر سیف نے کہا صوبائی حکومت سیلاب متاثرین کو اکیلا نہیں چھوڑے گی۔خیبرپختونخوا میں اپنی نوعیت کا بڑا ریسکیو اور بحالی آپریشن ایک ساتھ جاری ہے۔ اس منظم اور مربوط ریلیف اینڈ ریسکیو آپریشن کو ہر فورم پر سراہا جا رہا ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
65166