Chitral Times

May 8, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

محکمہ سماجی بہبود نے اب تک مجموعی طور پر 28 ہزار لوگوں کو مصنوعی اعضاء فراہم کیے

شیئر کریں:

خیبرپختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ زکوٰۃ، عشر، سماجی بہبود، خصوصی تعلیم و ترقی خواتین کے اجلاس کا انعقاد


پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) محکمہ سماجی بہبود خیبر پختونخوا نے اب تک مجموعی طور پر 28 ہزار لوگوں کو مصنوعی اعضاء فراہم کیے ہیں۔ خطرے سے دو چار بچوں کی دیکھ بال، تحفظ، بہبود، تعلیم، تربیت اور بحالی کیلئے ذمہ دار چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر کمیشن نے اب تک چائلڈ پروٹیکشن کے تقریباً 30ہزار کیسز درج کیے ہیں، تقریباً 5 ہزار بچوں کو نفسیاتی مدد جبکہ10 ہزار بچوں کو سماجی مدد فراہم کی ہے۔ خیبرپختونخوا پولیس میں 36 سال کی عمر تک ضم اضلاع کی خواتین بھرتی ہوسکتی ہیں۔ محکمہ سماجی بہبود کے زیر انتظام کل 8 سو 88 ملین روپے کی لاگت سے خصوصی افراد، خواتین کی ترقی اور با اختیار بنانے جبکہ بیواؤں، یتیم و بے گھر بچوں کی فلاح و بہبود کیلئے شروع کردہ کل 37 منصوبے رواں سال مکمل ہو جائیں گے۔

یہ انکشاف خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ زکوٰۃ، عشر، سماجی بہبود، خصوصی تعلیم و ترقی خواتین کی بروز جمعہ کو اسمبلی کانفرنس ہال پشاور میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔ کمیٹی کی چئیر پرسن و ایم پی اے ستارہ آفرین نے اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر محکمہ سماجی بہبود خیبرپختونخوا کے حکام نے صوبہ بھر میں قائم کل 10 دارالامانوں، 12 ویلفیئر ہوم، کام کرنے والی خواتین کیلئے قائم کردہ 4 ہاسٹلز، 2 کمیونٹی سنٹرز، 11 ڈرگ رہیب مراکز، 3 دارالکفالہ، 11 پناہ گاہیں، 123 انڈسٹریل ٹریننگ سنٹرز اور بولو ہیلپ لائن سے متعلق شرکاء اجلاس کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔اجلاس کے موقع پر ایم پی اے شگفتہ ملک نے پشاور میں منشیات کے عادی لوگوں کے اعداد وشمار میں دن بدن اضافہ ہونے پر سخت تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے ڈرگ رہیب مراکز اور با لخصوص محکمہ سماجی بہبود انتظامیہ کو اس بارے بروقت و موثر اقدامات اٹھانے پر زور دیا۔ انہوں نے بھرتیوں سے متعلق تمام محکموں میں معذور افراد کے لئے مخصوص کوٹہ یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔

سینئر سٹیزن اور میرج ایکٹ پر اب تک عمل درآمد، اور اس سلسلے میں کیے جانے والے اقدامات سے متعلق ایم پی اے ریحانہ اسمعیل کی درخواست پر چیئرپرسن ستارہ آفرین نے انتظامیہ کو اگلے کمیٹی اجلاس میں ممبران کو درکار معلومات پر بریف کرنے کے احکامات بھی جاری کئے۔ ایم پی اے ریحانہ اسمعیل نے محکمہ سماجی بہبود کی ذمہ داریوں و سرگرمیوں سے متعلق زیادہ سے زیادہ عوامی آگاہی مہم چلانے پر بھی زور دیا۔ اجلاس میں ممبران کمیٹی و اراکین صوبائی اسمبلی حافظ عصام الدین، ساجدہ حنیف، رابعہ بصری، نگہت یاسمین اورکزئی، زینت بی بی، ملیحہ علی اصغر خا ن، شاہدہ بی بی، ریحانہ اسمعیل اور ایم پی اے شگفتہ ملک کے بشمول سیکرٹری و ایڈیشنل محکمہ زکوٰۃ و سماجی بہبود، ڈپٹی و اسسٹنٹ سیکرٹریز صوبائی اسمبلی، چئیر پرسن کیپی سی ایس ڈبلیو، جنڈر سپیشلسٹ سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ، منیجر دارالامان بنوں، اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل، سیکشن آفیسر محکمہ قانون اور دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
58297