Chitral Times

Apr 27, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

خیبر پختونخوا کے 34 ہزارسکولوں میں کل 48 لاکھ طلباء زیر تعلیم ہیں،حکومت فی طالبعلم پر سالانہ 23 ہزار روپے خرچ کررہی ہے۔۔قائمہ کمیٹی

شیئر کریں:


پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبر پختونخوا کے پرائمری تا ہائیر سیکنڈری تمام 34 ہزارسکولوں میں کل 48 لاکھ طلباء زیر تعلیم ہیں۔ حکومت فی طالب العلم پر سالانہ اوسطً تقریباً 23 ہزار روپے خرچ کررہی ہے۔ ہائیر سیکنڈری سکولوں کیلئے 902 زنانہ اور 580 مرد سبجکٹ سپیشلسٹ کی بھرتیوں کا عمل جلد مکمل کروالیا جائے گا۔یہ انکشاف خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم کے بروز بدھ کو اسمبلی کانفرنس ہال پشاور میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔ کمیٹی کے چیئرمین و ممبر صوبائی اسمبلی پختون یار خان نے اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں ممبران قائمہ کمیٹی و اراکین صوبائی اسمبلی نصیر اللہ خان، فہیم احمد خان، میرکلام خان، میاں نثارگل اور زینت بی بی جبکہ صلاح الدین، وقار احمد، بہادر خان، عنایت اللہ اور سردار خان نے بطور محرک شرک کی۔ جبکہ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم عبدالاکرم، ایڈیشنل ڈائریکٹر اقبال خان، چیئرمین بنوں بورڈ شریف گل، پرنسپل شیرخان کیڈٹ کالج بریگیڈئیر واجد، پرنسپل سوات کیڈٹ کالج بریگیڈئیر خالد، کمانڈنٹ مہمند کیڈٹ کالج بریگیڈئیر ظفر اور ایس پی او امداداللہ کے علاوہ اسسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل نیاز محمد اور ڈپٹی ڈائریکٹر عبد الشکور بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں صوبہ خیبر پختونخوا کے تمام 34ہزار پرائمری، مڈل، ہائی اور ہائیر سیکنڈری سکولوں بمعہ پہاڑی و ہموار علاقوں میں سکولوں کی منظوری و تعمیر سے متعلق قوانین سمیت صوبہ بھر میں بشمولِ 9 کیڈٹ کالجز کے کل 29 کالجز کے حوالے سے اور بالخصوص حلقہ پی کے 16 میں زنانہ و مردانہ تعلیمی اداروں کی تفصیلات سمیت کیڈٹ کالج وانا، کیڈٹ کالج سپین کئی، کیڈٹ کالج سوات، کرنل شیرخان کیڈٹ کالج صوابی، کیڈٹ کالج بنوں اور کیڈٹ کالج کوہاٹ کے حوالے سے تفصیلی بحث ہوئی۔

اجلاس کے دوران ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ تعلیم نے کمیٹی کو بتایا کہ صوبہ بھر کے تمام پرائمری تا ہائیر سیکنڈری سکولوں میں کل 48 لاکھ طلباء زیر تعلیم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت مذکورہ سکولوں میں فی طالب العلم پر سالانہ اوسطً تقریباً 23 ہزار روپے خرچ کرتی ہے۔ چیئرمین کمیٹی پختون یار خان نے محکمہ تعلیم کی انتظامیہ کو اگلے اجلاس میں ہر ضلع میں مذکورہ تفصیل بمعہ فی سٹوڈنٹ خرچہ تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کئے۔ایڈیشنل سیکرٹری عبدالاکرم نے کمیٹی کو تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ ھائیر سیکنڈری سکولوں کیلئے 902 زنانہ جبکہ 580 مرد سبجکٹ سپیشلسٹ بھرتی سمیت 222 اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زنانہ، 81 ھیڈماسٹرز زنانہ جبکہ 51 مرد اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر اور 48 ھیڈماسٹر کی ز بھرتی کے لئے محکمہ تعلیم اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی محکمہ تعلیم اگلے تعلیمی سال سے 117 سکولوں میں سیکنڈ شفٹ بھی شروع کر رہی ہے، جبکہ وقت کیساتھ ساتھ یہ تعداد بڑھائی بھی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں 2013 تا جون 2018 تک 2805 سکول ضرورت کی بنیاد پر منظور کئے گئے جن میں اب تک 2234 سکول مکمل جبکہ 517 تکمیل کے مراحل میں ہیں۔ اس موقع پر کمیٹی ممبران کے مطالبے پر چئیر مین پختون یار خان نے محکمہ تعلیم کے انتظامیہ کو تمام اضلاع کے ایجوکیشن افسران کیساتھ ممبران کا مخصوص نشست کرنے سمیت میٹنگ ایجنڈہ کے مطابق متعلقہ ڈی ای او کا اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کے احکامات بھی جاری کئے۔ انہوں نے انتظامی افسران کو تمام تعلیمی اداروں میں غیر دستیاب سہولیات پورہ کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔ چئیر مین قائمہ کمیٹی نے تمام کیڈٹ کالجز میں عملہ کی بھرتی، سروس سٹرکچر، اخراجات اور دیگر تمام امور سے متعلق تفصیلی رپورٹ اگلے اجلاس میں کمیٹی کو پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے کمیٹی ممبران کی اس تجویز سے کہ کرنل شیرخان کیڈٹ کالج سے ہوتے ہوئے سوات کیڈٹ کالج کا ایک ہی دن پر دورہ کیا جائے، اتفاق کرتے ہوئے محکمہ تعلیم کو اس حوالے سے امور استوار کرنے کے بھی احکامات جاری کئے، انہوں نے کہا کہ کمیٹی ممبران باری باری تمام 9 کیڈٹ کالجز کا بھی دورہ کریں گے۔ اجلاس کے اختتام پر چئیر مین قائمہ کمیٹی پختون یار خان نے تمام ممبران اسمبلی اور محکمہ تعلیم کے افسران و معزز پرنسل صاحبان کا شکریہ بھی ادا کیا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
49293