Chitral Times

Apr 26, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

عید الفطر کے موقع پر وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کا پیغام

شیئر کریں:


پشاور ( چترال ٹائمز ) وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے عیدالفطر کے پر مسرت موقع پر پوری قوم بالخصوص خیبر پختونخوا کے عوام کو مبارک دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید الفطر اسلامی تہذیب و ثقافت اور دینی روایات کی اہم علامت ہے جو ہمیں ایثار ہمدردی، تقوی اور پرہیز گاری کا درس دیتا ہے اور یہ دن عطا کرنے پر ہمیں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے۔


عید الفطر کی مناسبت سے یہاں سے جاری اپنے ایک پیغام وزیر اعلی نے کہا کہ عید کی حقیقی خوشیاں ہم تبھی سمیٹ سکتے ہیں جب ہم اپنے اردگرد ضرورت مند اور مستحق لوگوں کو عید کی خوشیوں میں شریک کریں۔ انہوں نے تمام مخیر اور صاحب ثروت حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ اس عید کے موقع پر اپنے اردگرد نادار لوگوں اور کمزور طبقوں کا خاص خیال رکھیں کیونکہ کورونا کی موجودہ صورتحال میں اس چیز کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔


وزیر اعلی شہریوں سے پر زور اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وبا کی تشویشناک صورتحال کے پیش نظر عید الفطر انتہائی سادگی سے منائیں، ایک دوسرے سے عید ملنے گریز کریں، عید کی تعطیلات اپنے گھروں میں گزاریں، ماسک کا استعمال یقینی بنائیں، سماجی فاصلوں کے اصولوں پر عمل کریں اور دیگر آحتیاطی تدابیر پر سختی عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ اس مہلک وبا کے بڑے پیمانے پر پھیلاو کو روکا جاسکے۔


وزیر اعلی نے اس موقع پر اپنے اہل خانہ سے دور ملکی سرحدوں کی حفاظت پر مامور سکیورٹی فورسز کے جوانوں، ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کے علاج معالجے کے لئے فرنٹ لائن پر خدمات انجام دینے والے طبی عملے اور معمول کی ڈیوٹیاں سرانجام دینے والے پولیس اہلکاروں کو عید الفطر کی خصوصی مبارکباد دی ہے۔
َِِ<><><><><><>


دریں اثنا وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے ایک بار پھر عوام سے پر زور اپیل کی ہے کہ وہ عیدالفطر کے موقع کورونا وبا کے پھیلاو کے خدشے کے پیش نظر عید انتہائی سادگی سے منائیں، ایک دوسرے سے عید ملنے سے گریز کریں، سماجی فاصلوں کے اصولوں پر عمل کریں، ماسک کا استعمال یقینی بنائیں اور عید کی تعطیلات اپنے گھروں میں گزاریں۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی نے اس عید کے موقع پر ہم احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرکے اس وبا سے چھٹکارا حاصل کر سکتے ہیں جبکہ اس عید پر ہماری معمولی سی بے اختیاطی ہمیں بڑی مشکل سے دوچار کر سکتی ہے لہذا شہری کورونا ایس او پیز اور حکومتی احکامات پر عملدرآمد کرکے زمہ داری کا ثبوت دیں۔ وزیر اعلی نے سیاسی رہنماو ¿ں اور منتخب عوامی نمائندوں پر بھی زور دیا ہے کہ وہ اس عید کے موقع پر اپنے حلقوں اور حجروں میں عوام سے عید ملنے اور دیگر عوامی میل جول سے گریز کریں اور دوسروں کی بھی اس بات کی تلقین کریں۔ وزیر اعلی نے آئمہ مساجد اور علمائے کرام سے بھی خصوصی اپیل کی ہے کہ وہ اس سلسلے میں حکومت کا بھر پور ساتھ دیں اور خصوصا نماز عید کی اجتماعات کے لئے حکومت کی طرف جاری کردہ گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے سلسلے میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سیاسی و سماجی حلقے، منتخب عوامی نمائندے ، علمائے کرام اور عوام اس سلسلے میں حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون کا مظاہرہ کریں گے۔
َِِ<><><><><><>

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی بے گناہ فلسطینیوں پر اسرائیلی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت

پشاور ( چترال ٹائمز ) وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے بے گناہ فلسطینیوں پر اسرائیلی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے فلسطینیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی نے اسرائیلی فوج کی طرف سے معصوم فلسطینیوں پر حملوں کو کھلی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان معصوم اور بے گناہ فلسطینی عوام کی ہر ممکن سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے عالمی برادری اور بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا ہے کہ وہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی ریاستی دہشتگردی کا نوٹس لے اور اس نہتے شہریوں کے خلاف ظلم وستم کو روکنے کے لئے فوری کارروائی کریں اور فلسطینیوں اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لئے کردار ادا کریں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
48259