Chitral Times

Apr 26, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پی ایم ایس افسران اب پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروسز میں بھی خدمات سر انجام دے سکینگے۔۔چیف سیکریٹری

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبرپختونخوا کے چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہا ہے کہ افسران کے پیشِ نظر صوبے کی بہتری اور عوام کی خدمت ہونی چاہیے۔ پی ایم ایس افسران ان کی ٹیم کا حصہ ہیں اور اس صوبے کے لیے بہترین خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے ان خیالات کا اظہار افسران پر مشتمل پراونشل منیجمنٹ سروسز آفیسرز ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ مطہر زیب بھی موجود تھے۔مختلف صوبائی محکموں میں خدمات سر انجام دینے والے پی ایم ایس 2010 بیچ کے افسران کے وفد نے چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز سے ملاقات کی اور ان کی صوبے کے لیے گراں قدر خدمات کو سراہا۔

وفد نے چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز کا پی ایم ایس افسران کی پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروسز میں تعیناتی کی راہ ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر کاظم نیاز کا کہنا تھا کہ پراونشل منیجمنٹ سروسز کے افسران کے لیے حسبِ وعدہ وفاقی سطح پر بات کی اور اب پی ایم ایس افسران پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروسز میں بھی خدمات سر انجام دے سکیں گے اور ٹریننگ بھی حاصل کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام افسران کو اپنے کیریئر میں ترقی کے برابر مواقع ملنے چاہییں جس کے لیے انہوں نے ہر سطح پر کوششیں کی ہیں۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ افسران کا چاہے ان کا تعلق کسی بھی سروس سے ہو، مطمع نظر صوبے کی بہتری اور عوام کی خدمت ہونا چاہیے۔ پراونشل منیجمنٹ سروسز کے افسران بہترین خدمات سر انجام دے رہے ہیں اور ان کی ٹیم کا اہم حصہ ہیں۔ دریں اثناء پی ایم ایس آفیسرز ایسوسی ایشن وفد نے چیف سیکرٹری کو اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔

KP Chief Secretary Dr Kazim Niaz with pms officers delegation

شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
45885