Chitral Times

Apr 21, 2021

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پاکستان میں اپنی نوعیت کی پہلی مائن لیبر آن لائن رجسٹریشن کیلئے ویب سائٹ کا آغاز،عارف احمدزئی

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) مائنز کمشنریٹ خیبرپختونخوا نے کان کنوں کی رجسٹریشن اور دیگر متعلقہ امور کے حوالے سے آن لائن خدمات فراہم کرنے کے لیے ویب سائٹ کا آغاز کردیا۔ معاون خصوصی برائے معدنیات عارف احمدزئی کو چیف کمشنریٹ آف مائنز فضل رازق نے پیرکے روز بریفنگ دیتے ہوئے آگاہ کیا کہ محکمہ کی ویب سائٹ کان کن مزدوروں کے ساتھ ساتھ عام لوگوں کو بھی خاطر خواہ معلومات فراہم کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ویب سائٹ ڈیپارٹمنٹ کے کمپیوٹر آپریٹرز نے بغیر کسی خرچ کے تیار کی ہے۔ آن لائن مائنز لیبر رجسٹریشن عمل کی تعریف کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے معدنیات عارف احمدزئی نے کہا مائنز لیبر کان کنی کی صنعت کی ترقی اور محصولات کی پیداوار میں بنیادی کردار ادا کررہی ہیں کیونکہ اس سے قبل، ملک میں کہیں بھی ان کو اس طرح کی پہچان نہیں دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام کے ذریعے صوبے میں کان کنوں کی رجسٹریشن کے لئے سائٹ سہولت فراہم کی ہے۔ معاون خصوصی عارف احمدزئی نے کہا کہ ملک میں پہلی بار آئی ٹی اسٹاف کے ذریعے آن لائن لیبر رجسٹریشن عمل کے لیے ویب سائٹ بغیر کسی خرچ تیار کیا گیا ہے۔

چیف کمشنریٹ آف مائنز فضل رازق نے معاون وزیراعلی عارف احمدزئی کو بتایا کہ مائنز لیبر چار کیٹگریز میں اپنا اندراج کروا سکتے ہیں جس میں ایکٹو مائن لیبر یعنی مائن ایکسیڈنٹ کی وجہ سے مستقل معذور ہو، مائن لیبر جو پلمونری بیماریوں کے شکار ہو اور وہ مزدور جن کی موت کان حادثے کے نتیجے میں واقعہ ہوئی ہو۔ معاون خصوصی برائے معدنیات عارف احمدزئی کو کان کن مزدوروں کی آن لائن رجسٹریشن بارے آگاہی دینے کے حوالے سے چیف کمشنریٹ آف مائنز فضل رازق نے بتایا کہ اخبارات و سوشل میڈیا میں اشتہار کے ذریعے آگاہی مہم چلائی گئی ہے۔ جبکہ اب تک 1180 سے زیادہ مائن لیبرز نے آن لائن رجسٹریشن سسٹم کے ذریعے اپنا اندراج کرایا ہے۔ معاون خصوصی برائے معدنیات عارف احمدزئی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کی کوشش ہے مزدوروں کو تمام سہولیات آسانی کے ساتھ فراہم کی جائیں۔

رجسٹرڈ مزدور کمشنریٹ آف مائنز لیبر ویلفیئر کے ذریعہ شروع کی گئی اسکیموں کے فوائد حاصل کرسکیں گے۔ معاون خصوصی عارف احمدزئی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ چار زمروں میں وظائف اسکیموں کے لئے آن لائن میکانزم تیار کیا گیا ہے جو شروع کرنے کے لئے تیار ہے جس کے تحت پرائمری سے ماسٹر تک کان کنوں کی بچوں کے لئے اسکالرشپ، مزدوروں کے بچے جو بورڈ میں سرفہرست 50 پوزیشن ہولڈرز میں سے ہو کے لیے سکالرشپ، سرکاری اداروں میں انجینئرنگ اور میڈیکل کے طالب علم اور کان کن مزدوروں کے خصوصی بچے آن لائن رجسٹریشن کے ذریعے سکالرشپ کی سہولت تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔

آن لائن معاوضہ گرانٹ کے حوالے سے معاون معدنیات عارف احمدزئی کو مزید بریف کیا گیا کہ آن لائن رجسٹرڈ مائن لیبرز مستقل معذوری کی صورت میں گرانٹ سہولت لینے کیلئے بھی اپلائی کر سکیں گے جبکہ کام کے دوران پلمونری بیماریوں کا سامنا کرنے والے مزدور بھی گرانٹ کے لیے اپلائی کر سکیں گے۔ بریفنگ کے آخر میں معاون خصو صی برائے معدنیات عارف احمدزئی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا کی ہدایت کی روشنی میں صوبے میں ڈیجیٹل نظام متعارف کرا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مائنز کمشنریٹ میں ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی سے درخواستوں کو جمع کرنے کے لئے مکمل معلومات کے ساتھ آسانی سے قابل رسائی راستہ ہموار ہو سکے گا جبکہ رجسٹریشن عمل بھی ایک صفحے کی آن لائن اندراج سے ممکن ہو جائے گا۔ جبکہ ڈیٹا انٹری کا آسان طریقہ یعنی انگریزی / اردو دونوں میں دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ ویب سائٹ سے اب ڈوپلیکیشن کی روک تھام ممکن ہو سکے گا کیونکہ مذکورہ نظام اعلی درجے اور انتہائی محفوظ ہے۔ ڈیجیٹل نظام کی افادیت پر بات کرتے ہوئے معاون خصوصی عارف احمدزئی نے کہا کہ ڈیجیٹل نظام سے امور کو بروقت نمٹانا ممکن ہو سکے گا جبکہ کسی بھی کیس سے باخبر رہنے کا مسئلہ بھی تقریبا ًحل ہو جائے گا۔


شیئر کریں: