Chitral Times

Apr 26, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

سیلاب زدگان حکومتی امداد کے تاحال منتظر،دودن کے اندر اسٹیل پل تعمیرکیا جائیگا۔ڈی سی اپر

شیئر کریں:

چترال ( محکم الدین ) چترال کے مختلف مقامات میں سیلاب سے متاثرین انتہائی مشکلات کا شکار ہیں ۔ ریشن کے سیلاب متاثرین گذشتہ پانچ دنوں سے حکومتی امداد کا انتظار کر رہے ہیں ۔ تاہم ابھی تک سرکاری طور پر خوراک اور دیگر امداد فراہم نہیں کئے گئے ہیں ۔ البتہ الخدمت فاونڈیشن ، آغا خان ایجنسی فار ہیبٹاٹ ( آکاہ) کی طرف سے خیمے اور خوراک متاثرین میں تقسیم کئے گئے ہیں ۔ سیلاب کے بعد گذشتہ دو دن کے مسلسل بارش کے دوران متاثرین کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہوئے ۔ اور بڑی تعداد میں متاثرین مزید سیلاب کے خوف سے محفوظ مقامات میں پناہ لی ۔ سیلاب سے ریشن سمیت گیم لشٹ اور شوگرام کے پائپ لائن بھی متاثر ہوئے ہیں ۔ اور تقریبا چارسو گھرانوں پینے کے پانی کا مسلہ درپیش ہے ۔ سابق ناظم امیر اللہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ۔ کہ مختلف این جی اوز بوتلوں اور دیگر ذریعے سے پانی لوگوں کو مہیا کر رہے ہیں ۔ سیلاب سے ریشن میں پیڈو کا پن بجلی گھر کا چینل بھی بہہ گیا ہے ۔ جس کی وجہ سے دو سو گھرا نے بجلی سے محروم ہیں ۔اور اندھیروں میں زندگی گزار رہے ہیں ۔ جبکہ ریشن میں اپر چترال ملانے والا واحد پل بدستور منقطع ہے ۔ اور تقریبا دو لاکھ کی آبادی کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔

درین اثنا ڈپٹی کمشنر اپر چترال شاہ سعود نے میڈیا سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا ۔ کہ ریشن میں کچھ متاثرین کو امدادی ٹینٹ ۔ چٹائی فراہم کئے گئے ہیں ۔ جبکہ بعض متاثرین رشتے داروں کے گھروں میں رہنے کی وجہ سے خیموں کی ضرورت محسوس نہیں کرتے ۔ تاہم ہم پی ڈی ایم اے سے اپروول لے رہے ہیں ۔اور اسمنٹ مکمل ہونے کے بعد فوڈ آئٹم تمام متاثرین میں تقسیم کئے جائیں گے ۔ چاہے وہ رشتے داروں کے پاس بھی رہائش پذیر ہوں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ پانی کا انتظام کیا گیا ہے ۔ ٹی ایم اے اپر چترال کے ٹینکر پانی سپلائی کر رہے ہیں ۔ ہم نے لوئر چترال ٹی ایم اے ٹینکر بھی طلب کیا ہے ۔ لوگوں کو پانی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے ۔ تاہم سیلاب سے متاثرہ نہروں کی تعمیر فی الحال مسئلہ بنے ہوئے ہیں ۔ کیونکہ تمام تر چینلز متاثر ہیں ۔ جس کی وجہ سے سیلاب سے بچ جانے والی فصلوں کو پانی کی ضرورت ہے ۔ اس حوالے سے کمشنر ملاکنڈ نے ایک اجلاس میں تمام سیکرٹری ایریگیشن ، سیکرٹری پبلک ہیلتھ و دیگر اداروں سے فوری طور کام کرنے ہدایت کی ہے ۔ تاکہ لوگوں کو مشکلات سے نکالا جا سکے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا ۔ کہ ریشن میں دو دنوں کے اندر متاثرہ پل کی جگہ سٹیل پل تعمیر کیا جائے گا ۔ پل ٹرک میں لوڈ ہو چکا ہے ۔جمعرات کی شام تک ریشن پہنچ جائے گا ۔ اور پل بحال کیا جائے گا ۔ ڈپٹی کمشنر اپر چترال نے کہا ۔ کہ متاثرین کو کمپنسیشن دینے کیلئے ویریفیکیشن کا عمل جاری ہے ۔ جوں یہ مکمل ہو گا ۔ چیک دیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ انتظامیہ کی طرف ہر ممکن کوشش جاری ہے ۔ انشا اللہ بہت جلد لوگوں کو مشکلات سے نکالنے میں کامیاب ہوں گے ۔

دریں اثناوزیراعلیٰ کے معاون خصوصی وزیرزادہ نے کہا ہے کہ کل تک اسٹیل پل چترال پہنچ جائیگا مگران کی تنصیب میں کم ازکم ایک ہفتے لگے لگا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریں
39704