Chitral Times

Apr 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

خیبرپختونخوا اربن ایریاز ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (یوڈا)کا قیام عمل میں لایاگیا۔۔کامران بنگش

شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ محکمہ بلدیات خیبرپختونخوا نے وزیراعظم عمران خان کی اصلاحاتی ایجنڈے کو عملی جامہ پہنانے کی جانب پیش رفت کرتے ہوئے خیبرپختونخوا اربن ایریاز ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا ہے۔ اربن ایریاز ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (یوڈا) کی قیام کو سنگ میل قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے بلدیات،انتخابات و دیہی ترقی کامران بنگش نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے عوام سے تبدیلی کا ایک اور وعدہ نبھایا ہے۔ پچھلے اٹھارہ سال سے ڈیویلپمنٹ اتھارٹیز کے حوالے سے کام سست روی کا شکار تھا لیکن وزیراعلیٰ محمود خان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں یوڈا پر کام تیز کیا گیا جس کو آج عملی جامہ پہنایا گیا ہے۔ جب سے محکمہ بلدیات کا قلمدان سنبھالا ہے تو قانون سازی پر توجہ دئیے ہوئے ہیں۔ کیونکہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح عوام تک خدمات کی فراہمی کو بہترین انداز میں آگے لے کر جانا ہے۔ اربن ایریاز ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کی اہمیت و ضرورت پر بات کرتے ہوئے معاون بلدیات کامران بنگش نے کہا کہ محکمہ بلدیات کی کارکردگی بہتر بنانے کی غرض سے یوڈا کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جو وزیراعظم عمران خان کی اصلاحاتی ایجنڈے کا تسلسل ہے۔ عوامی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے آرڈیننس کے ذریعے اربن ایریاز ڈیولپمنٹ اتھارٹی قائم کی گئی جس سے خیبرپختونخوا میں موجود 9 ڈیویلپمنٹ اتھارٹیز مزید فنکشنل ہو جائیں گے۔ کیونکہ موجودہ اربن ڈیویلپمنٹ بورڈ کی وجہ سے مردان، صوابی، بنوں، کرک، کوہاٹ، گلیات،سوات اورپشاور اتھارٹیز کی کارکردگی مفلوج ہو کر رہ گئی تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صرف باتوں سے نہیں بلکہ قانون سازی سے ڈیولپمنٹ اتھارٹیز کو با اختیار بنا رہے ہیں۔ جس سے ڈیویلپمنٹ اتھارٹیز ریونیو جنریشن، فیصلہ سازی سمیت ملازمین کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات اٹھاسکیں گے۔وزیراعظم عمران خان کی پاکستان ہاوسنگ سوسائٹی منصوبے کے متعلق انہوں نے کہا کہ اب ڈیویلپمنٹ اتھارٹیز ہاوسنگ سوسائٹیز کے حوالے سے منصوبے بنا سکیں گے جس سے عوام کو وزیراعظم عمران خان کی وژن کے مطابق سستے گھر مہیا ہو سکیں گے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی جانب اشارہ کرتے ہوئے معاون بلدیات کامران بنگش نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمود خان کی خصوصی توجہ کی وجہ سے محکمہ بلدیات کی کارکردگی دن بدن سامنے آ رہی ہے۔ ان کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے محکمہ بلدیات کے آفیسرز نے دن رات محنت کرکے تمام قانونی سقم دور کرکے یوڈا کو قابل عمل بنایا۔لوئر دیر اور کالام کے عوام کو خوشخبری دیتے ہوئے معاون بلدیات کامران بنگش نے کہا کہ لوئر دیر اور کالام میں ڈیویلپمنٹ اتھارٹیز کا قیام عمل میں لا رہے ہیں جس سے وہاں پر صحت و صفائی، نکاسی آب اور صاف پانی کی فراہمی بارے بہترین خدمات کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔ جبکہ اس کے ساتھ ساتھ مذکورہ پرفضا مقامات پر سیاحت کو بھی فروغ ملے گا جس سے نہ صرف خیبرپختونخوا کی معیشت میں بہتری آئے گی بلکہ عوام کو روزگار کے مواقع بھی مل سکیں گی۔ خیبرپختونخوا کے مختلف ڈیولپمنٹ اتھارٹیز کے ملازمین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے معاون خصوصی بلدیات کامران بنگش نے کہا یوڈا کے قیام سے تقریبا 2000 ہزار ملازمین کو جاب سیکیورٹی فراہم ہو سکے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ90 دن کے لئے ورک پلان بھی تیار ہے تاکہ قانون سازی کے ثمرات عوام تک جلد از جلد پہنچایا جا سکے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
36612